کشمیر کمیٹی وفد کا دورہ برطانیہ
تحریر: عبدالوحید خان، برمنگھم (یوکے)
قومی اسمبلی آف پاکستان کی کشمیر کمیٹی کے چئیرمین رانا محمد قاسم نون (ایم این اے، پی ایم ایل ن) اور کشمیر کمیٹی کے ممبران سینئر پارلیمنٹیرین ریاض فتیانہ (ایم این اے، پی ٹی آئی)، سید جاوید علی شاہ (ایم این اے، پیپلز پارٹی) اور ملک انور تاج (ایم این اے، پی ٹی آئی) پر مشتمل وفد ان دنوں برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہے تاکہ خطے کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے ظالمانہ اور غاصبانہ قبضے، تحریک آزادی کشمیر اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا سرکاری مٶقف بین الاقوامی سطح پر مٶثر انداز میں پیش کیا جا سکے-
اس دورے کو کامیاب بنانے کے لۓ چئیرمین کشمیر کمیٹی کے اوورسیز کوآرڈینیٹر کامران اشتیاق راجہ پہلے سے برطانیہ میں موجود تھے اور گزشتہ دنوں جب کمیٹی کا وفد لندن کے بعد برمنگھم پہنچا تو کمیٹی کے کوآرڈینیٹر کامران اشتیاق راجہ اور انکے والد قائداعظم ٹرسٹ یوکے کے چئیرمین راجہ محمد اشتیاق نے اپنی رہائش گاہ پر دوپہر کے وقت وفد کا والہانہ استقبال کیا اس موقع پر مقامی صحافی اور کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات بھی موجود تھیں-
کشمیر کمیٹی کے وفد نے اپنی آمد کے کچھ دیر بعد برمنگھم سٹی کونسل کا دورہ کیا اور چند روز پہلے ہی بطور لارڈ میئر آف برمنگھم چارج سنبھالنے والے کشمیری نژاد پاکستانی کونسلر ظفر اقبال ایم بی ای سے ملاقات کی اور انہیں لارڈ مئیر بننے پر مبارکباد دی اس موقع پر پاکستان اور برطانیہ کے مابین دوطرفہ تعلقات، برطانوی بلدیاتی نظام، برطانیہ میں آباد پاکستانی کمیونٹی بالخصوص کشمیریوں کے کردار اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا- وفد نے لارڈمئیر کو شیلڈ اور سندھی اجرک کا تحفہ پیش کیا وفد نے اس موقع پر کونسل ہاٶس کا تفصیلی دورہ کیا اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کۓ-
شام کے وقت پاکستان قونصلیٹ آفس برمنگھم میں قائم مقام قونصل جنرل بختاور میر کی طرف سے وفد کے اعزاز میں ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں کمیونٹی رہنماؤں، سول سوسائٹی کے اراکین، مقامی صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد نے شرکت کی- اس موقع پر پاکستان سے برطانیہ کے نجی دورے پر آۓ ہوۓ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ بھی موجود تھے- تقریب کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی موقف سے کمیونٹی کو آگاہی دینا اور آنے والے دنوں میں اس ایشو کے حوالے سے مؤثر رابطوں کو استوار کرنا تھا-
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کمیٹی کے چئیرمین رانا قاسم نون ، اراکین ریاض فتیانہ ، سید جاوید علی شاہ ، ملک انور تاج نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف، عالمی برادری کی ذمہ داریوں اور کشمیری عوام کی تحریک آزادی کشمیر کے لۓ بےشمار قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ وفد نے پاکستان کی بھارت سے عظیم فتح کے بعد جنگ بندی اور مزاکرات کی بازگشت کے حوالے سے گفتگو کی اور مسئلہ کشمیر کے مزید نمایاں ہو جانے کے بعد اسے مٶثر طور پر مزید اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا- قائم مقام قونصل جنرل محترمہ بختاور میر اور قائداعظم ٹرسٹ کے چئیرمین راجہ محمد اشتیاق نے بھی تقریب میں اظہار خیال کیا جبکہ وفد نے صحافیوں اور کیمونیٹی رہنماؤں کے مختلف سوالوں کے جوابات بھی دئیے- وفد نے افواج پاکستان کی شاندار کامیابی اور جنگ میں فتح حاصل کرنے پر اوورسیز پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی-
وفد نے مزید کہا کہ مسلہ کشمیر برطانوی حکومت کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے جس کی ذمہ داری برطانیہ پر بھی عائد ہوتی ہے اور اس کے لیے انہیں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ مسلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرتے ہوے کشمیری قوم کو آزادی ملے۔
قونصل جنرل محترمہ بختاور میر نے کشمیر کمیٹی کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوے کہا کہ پاکستان کی فتح قوم کی فتح ہے اور پوری دنیا نے ہماری افواج کے جوانوں کی تعریف کی ہے جس سے اوورسیز پاکستانیوں سمیت پوری قوم کے حوصلے مزید بلند ہوۓ ہیں ۔ تقریب کے اختتام پر وفد نے قونصل جنرل بختاور میر کو خصوصی شیلڈ اور سندھی اجرک پیش کی جبکہ برمنگھم سٹی کونسل کے کونسلر وسیم ظفر اور قائداعظم ٹرسٹ کے چئیرمین راجہ محمد اشتیاق کو بھی اوورسیز میں پاکستان کی غیرسرکاری سفارت کاری پر سندھی اجرک پیش کی گئی۔
بعد ازاں کشمیر کمیٹی کے وفد نے چئیرمین قائداعظم ٹرسٹ یوکے راجہ محمد اشتیاق کی رہائش گاہ پر رات کو پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی متعدد شخصیات اور صحافی برادری سے ملاقات کی اور مسئلہ کشمیر کو ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک فلیش پوائنٹ کے طور پر سامنے آنے پر اس حوالے سے مختلف پہلوٶں پر گفتگو کی اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی طرف سے اس ضمن میں سرانجام دی جانے والی خدمات اور جاری کوششوں کی تعریف کی-
وفد سے کشمیر انٹرنیشنل پیس فورم برطانیہ کے چئیرمین اور صدر ریاست آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے مشیر بیرسٹر کرامت حسین، ممبر آف پارلیمنٹ بیرسٹر ایوب خان، یٰسین ملک رہائی کمیٹی کے لیگل ایڈوائزر بیرسٹر حفیظ صدر مڈلینڈ KPFI، صدر آزادکشمیر کے مشیر چوہدری خادم حسین، صدر KPFI برمنگھم چوہدری عبدالغفور کھاڑک نے ملاقات کی اس موقع پر کشمیر کمیٹی کے چئیرمین کے اورسیز کوآرڈینیٹر راجہ کامران اشتیاق، صدر پی ایف یو جے محمد افضل بٹ، قائداعظم ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری بیرسٹر عمر بنیامین، چویدری شہزاد کریم، چوہدری آفتاب و دیگر بھی موجود تھے- کشمیری رہنماٶں نے ایک میمورنڈم کمیٹی کو پیش کیا جس میں آزادکشمیر میں تمام سیاسی قیادت کے نمائندگان جو برطانیہ میں کام کر رہے ہیں کی طرف سے یسین ملک سمیت دیگر حریت رہنماؤں کی رہائی و مسلہ کشمیر پر مرتب کی گئی سفارشات پیش کی گئیں جن پر تمام قیادت کے دستخط تھے- کشمیر کمیٹی کے وفد نے اس کو خوب سراہا اور راجہ کامران اشتیاق کو مستقبل میں کو آرڈینیٹ کر نے کی ذمہ داری لگائی گئی-
کشمیر کمیٹی کا وفد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لۓ مختلف برطانوی ایم پیز اور تھنک ٹینک سے ملاقاتیں کرے گا- یہ وفد پورے انگلینڈ میں حالیہ واقعات کی روشنی میں بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کر رہا ہے جبکہ اس دورے کے دوران وفد نے برمنگھم میں پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ بھی اہم ملاقاتیں کی ہیں اور جموں و کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی موقف سے آگاہی دینے کے علاوہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف، عالمی برادری کی ذمہ داریوں اور کشمیری عوام کی قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی اور اس ایشو کو مزید اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا- (ختم شد)

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |