سید صادق حسین نقوی سے آغا صادق تک کا سفر
*
کالمچہ
*
ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی*
آغا صادق کا اصل نام پروفیسر سید صادق حسین نقوی ہے، اردو اور فارسی زبان کے مایہ ناز شاعر اور ادیب ہیں، ماہر تعلیم، ماہر موسیقی اور ماہر اقبالیات ہیں۔ ان کی شخصیت و فن کی بات کی جائے تو وہ ان شخصیات میں سے تھے جن کے لہجے میں علم کی مہک بھی تھی اور دھنوں کی ہلکی سی جلترنگ بھی ہے۔ فارسی اور اردو ان کے ہاتھ میں دو سازوں کی طرح تھے۔ کہیں وہ شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبال کے فکری مصرعے کی گرفت مضبوط کرتے تھے اور کہیں استاد کی حیثیت سے طالب علم کے ذہن میں لفظوں کی گرہ کھولتے تھے۔ کوئٹہ میں ادبی نشستوں کی چائے اور راگ رنگ کی کتابی خوشبو میں ان کی گفتگو کا رنگ الگ پہچان رکھتا تھا۔
کوئٹہ لورالائی اور مظفر گڑھ کے گورنمنٹ کالجوں میں پرنسپل کے عہدے پر فائز رہے۔ کوئٹہ میں ادبی تنظیموں کے روح رواں ہیں۔ ان کی دو درجن سے زائد شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ یہ شعری مجموعے ان کے قلم کی مستقل ریاضت کا ثبوت ہیں۔ نعت ہو یا غزل، عروض ہو یا موسیقی کے رموز، وہ ہر کمال کو اپنی زبان میں ایسا سادہ اور پختہ بنا دیتے کہ پڑھنے والے کو محسوس ہوتا جیسے استاد اپنی میز سے اٹھ کر قاری کے سامنے کھڑے ہوئے ہوں۔ یہی خاموش وقار ان کی اصل پہچان تھا۔ ان کی کتابوں کی تفصیل یہ ہے:
شعری کتب میں نوا، بر دوش ہوا، صبح صادق ، نغمه و ساز ، رنگ و بو ، نکات حیات، حریم عصمت ، کیف و کرب ، آهنگ شیراز ، شهر نامه، طفلستان، جائزہ، خلوت و جلوت ، ید بیضا ، شاخ طوبیٰ ( فارسی نعت ۱۹۵۲ء)، متبسمات ، رگ سنگ ، مغز ومزه، چشمه کوثر ( نعت منقبت (۱۹۹۴ء)، دو بیتی ہائے بابا طاهر عریاں با ترجمه به شعر ، اردو و انگلیسی شامل ہیں اور نثری کتب میں راگ رنگ ( فن موسیقی پر ) ، جائزہ، فکروفن، جوہر عروض، اور امتحانی لطائف شامل ہیں۔
رحمت عزیز خان چترالی کا تعلق چترال خیبرپختونخوا سے ہے، اردو، کھوار اور انگریزی میں لکھتے ہیں۔ آپ کا اردو ناول ”کافرستان”، اردو سفرنامہ ”ہندوکش سے ہمالیہ تک”، افسانہ ”تلاش” خودنوشت سوانح عمری ”چترال کہانی”، پھوپھوکان اقبال (بچوں کا اقبال) اور فکر اقبال (کھوار) شمالی پاکستان کے اردو منظر نامے میں بڑی اہمیت رکھتے ہیں، کھوار ویکیپیڈیا کے بانی اور منتظم ہیں، آپ پاکستانی اخبارارت، رسائل و جرائد میں حالات حاضرہ، ادب، ثقافت، اقبالیات، قانون، جرائم، انسانی حقوق، نقد و تبصرہ اور بچوں کے ادب پر پر تواتر سے لکھ رہے ہیں، آپ کی شاندار خدمات کے اعتراف میں آپ کو بے شمار ملکی و بین الاقوامی اعزازات، طلائی تمغوں اور اسناد سے نوازا جا چکا ہے۔کھوار زبان سمیت پاکستان کی چالیس سے زائد زبانوں کے لیے ہفت پلیٹ فارمی کلیدی تختیوں کا کیبورڈ سافٹویئر بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کرکے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ آپ کی کھوار زبان میں شاعری کا اردو، انگریزی اور گوجری زبان میں تراجم کیے گئے ہیں ۔
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |