پاکستانی جشن آزادی اور قونصل جنرل کی تعیناتی
تحریر: عبدالوحید خان، برمنگھم (یوکے)
اگست کا مہینہ وطن عزیز پاکستان کی آزادی اور قیام کے حوالے سے بڑی اہمیت کا حامل ہے اور امسال معرکہٕ حق میں پاکستان کی اپنے سے کئی گنا بڑے روایتی دشمن بھارت سے باقاعدہ جنگی فتح کی وجہ سے جشنِ آزادی کی خوشیاں مزید بڑھ گئی ہیں یہی وجہ ہے کہ برطانیہ کے مختلف شہروں کی طرح سب سے زیادہ پاکستانی آبادی والے شہر برمنگھم میں بھی جشن آزادی کی تقریبات کا سلسلہ ماہِ اگست کے آغاز سے جاری ہے اور لگتا ہے کہ جشن آزادی کے پروگرام برمنگھم اور گردونواح میں اگست کا پورا مہینہ ہی جاری رہیں گے-
جشن آزادی کی خوشیوں میں مڈلینڈ میں آباد پاکستانیوں کے لۓ پاکستان قونصلیٹ آفس برمنگھم میں کافی عرصے بعد مستقل قونصل جنرل کی تعیناتی مزید باعثِ خوشی ہے کہ بڑے عرصے بعد مستقل قونصل جنرل کی تعیناتی عمل میں آ گئی ہے اور تجربہ کار سفارتکار فہد امجد نے پاکستان قونصلیٹ آفس برمنگھم میں بطور قونصل جنرل چارج سنبھال کر اگست کی سات تاریخ سے اپنا کام شروع کردیا ہے-
فہد امجد قبل ازیں جنوبی افریقہ میں پاکستان کے ڈپٹی ھائی کمشنر تعینات رہے ہیں جہاں وہ قائم مقام ھائی کمشنر کی ذمہ داری بھی ادا کرتے رہے ہیں- انکی برمنگھم میں تعیناتی کو پاکستانی کمیونٹی نے سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ کمیونٹی کی جائز شکایات کا ازالہ کریں گے اور روزانہ کی بنیاد پر کمیونٹی کی سروسز میں مزید بہتری لائیں گے-
کہا جاتا ہے کہ پاکستان سے باہر سب سے زیادہ پاکستانی اگر کسی ایک شہر میں آباد ہیں تو وہ برمنگھم شہر میں آباد ہیں جہاں کے کئی گلی کُوچے تو باقاعدہ پاکستان کا منظر پیش کرتے ہیں اور اسی بنا پر کئی احباب برمنگھم کو مِنی پاکستان پکارنا اور لکھنا شروع ہو گۓ ہیں بلکہ مقامی کھینچا تانی اور ایک دوسرے کے خلاف سیاسی حربے بھی پاکستان کی طرح ہی کے استعمال ہوتے ہیں لیکن جب کوئی پاکستان کے خلاف بات کرے تو یقیناً دُکھ ہوتا ہے اسی لۓ قائداعظم ٹرسٹ کے چئیرمین راجہ محمد اشتیاق برملا کہتے ہیں کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں اور پاکستان ہماری آن بان شان اور ایمان کا حصہ ہے-
ان دِنوں سٹی کونسل برمنگھم کے لارڈ مئیر چوہدری ظفر اقبال ایم بی ای ہیں جنکا آبائی علاقہ میرپور آزادکشمیر ہے ان سے پہلے بھی کئ پاکستانی و کشمیری نژاد کونسلر لارڈ مئیر آف برمنگھم کی ذمہ داری ادا کر چکے ہیں جن میں نمایاں نام خواجہ محمود حسین، مرحوم چوہدری عبدالرشید جے پی، سید شفیق شاہ، چوہدری محمد افضل، مرحوم چوہدری محمد عظیم کے ہیں-
فہد امجد نے برمنگھم میں اپنی آمد کے پہلے روز ہی قائداعظم ٹرسٹ کے زیراہتمام 14 اگست یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے منعقدہ جشن آزادی پاکستان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مل کر پاکستان کے لۓ کام کریں گے کیونکہ اس وقت پوری دنیا کی نظریں پاکستان کی طرف ہیں اور ہر حوالے سے عالمی سطح پر پاکستان کو زبردست کامیابیاں مل رہی ہیں جس پر اوورسیز کمیونٹی کو پہلے سے بڑھ کر وطن عزیز کے مثبت امیج اور پاکستان کی نیک نامی کے لۓ کام کرنے کی اشد ضرورت ہے-
قائد اعظم ٹرسٹ یوکے کے زیر اہتمام جشن ازادی کی اس شاندار تقریب کی صدارت چیئرمین قائد اعظم ٹرسٹ راجہ محمد اشتیاق نے کی جبکہ برمنگھم میں نو تعینات پاکستانی قونصل جنرل فہد امجد کے ساتھ گوجر خان سے بر سر اقتدار جماعت مسلم لیگ نون کے رکن صوبائی اسمبلی راجہ شوکت عزیز بھٹی اور جہلم سے سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ندیم خادم مہمانان خصوصی تھے-
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور میزبان و مہمانان خصوصی کے علاوہ ڈاکٹر طارق سمیع، حاجی شیر بہادر خان، بیرسٹر عمر بنیامین، شاہد نواز، علاٶالدین قادری، شفقت رضا، عبدالوحید خان، رب نواز چغتائی، سردار خان چوہان نے تقریب سے خطاب کیا جبکہ قادریہ ٹرسٹ کے چئیرمین پیر طیب الرحمٰن قادری نے وطن عزیز پاکستان کی سلامتی، بقإ، ترقی اور خوشحالی کے لۓ خصوصی اجتماعی دعا کروائی-
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی آزادی کی سالگرہ کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا اور فُضا پاکستان زندہ باد، قائداعظم زندہ باد اور افواج پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی-
پاکستانی قونصل جنرل فہد امجد کی برمنگھم آمد کے بعد یہ کمیونٹی کی پہلی تقریب تھی جس میں انہوں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی- تقریب کے تمام مقررین نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جن کی بے مثال قیادت اور انتھک کوششوں کی بدولت برصغیر پاک و ہند کے محکوم مسلمانوں کو آزادی نصیب ہوئی-
مقررین نے افواج پاکستان کو بھی شاندار خراج تحسین پیش کیا جس نے دس مئی کو آپریشن بنیان مرصوص جسے بعد میں معرکہٕ حق کا نام دیا گیا ہے میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکستِ فاش دے کر جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے-
سٹی کونسل برمنگھم کے تعاون سے پاکستان قونصلیٹ آفس برمنگھم نے ”سّپِرَٹ آف پاکستان“ کے تحت کونسلر وسیم ظفر کی سربراہی میں پورا ھفتہ جشنِ آزادی پاکستان کے مختلف رنگا رنگ پروگرام منعقد کۓ جن میں لارڈ مئیر آف برمنگھم چوہدری ظفر اقبال ایم بی ای، پاکستانی ھائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل، قونصل جنرل فہد امجد، وائس قونصلر محترمہ بختاور میر، سینئر پارلیمینٹیرین خالد محمود مرزا سابق ایم پی، آزاد ممبر پارلیمنٹ بیرسٹر ایوب خان، ایم پی طاہر علی، کونسلروں، کمیونٹی رہنماٶں، پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی-
سَپِرٹ آف پاکستان ھفتہ جشنِ آزادی پروگراموں پر کچھ حلقوں کی طرف سے سوشل میڈیا پر اور کمیونٹی اجتماعات میں دھیمے انداز میں تنقید بھی کی گئ اور پاکستانی صحافت سے وابستہ مقامی صحافیوں کی چپقلش بھی سامنے آئی جبکہ ایم پی طاہر علی کی ایک پرانی وڈیو بھی موضوع گفتگو بنی رہی جس میں وہ اپنا آبائی تعلق کشمیر سے جوڑتے اور پاکستان سے فاصلہ کرتے دکھائی اور سُنائی دئیے ایسے میں پاکستانی ھائی کمیشن کی بنفس نفیس برمنگھم آمد اور لیبر پارٹی کے سینئر پارلیمنٹیرین، پانچ مرتبہ ایم پی رہنے والے سابق ایم پی خالد محمود مرزا کے گھر دعوت ظہرانہ میں شرکت نے کمیونٹی کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا یہاں پر پاکستانی ھائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی انگلش میڈیا پر انڈیا اور پاکستان کے مابین جنگ کے دنوں میں پاکستانی موقف کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے پر نہ صرف انکی تعریف بنتی ہے بلکہ یہ کہوں تو غلط نہیں ہو گا کہ حکومتی سطح پر انکو باقاعدہ قومی اعزاز کے لۓ نامزد کرنا چاہئے تھا- (ختم شد)

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |