فوتگی کا مینیو
میرے پیارے بھتیجے!
آداب و تسلیمات!
امید کرتا ہوں آپ خیریت سے ہونگے جبکہ میری طرف بھی خیریت ہی خیریت ہے۔ بعد از دعا میں آپ کا پڑوسی ، آپ کا ہر دلعزیز منہ بولا چچا اور آپ کی سلامتی کیلئے ہر وقت فکر مند انسان نادان ادھاری مہاجر میرٹھی اس خط کے ذریعے آپ تک کچھ اہم معروضات پہنچانا جاتا ہے ، جنہیں اگر آپ نے حرزِ جاں سمجھ کر اُن پر عمل کیا تو یقین مانیں آپ کو نفع پہنچے نہ پہنچے مجھے بفضلہ تعالیٰ بہت فائدہ ہوگا۔ پیارے بھتیجے! اگرچہ آپ کا اور ہمارا مکان متصل ہے اور بیچ میں حدِ فاصل محض ایک چھ فٹ کی دیوار ہے، لیکن کچھ ناخوشگوار واقعات کی وجہ سے ہماری آپس میں بول چال تقریبا دس سال سے بند ہے جس کا مجھے دلی رنج اور صدمہ ہے۔ اس دوران محلے والوں نے پوری کوشش کی کہ ہمارے بیچ تصفیہ ہوجائے مگر وجہ اختلاف اصولی تھا اس لئے آپ کے ابا جان سے میری صلح نہ ہوسکی اور اب مجھے جبکہ یہ علم ہوا کہ آپ کے ابا جان ٹی بی کی وجہ سے صاحبِ فراش ہیں اور بس گھڑی دو گھڑی کے مہمان ہیں تو میں نے سوچا ایک خط پیش بینی کے طور پر آپ کو ارسال کرکے کچھ چیزوں کی وضاحت کردوں تاکہ اُس عین وقت پر جب آپ باپ کے جنازے کو کاندھا دیے جا رہے ہوں ، میں اُس نازک کوقع پر ” حزبِ اختلاف ” والا کردار ادا کرکے جنازے سے واک آؤٹ ہی نہ کرجاؤں۔ میری آپ سے یہی گزارش ہے کہ سطورِ ذیل میں لکھی گئی میری ہدایات کو غور سے پڑھ لیجیے اور اُن پر عمل کرنے کی سبیل پیدا کیجیے تاکہ آپ کے اور میرے مابین اختلاف کی اس دیوار کو توڑا جاسکے اور ہم پھر سے اچھے پڑوسیوں کی طرح نئی زندگی کا پہلا باب شروع کرسکیں۔
میرے پیارے بھتیجے! آپ کو اس بات کا بخوبی علم ہونا چاہیے کہ میں معدہ، آنت، جگر، دل، پھیپھڑوں، تلی، پتہ ، گردے اور کان کے علاوہ دماغ کی بیماریوں کا بھی شکار ہوں اس لئے پانچوں وقت پرہیزی کھانا کھاتا ہوں۔ اب جیسا کہ حالات سے اندازہ ہو رہا ہے اور محلے کے لوگوں سے بھی بات چیت کرتے سنا کہ آپ کے ابا جان آج نہیں تو کل ورنہ پرسوں تک ضرور اس دارِ فانی سے ہجرت کرکے دارالبقاء کی جانب چلے جائیں گے، لہذا جب آپ دور دراز سے آئے مہمانوں کیلئے کھانا پکانے کا اہتمام کریں گے تو اس بات کا ضرور خیال رکھنا بیٹا کہ آپ کے چچا نادان ادھاری عام لوگوں کیلئے پکا ہوا کھانا نہیں کھا سکتے۔ ا س لئے آپ کو بتادینا چاہتا ہوں کہ آپ باورچی کو یہ لسٹ پکڑا دیجیے گا تاکہ وہ میرے لئے علیحدہ پرہیزی کھانا جو میں دوسروں لوگوں سے پرہیز کرکے کھاؤنگا وہ ضرور بالضرور بنائے تاکہ میں مرحوم کی دعائے مغفرت کے واسطے کسی بھی کینے، شکوے اور شکایت کے بغیر ہاتھ اٹھا سکوں۔ بیٹا! میں نے جو اوپر اپنی بیماریوں کا ذکر کیا ہے اُس کے تناظر میں آپ ایک اچھی نسل کا بکرا جو دوندا ہو اور اُس کا وزن آٹھ سے دس کلو تک ہو وہ ذبح کروالیں ۔ اُس بکرے کی دو نوں رانوں کا گوشت بغیر ہڈی کے ہری مرچ ٹماٹر کالی مرچ سونٹھ کری پتہ الائچی خورد تیز پات کے ساتھ ایکسٹرا ورجن زیتون کے تیل میں پکانا ہے جس میں پانی نام کا بھی نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ڈاکٹرز نے مجھے پتلا سالن کھانے سے منع کیا ہے۔ایک کلو اُسی بکرے کی دستی کا دم پہ پکا ہوا قیمہ جو نہ زیادہ سخت ہو نہ زیادہ گرم، دو سے تین پیالے بکرے کے مغز کی یخنی جو سٹارٹر ہوگا، پائے اور باقی ہڈیوں کا شوربہ جو نہ زیادہ پتلا نہ زیادہ گاڑھا بلکہ اُن کے بین بین ہو وہ بھی رکھ دیجیے گا۔پون کلو سیخ پر چڑھے ہوئےایسے دیسی مرغ کی سجی جو نہ لاغر ہو نہ بہت زیادہ موٹا ہو یہ مین کورس میں آپ کی طرف سے مجھے چاہیے ہوگا۔ اب میں آتا ہوں سپلیمنٹری کورس کی طرف تواس میں زیادہ تکلیف کرنے کی ضرورت نہیں بس ایک کلو حیدر آبادی بریانی، ایک کلو حلوہ مکھڈی جس میں موسم رواں کے حساب سے آدھا کلو کاجو، آدھا کلو بادام گری عمدہ نسل، آدھا کلو اخروٹ اول کوالٹی، آدھا کلو بھینس کے دودھ کا نکلا ہوا کھویا ڈال کر اسے ساہیوال نسل کی گائے کے دودھ سے تیار کردہ دیسی گھی میں پکانا ہے۔ اب کیونکہ سردی کا موسم بھی شروع ہوچکا ہے تو اگر آپ چلغوزے بھی مجھے آخر میں سرو کرنا چاہیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے۔ بیٹا! میں جانتا ہوں کہ یہ تم پر سخت آفت کی گھڑی ہے مگر میری مصیبت بھی سر پر کھڑی ہے۔ تمہارے ابا جان جو چند دن بعد خلد آشیاں ہونگے اُن کو اب خوراک اور دوا کی نہیں دعا کی ضرورت ہے لہذا ایسے میں آپ کے پاس پیسے تو بچ ہی رہے ہونگے تو آپ اُن سے آج ہی بازار جاکر یہ تمام اشیاء خرید کر اُن کی رسید مجھے واٹس ایپ کردیں تاکہ مجھے اس طرف سے اطمینان ہو کیونکہ مارے اس پریشانی کے کئی دن سے بوکھلایا ہوا پھر رہا ہوں۔ جہاں تک رہا سوال بکرے کے باندھنے کا تو اُس کی مطلق فکر نہ کیجیے میرا غریب خانہ حاضر ہے۔ بکرا آج ہی لائیے اور میرے گھر باندھ جائیے۔ مجھے بالکل کوئی پریشانی نہیں ہوگی البتہ تین ٹائم چارے کا بندوبست کرنے کے دو طریقے ہیں۔ اول اپنے بیمار ابا جان کو بھائیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر خود یہاں آئیں اور اپنے ہاتھ سے اُسے کھلائیں ورنہ طریقہ نمبر دوئم جو کافی مقبول و معروف ہونے کے علاوہ محفوظ بھی ہے وہ یہ کہ چارے کی رقم ہر دن کے حساب سے مجھے دے جایا کیجیے میں خود چارہ قسم اول خرید کر اُس بکرے کو کھلاتے ہوئے اس کی ویڈیو آپ کو بھیج دیا کرونگا۔ میرے تجربے اور بات کو مانیں تو طریقہ نمبر دوئم بہت ہی تسلی بخش ہے اس لئے کہ اگر آپ ایسے نازک وقت پر ابا جان کو چھوڑ کر بکرے کا چارہ لینے نکل گئے تو خدشہ ہے آپ کے پیچھے آپ کے دو بھائی تین بہنیں اور آپ کی اماں جان اپنی طرف سے وصیت لکھ کر آپ کے ابا جان سے اس پر انگوٹھے لگوا کر تمام مال پر قابض ہوجائیں گے اور آپ کے حصے میں آئے گا کیا ایک ٹھینگا۔ میں کیونکہ آپ کا سچا مخلص اور اصل ہمدرد ہوں اس لئے میرا فرض بنتا ہے کہ آپ کو سیدھی راہ دکھاؤں تاکہ آپ عین وقت پر اپنا نقصان نہ کر بیٹھیں۔
اب میں آخر میں پھر یہی کہونگا کہ وقت کم ہے اور مقابلہ سخت ۔ ایک طرف آپ کے مرتے ہوئے ابا جان ہیں اور دوسری طرف آپ کے عزیز از جان چچا یعنی میں نادان ادھاری تو بیٹا! وہ تو ویسے بھی اب جا رہے ہیں اور اُن کو آپ سمیت میری دعاؤں کی ضرورت ہے۔ اس لئے اُن کی طرف مطلق دھیان نہ کیجیے اور میرے مینیو کی فراہمی کا سوچیے جو اتنا آسان نہیں ہے۔ بیٹا! اگر آپ نے سوگ والے دن میرا بتایا گیا مینیو مجھے کھلا دیا تو یقین جانو میں جنازے کی صف میں سب سے آگے کھڑا ہونگا اور بلند آواز سے ہر دعا پر آمین بھی کہونگا۔ لیکن ۔۔۔ لیکن اگر آپ اپنی سستی یا غفلت کی وجہ سے یہ سب نہ کرسکے تو پھر بیٹا سوچ لو آپ کے ابا جان قبر میں پڑوسی کے حقوق ادا کرنے پر کیا جواب دیں گے۔ میرا کام تو بس نصیحت ہی کرنا ہے سو وہ میں کر رہا ہوں باقی یہ آپ پر ہے کہ آپ اپنے ابا جان کو قبر میں راحت کے ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں یا پڑوسیوں کی خدمت نہ کرنے پر پکڑ میں۔ مگر مجھے امید ہے کہ تم سمجھدار انسان ہو اور کبھی بھی اپنے ابا جان کو قبر حشر کی وحشت میں مبتلا ہوتا نہیں دیکھو گے۔
یہ خط میں اگر عام ڈاک سے بھیجونگا تو مجھے ڈر ہے تین سے چار دن لگ جائیں گے اور ہوسکتا ہے یہ خط اُس وقت آپ کے پاس پہنچے جب آپ کے والد صاحب کو رخصت ہوئے دوسرا دن ہو ۔ لہذا اُس پریشانی اور خفت سے بچنے کیلئے میں اسے بذریعہ وی پی بھیج رہا ہوں جس کی کل رقم مبلغ چھ سو روپے بنتی ہے جو آپ نے ڈاکیے کو اسی وقت ادا کرنی ہے تاکہ آپ کے والد مرحوم اس حال میں دنیا سے جائیں کہ اُن کی گردن پر محکمہ ڈاک کے چھ سو روپے کا قرض نہ ہو۔ امید ہے آپ میری نصیحت پر ضرور عمل فرمائیں گے۔ اگر جھگڑے کی وجہ سے ہماری بات چیت بند نہ ہوتی تو میں خود چل کر آپ کے پاس آتا مگر ۔۔۔۔ خیر اب کیا ہوسکتا ہے۔
آپ کی طرف سے بکرے کا منتظر
تمہارا ہر دلعزیز چچا
نادان ادھاری مہاجر میرٹھی
حال ساکن کوچہ نادہندگان شہر بدحال پورہ

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |