ڈی سی آفس اٹک میں قائم ہونے والی نئی لائبریری کا افتتاح
اٹک (ڈاکٹر شجاع اختر اعوان سے ) ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے ڈی سی آفس اٹک میں قائم ہونے والی نئی لائبریری کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں سرکاری افسران، محکمہ لائبریریز کے نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔افتتاح کے موقع پر ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا نے کہا کہ اس لائبریری کا قیام علم دوست ماحول کو فروغ دینے اور نوجوان نسل کو تحقیق و مطالعہ کی جانب راغب کرنے کی ایک اہم کڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں تقریباً ساڑھے بارہ سو نایاب اور تاریخی کتابوں کو یہاں رکھا گیا ہے، جب کہ اس لائبریری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ایک آن لائن ایپ سے بھی منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری بآسانی کتابوں تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔لائبریری میں شامل کتابیں اٹک کی تاریخ، ثقافت، جغرافیہ، معاشرت اور دیگر اہم موضوعات پر مبنی ہیں۔
یہ تمام کتب برسوں سے خصوصی توجہ سے محروم تھیں، جنہیں ڈپٹی کمشنر اٹک نے اپنی ذاتی دلچسپی کے نتیجے میں ڈی جی لائبریریز پنجاب اور متعلقہ محکموں کے تعاون سے محفوظ بنایا۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف ان نادر ذخائر کو ضائع ہونے سے بچانا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک قیمتی علمی ورثہ فراہم کرنا بھی ہے۔شرکاء نے لائبریری کے قیام کو ایک مثبت اور دور رس قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں میں تحقیق، مطالعہ اور علم کے فروغ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر اٹک نے امید ظاہر کی کہ شہری اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے اور اسے مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |