معروف سیاسی و سماجی شخصیت سراج احمد خان انتقال کر گئے
راولپنڈی (نامہ نگار) معروف سیاسی و سماجی شخصیت، سابقہ کونسلر اور بھابڑا بازار کی جانی پہچانی شخصیت سراج احمد خان گزشتہ روز انتقال کر گئے۔ مرحوم طویل عرصے سے عوامی خدمت، فلاحی کاموں اور خدمتِ خلق کی سیاست میں سرگرم عمل رہے۔ ان کی وفات پر اہل علاقہ، سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔
سراج احمد خان کو علاقے میں ان کی بے لوث خدمات، شرافت، دیانتداری اور عوام دوست رویے کے باعث قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ بطور کونسلر انہوں نے علاقے کی ترقی، صفائی، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کا شمار ان چند شخصیات میں ہوتا تھا جنہوں نے سیاست کو ذاتی مفاد کی بجائے عوامی خدمت کا ذریعہ بنایا۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ عیدگاہ قبرستان میں معروف عالم دین مولانا طاہر کلیم صاحب نے پڑھائی، جس میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیاسی رہنما، تاجر برادری، سماجی کارکن، اہل محلہ اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے جنازے میں شرکت کر کے ان سے اپنی محبت کا ثبوت دیا۔
مرحوم کے انتقال پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سراج احمد خان کی کمی ایک طویل عرصے تک محسوس کی جاتی رہے گی۔ وہ واقعی "بھابڑا بازار کی پہچان” تھے، اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔ (آمین)
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |