جناح پارک میں محفلِ مشاعرہ کا شاندار انعقاد
اٹک ( سٹی رپورٹر) محکمہ بہبود آبادی کے زیرِ اہتمام اور کاروانِ قلم اٹک کے تعاون سے جناح پارک میں ایک پروقار اور یادگار محفلِ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا اس ادبی محفل میں شعر و سخن سے وابستہ معزز شخصیات، اہلِ ذوق سامعین اور ادب دوست حلقوں نے بھرپور شرکت کی۔
محفل کی صدارت معروف شاعر جناب سعادت حسن آس نے کی جبکہ جناب شیخ آفتاب احمد (ممبر قومی اسمبلی پاکستان) بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ محفل کی نظامت کے فرائض نہایت خوش اسلوبی سے نزاکت علی نازک (چیئرمین کاروانِ قلم اٹک) نے انجام دیے۔
تقریب کا آغاز محمد طارق کی پُرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعلین حیدر سلطان نے عقیدت و احترام کے ساتھ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کر کے محفل کو روحانی فضا عطا کی۔
محفلِ مشاعرہ میں جن شعرائے کرام نے اپنا کلام پیش کیا اُن میں جناب سعادت حسن آس، نزاکت علی نازک، ڈاکٹر جمیل حیات، عثمان ناظر، نجم الثاقب، ارسلان عاصی، محمد طاہر اور مہربان علی شامل تھے۔ شعراء کے کلام کو حاضرین نے خوب داد دی اور محفل دیر تک تالیوں اور تحسین کے نعروں سے گونجتی رہی۔
مہمانِ خصوصی جناب شیخ آفتاب احمد نے اپنے خطاب میں ادبی سرگرمیوں کو معاشرتی شعور کے فروغ کا ذریعہ قرار دیا اور کاروانِ قلم اٹک کی کاوشوں کو سراہا۔ صدرِ محفل جناب سعادت حسن آس نے اپنے صدارتی کلمات میں شعر و ادب کی ترویج کے لیے ایسی محفلوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
آخر میں منتظمین نے تمام مہمانانِ گرامی، شعراء اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ یہ محفلِ مشاعرہ ادب دوستی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کی ایک خوبصورت مثال ثابت ہوئی۔
کاروانِ قلم کے وائس چیئرمین نعت گو شاعر سید حُبدار قائم علالت کی وجہ سے اس محفلِ مشاعرہ میں شرکت نہ کر سکے
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |