پاکستان پریس کلب برمنگھم (رجسٹرڈ) کی تنظیم نو اور میٹ دی پریس
تحریر: عبدالوحید خان، برمنگھم (یوکے)
پاکستان پریس کلب برمنگھم (رجسٹرڈ) کا ایک اجلاس گزشتہ دنوں منعقد ہوا جس میں پرانے اور نئے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور باہمی اتفاق رائے سے سال 2025 – 2026 کے لۓ پریس کلب کی تنظیم نو کی گئ-
پاکستان پریس کلب برمنگھم 2021 سے رجسٹرڈ ہے اور برطانیہ میں آباد پاکستانی صحافیوں کا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد پاکستان اور پاکستانی صحافت کا مثبت چہرہ متعارف کرانے والے سنجیدہ صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے جہاں وہ باہم مل کر نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بحسن و خوبی نبھائیں بلکہ ضرورت پڑنے پر وطن عزیز اور قومی اداروں کے خلاف ہونے والے منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا جواب بلا خوف و خطر دے سکیں-
اجلاس کا آغاز ذوالفقار علی نقشبندی نے تلاوت کلام پاک سے کیا اور قاضی محمد مدثر نے ھدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی- تمام ممبران نے سال 2025/ 2026 کے لۓ مکمل اتفاق راۓ سے متین صحرائی کو چئیرمین، زاہد محمو خٹک کو صدر، فرحان شہزاد پردیسی کو سینئر نائب صدر، رب نواز چغتائی کو نائب صدر، زاہد مشتاق چوہدری کو جنرل سیکرٹری، محمد افضل گجر کو جوائنٹ سیکرٹری، چوہدری رستم اجنالوی کو ایڈیشنل سیکرٹری، شکیل احمد کو سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور قاضی مدثر احمد کو سیکرٹری مالیات منتخب کیا جبکہ بعد میں منیر ملک کو سیکرٹری پبلک ریلیشننگ اور سوشل میڈیا کی ذمہ داری تفویض کی گئی-
اس موقع پر تمام ممبران نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ پاکستان پریس کلب برمنگھم (رجسٹرڈ) کے تمام عہدیداران, ایگزیکٹو ممبران اور جملہ اراکین بہترين صحافتی اقدار کے فروغ کے لۓ کام کرتے ہوۓ نہ صرف اپنی صحافتی ذمہ داریوں کو بطریق احسن سرانجام دیں گے بلکہ مقامی کمیونٹیز کی صحافتی پلیٹ فارم سے بہتر انداز میں خدمت بھی کریں گے-
تمام عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سب سے پہلے ہم اپنے وطن عزیز پاکستان اور پاکستان پریس کلب برمنگھم رجسٹرڈ کے ساتھ ہمیشہ مخلص رہیں گے اور تمام اداروں و مقامی شخصیات کے ساتھ بلا امتیاز اچھا اور مثالی سلوک روا رکھتے ہوئے نہ صرف یکجا ہو کر آگے بڑھیں گے بلکہ ہمہ وقت پاکستان اور صحافت کے مثبت امیج کے لۓ کام کریں گے-
اجلاس کے اختتام پر پریس کلب کے تمام ممبران اور عہدیداران کے مابین اتفاق و اتحاد اور صحافت و صحافیوں کی بہتری کے لۓ کام کرنے اور اس مقصد کے لۓ استقامت کی خصوصی دعا کی گئی-
دریں اثناء پاکستان پریس کلب برمنگھم (رجسٹرڈ) کے زیراہتمام معروف پاکستانی گلوکارہ اور فنکارہ حمیرا ارشد کے اعزاز ”میں میٹ دی پریس“ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف پاکستانی گلوکارہ اور ثقافتی شخصیت حمیرا ارشد کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں ممتاز صحافیوں نے بھرپور شرکت کی اور حمیرا ارشد کے ساتھ ایک کھلے اور دوستانہ مکالمے کا حصہ بنے۔
تقریب ”لاہوری شیف کیٹرنگ“ کے مقام پر منعقد ہوئی جہاں حمیرا ارشد نے اپنے فنی سفر کے آغاز، اپنی فنی کامیابیوں، جنوبی ایشیائی موسیقی میں خدمات اور ثقافتی سفیر کے طور پر اپنے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے خاص طور پر یوکے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے پیار اور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوۓ کہا کہ ”یہ ہمیشہ میرے لیے باعثِ خوشی ہوتا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنی ثقافت، موسیقی اور ورثے سے کتنے گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں“-
گلوکارہ نے صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوۓ کہا کہ ”میں پاکستان پریس کلب برمنگھم کی بے حد شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے مدعو کیا اور یہاں کے پاکستانی صحافیوں سے براہِ راست رابطے کا موقع فراہم کیا جنہوں نے ہمیشہ میرے فن کو سراہا ہے۔”
قبل ازیں پاکستان پریس کلب برمنگھم کے چئیرمین، صدر، نائب صدر اور جنرل سیکرٹری کی جانب سے انہیں خوش آمدید کہا گیا اور انکی آمد پر پھولوں کے گلدستے پیش کۓ گۓ جبکہ سینئر صحافی رانا شفقت علی رضا نے مہمان کے حوالے سے اپنی ذاتی ملاقاتوں اور یاداشتوں کو شئیر کیا اور انکے فن اور شخصیت کی تعریف کی-
اس موقع پر گلوکارہ حمیرا ارشد کے ساتھ سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی اور پاکستانی موسیقی اور میڈیا کے بدلتے منظرنامے پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ عہدیداران اور اراکین نے پاکستانی فن و ثقافت میں ان کی خدمات کو سراہا-
پاکستان پریس کلب برمنگھم کے چیئرمین متین صحرائی ، صدر زاہدخٹک، جنرل سیکرٹری زاہد چوہدری اور نائب صدر رب نواز چغتائی نے حمیرا ارشد کی فن و ثقافت کے لۓ سرانجام دی جانے والی خدمات کی تعریف کرتے ہوۓ کہا کہ ”حمیرا ارشد صرف ایک سریلی اور مسحورکن آواز ہی نہیں بلکہ نسلوں، ثقافتوں اور براعظموں کے درمیان ایک پُل ہیں” اور ان کی خدمات کو سراہنے پر فخر ہے“-
حمیرا ارشد نے سوال و جواب کے سیشن میں کچھ سوالات کے جوابات کو آف دی ریکارڈ گفتگو بھی کہا جسے صحافتی اصولوں اور اخلاقیات کے مطابق رپورٹ کرنے سے اجتناب کیا گیا-
تقریب میں کلب کے نو منتخب عہدہداران جن میں زاہد خٹک صدر ، متین صحرائی چیئرمین، فرحان شہزاد سینئر نائب صدر ، ربنواز چغتائی نائب صدر، زاہد چوہدری جنرل سیکرٹری، قاضی مدثر فنانس سیکرٹری، افضل گجر جوائنٹ سیکرٹری، شکیل احمد سیکرٹری اطلاعات، رستم اجنالہ ایڈیشنل سیکرٹری، منیر ملک ۔سکیٹریری پبک ریلیشن و سوشل میڈیا اور ایگزیکٹو باڈی کے دیگر اراکین عبدالوحید خان، رانا شفقت علی رضا، محمد بلال، ارسلان شوکت، زاہد خان باچا، بشارت ملک، فائق الرحمن، عمران علی، رحمت نبی، عتیق الرحمن بخاری نے شرکت کی اور تقریب کا اختتام شکریے کے کلمات، گروپ فوٹوگرافی، اور ہلکی پھلکی گپ شپ کے ساتھ ہوا-
تقریب کے اختتام پر چئیرمین متین صحرائی نے وضاحت کی کہ ہمارا پریس کلب میٹ دی پریس یا پریس کانفرنس کے لۓ مہمانوں سے اخراجات کی مد میں کوئی رقم وصول نہیں کرتا اور ہم مستقبل میں بھی سختی سے اس پر عمل پیرا رہیں گے- پاکستان پریس کلب کے عہدیداران نے گلوکارہ حمیرا ارشد کو انکی فن و ثقافت کے لۓ سرانجام دی جانے والی خدمات پر پاکستان پریس کلب برمنگھم (رجسٹرڈ) کی طرف سے سند حسن کارکردگی بھی پیش کی-
پاکستان پریس کلب کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات شکیل احمد نے کامیاب پروگرام کے انعقاد پر تمام عہدیداران و اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوۓ کہا کہ پاکستان پریس کلب برمنگھم ، برطانیہ میں کام کرنے والے پاکستانی صحافیوں کا ایک پیشہ ورانہ نیٹ ورک ہے جو ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ، پاکستانی کمیونٹی کی خدمت، اور پاکستان و برطانیہ کے مابین تجارتی، سفارتی اور ثقافتی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرتا ہے اور اس پلیٹ فارم سے ہمیشہ مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جاۓ گا- (ختم شد)

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |