ممتاز غزنی کی کتابیں : فکر و فن کا درخشاں حوالہ
تحریر : مقبول ذکی مقبول ، بھکر
ادب محض لفظوں کی جا دوگری نہیں بلکہ ایک تہذیبی شعور ، فکری وابستگی کا نام ہے ۔ ادب معاشرے کا آئینہ ہوتا ہے اور ادیب وہ شخص ہوتا ہے جو ادب کے آئینے میں معاشرے کے محاسب و معائب اور حسن و قباحت کو سچائی کے رنگوں میں رنگ کر دکھاتا ہے ۔ اس کی اولین ذمہ داری یہ ہے کہ وہ قلم کے ذریعے شعور بانٹے ، معاشرے کی اصلاح کرے اور اس کے لیے درست سمت کا تعین کرے ۔ ایسے ہی باکمال اہلِ قلم میں ایک نمایاں نام ممتاز غزنی کا ہے ، جن کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ ، تحصیل تھوراڑ کے نواحی گاؤں پھاگوعہ سے ہے ۔ گزشتہ پندرہ برس سے وہ لاہور میں مقیم ہیں اور اسی شہرِ علم و ادب سے اپنی فکری اور تخلیقی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔
ممتاز غزنی نے قلم کو صرف اظہار کا ذریعہ نہیں بنایا بلکہ اسے قوم ، زبان اور تہذیب کے شعور کی بیداری کے لیے استعمال کیا ۔ ان کی اب تک چودہ کتابیں منظرِ عام پر آ چکی ہیں ، جن میں سات کتابیں پہاڑی زبان اور سات اُردُو زبان میں شامل ہیں ۔ یہ تنوع نہ صرف ان کی لسانی گرفت کا ثبوت ہے بلکہ اس بات کا بھی مظہر ہے کہ وہ اپنے تہذیبی ورثے اور قومی زبان دونوں سے گہری وابستگی رکھتے ہیں ۔ ان کی اب تک شائع ہونے والی 15
کتابوں کا مختصر جائزہ پیش خدمت ہے ۔
1۔ ماں تجھے سلام :
یہ کتاب والدہ محترمہ کی وفات کے بعد 2006ء میں لکھی گئی جس میں ماں کی عظمت پر مضامین اور منظوم کلام شامل ہے ۔ یہ کتاب 70 صفحات پر مشتمل ہے ۔
2 ۔ بچپن لوٹا دو :
یہ کتاب پونچھ کی تہذیب و ثقافت پر ایک انسائیکلوپیڈیا کی حیثیت رکھتی ہے ۔ اس کتاب میں منفرد انداز میں مصنّف نے اپنی تہذیب و ثقافت ، رسم رواج پر روشنی ڈالی ۔ اس کتاب کو بہت پسند کیا گیا اور وویمن یونیورسٹی مردان میں اس کتاب پر بی ایس اُردُو کی سطح پر تحقیقی مقالہ بھی لکھا گیا ہے ۔ یہ کتاب 232 صفحات پر مشتمل ہے اور دارلمصحف اردو بازار لاہور سے شائع ہوئی ۔
3 ۔ بکھیاں دوریاں :
پہاڑی زبان میں طنز و مزاح پر مشتمل اس کتاب نے بہت مقبولیت حاصل کی ۔ اس کتاب کے دو کرادر غفور اور زرینہ بہت مشہور ہوئے ۔ یہ کتاب 160 صفحات پر مشتمل ہے اور 2020ء میں دارلمصحف اُردُو بازار لاہور سے شائع ہوئی ۔
4 ۔ سکھاں :
یہ کتاب پہاڑی میں لکھی گئی کہانیوں پر مشتمل ہے ۔ اس میں مختلف موضوعات پر چالیس کہانیاں شامل ہیں ۔ یہ کتاب 120 صفحات پر مشتمل ہے اور 2022 میں ممتاز پبلی کیشن لاہور سے شائع ہوئی ۔
5 ۔ دھرتی کا عظیم مزاحمت کار :
یہ کتاب معروف کشمیری قوم پرست راہنما سردار آفتاب ایڈووکیٹ مرحوم پر لکھے گئے مضامین پر مشتمل ہے ، یہ کتاب 192 صفحات پر مشتمل ہے اور 2021ء میں آفتاب ریسرچ اینڈ پبلیشنگ سینٹر کے زیرِ اہتمام یہ کتاب شائع ہوئی ۔
6 ۔ پہوچھن :
یہ پہاڑی زبان میں لکھا گیا ناول ہے ۔ پہوچھن اُس دوپٹے کو کہتے ہیں جو ہمارے ہاں شادی بیاہ کے موقع پر گاؤں کے لوگ دلہن کو بطور تحفہ پیش کرتے تھے ۔ یہ ناول 120 صفحات پر مشتمل ہے اور ممتاز پبلی کیشن لاہور سے 2023ء میں شائع ہوا ۔
7 ۔ چروکنی گل :
یہ کتاب پہاڑی مضامین پر مشتمل ہے اور اس میں 60 مضامین پہاڑی آخان اور محاورات کے عنوانات کے ساتھ شامل ہیں ۔ یہ کتاب 170 صفحات پر مشتمل ہے اور۔2023ء میں ممتاز پبلی کیشن لاہور سے شائع ہوئی ۔
8 ۔ تُخنے آڑے :
یہ کتاب پہاڑی افسانوں پر مشتمل ہے اور اس میں 24 افسانے شامل ہیں ۔ 124 صفحات کی یہ کتاب 2023ء میں ممتاز پبلی کیشن لاہور سے شائع ہوئی ۔
9 ۔ تخلیقات صغیر :
معروف پہاڑی ادیب و مصنّف ڈاکٹر محمد صغیر خان کی 19 کتابوں کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ لے کر یہ کتاب مرتب کی گئی ہے ۔ یہ کتاب تحقیقی کام کرنے والے طلباء وطالبات کے لیے بہت مفید ہے ۔ یہ کتاب 170 صفحات پر مشتمل ہے اور 2024ء میں ممتاز پبلی کیشن لاہور سے شائع ہوئی ۔
10 ۔ سرور جان :
یہ کتاب مصنّف کی والدہ کی سوانح حیات پر ہے ۔ اس کے دو ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں ۔ 132 صفحات پر مشتمل یہ کتاب ممتاز پبلی کیشن لاہور سے 2024ء میں شائع ہوئی ۔
11 ۔ جنگل کے راہی :
اس کتاب میں بچوں کی 40 کہانیاں شامل ہیں جو جنگلی جانوروں پر مشتمل ہیں ۔ 48 صفحات پر مشتمل یہ کتاب 2025ء میں ممتاز پبلی کیشن لاہور سے شائع ہوئی ۔
12 ۔ اُچے لوک :
یہ کتاب پہاڑی خاکوں پر مشتمل ہے ، پہاڑی خاکہ نگاری کی یہ دوسری کتاب ہے ۔ اس کتاب کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں عام لوگ پر خاکے لکھے گئے ہیں ۔ 128 صفحات پر مشتمل یہ کتاب 2025ء میں ممتاز پبلی کیشن لاہور سے شائع ہوئی ۔
13 ۔ دھندلے خواب :
یہ کتاب اُردُو افسانچوں پر مشتمل ہے اور اس میں ایک صفحے کے سو افسانچے شامل ہیں ۔ 128 صفحات کی یہ کتاب 2025ء میں ممتاز پبلی کیشن لاہور سے شائع ہوئی ۔
14 ۔ کاچ ماچ :
یہ کتاب پہاڑی افسانچوں پر مشتمل ہے اور اس میں ایک صفحے کے سو افسانچوں کے علاؤہ 30 افسانچے تین سطری بھی شامل ہیں ۔ 128 صفحات پر مشتمل یہ کتاب 2025ء میں ممتاز پبلی کیشن لاہور سے شائع ہوئی ۔
15 ۔ تبسم نگر :
اُردُو طنزو مزاح پر مشتمل یہ کتاب 2025ء میں ممتاز پبلی کیشن لاہور سے شائع ہوئی اس میں تبسم نگر گاؤں کے چالیس مختلف کرداروں پر دلچسپ مضامین لکھے گئے ہیں۔
ان کی تحریریں علم، ادراک ، خلوص اور مقصدیت کی آئینہ دار ہیں ۔ وہ نہ صرف مقامی تہذیب و ثقافت کے ترجمان ہیں بلکہ اُردو زبان میں بھی ایک نمایاں فکری شناخت رکھتے ہیں ۔ ان کا اسلوب سادہ ، لیکن پراثر ہے ، جو دل میں اترتا اور ذہن کے دریچے کھولتا ہے ۔
ممتاز غزنی کی کی کتابوں کو علمی و ادبی حلقوں میں نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔ ان کی تمام کتابوں کا مختصر تعارف پیش کرنے کا مقصد ان کی فکری گہرائی ، لسانی خدمات اور ادبی جہتوں کو ایک نظر میں سامنے لانا ہے تاکہ تحقیق و تنقید کے طلبا و طالبات ان کے ہمہ جہت کام سے استفادہ کر سکیں۔ یقیناً ان کا تخلیقی سفر آنے والی نسلوں کے لیے ایک علمی سرمایہ اور فکری رہنمائی کا ذریعہ ثابت ہوگا ۔
***

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |