کاروان قلم اٹک کا مشاعرہ بسلسلہ شہادت امام علی علیہ السلام
اٹک (نمائندہ خصوصی) — کاروانِ قلم اٹک کے زیرِ اہتمام شہادتِ حضرت علیؑ کے سلسلے میں ایک باوقار اور روح پرور محفلِ مشاعرہ چیئرمین کاروانِ قلم اٹک نزاکت علی نازک کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اس بابرکت ادبی نشست میں عقیدت، محبت اور ادب کی خوشبوئیں بکھرتی رہیں اور شعرائے کرام نے اپنے کلام کے ذریعے بارگاہِ مولا علیؑ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔
محفل کی صدارت اٹک کے معروف نعت گو شاعر جناب سعادت حسن آس نے کی جب کہ سیکرٹری انفارمیشن اٹک جناب شہزاد نیاز بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ نظامت کے فرائض میزبانِ محفل نزاکت علی نازک نے نہایت خوش اسلوبی سے سرانجام دیے اور اپنے دلنشین اندازِ گفتگو سے محفل کو باندھے رکھا۔
تقریب کا آغاز معروف نعت گو شاعر سید حبدار قائم کی پرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس نے محفل کو روحانیت کی فضا سے معطر کر دیا۔ اس کے بعد نعلین حیدر سلطان نے اپنی مترنم آواز میں نعت اور منقبت پیش کر کے سامعین کے دلوں کو عقیدت اور محبت سے سرشار کر دیا۔
مشاعرے میں جن شعرائے کرام نے بارگاہِ مولا علیؑ میں اپنا کلام پیش کیا ان میں صدرِ محفل سعادت حسن آس، پروفیسر محمد علی خاور، حسین امجد، پروفیسر نثار احمد، نزاکت علی نازک، ڈاکٹر تصور بخاری، سید حبدار قائم، ارسلان عاصی اور محمد طاہر شامل تھے۔ شعراء نے اپنے خوبصورت اشعار کے ذریعے حضرت علیؑ کی شان و عظمت، شجاعت اور عدل و انصاف کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ سامعین نے دل کھول کر داد دی اور ہر اچھے شعر پر محفل ’’واہ واہ‘‘ اور ’’مکرر‘‘ کی صداؤں سے گونجتی رہی۔
اس روح پرور ادبی نشست میں دیگر معزز شخصیات بھی شریک ہوئیں جن میں محمد خان، صحافی فیاض احمد، سینیئر صحافی ملک کامران، نعید شہزاد اور ذین رضا کے اسمائے گرامی قابلِ ذکر ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے لیے نہایت شاندار افطاری کا اہتمام کیا گیا۔ افطاری کے بعد پرتکلف کھانے اور خوش ذائقہ چائے نے محفل کی رونق کو مزید بڑھا دیا۔ اس طرح یہ خوبصورت ادبی و روحانی نشست یادگار لمحات سمیٹتے ہوئے اپنے اختتام کو پہنچی۔
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |