جس پہ سرکار ﷺ کا ہو جائے کرَم
جس پہ سرکار ﷺ کا ہو جائے کرَم، وہ خوش بخت
بھول جاتا ہے سبھی رنج و الَم، وہ خوش بخت
جو ہدیّے میں اُنھیں بھیجے دُرودوں کے گلاب
یوں لگا لے جو شفاعت کی قلَم، وہ خوش بخت
جو بھی لپکے ترے روضے کی طرف، وہ خوش ذوق
تیری دہلیز پہ رکھے جو قدَم، وہ خوش بخت
تشنہء دید کو مل جائے اگر شربتِ دید
جی اٹھے ساقیء کوثر کی قسَم، وہ خوش بخت
جس کو محبوب وہی طُولِ نمازِ شب ہو
جس کے پیروں میں چلا آئے ورَم، وہ خوش بخت
اُس کی قسمت میں کوئی پیچ نہیں رہ سکتا
جس کا جیون ہو تری زلف کا خَم، وہ خوش بخت
گوہرِ نعت جو یاورؔ کو عطا ہو گیا ہے
اب کسی بات کا کرتا نہیں غَم، وہ خوش بخت
Title Photo by Hatice

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |