ججز استعفیٰ کیوں دے رہے ہیں ؟
ڈاکٹر رحمت عزیز خان چترالی*
پاکستان کا آئینی و عدالتی ڈھانچہ ہمیشہ سے ایک مسلسل ارتقا کا حصہ رہا ہے۔ پارلیمان کی مختلف ترامیم نے نہ صرف ریاستی اداروں کے اختیارات کے توازن کو متاثر کیا بلکہ عدلیہ کی ساخت اور کردار پر بھی گہرا اثر چھوڑا۔ اسی سلسلے کی تازہ ترین کڑی 27ویں آئینی ترمیم ہے، جس نے اعلیٰ عدلیہ کے اندر ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے اور چند اہم ججز اور دیگر شخصیات کے استعفوں کا سبب بنی۔
پاکستان کا آئین 1973 میں تشکیل پایا، جس میں عدلیہ کی آزادی اور ریاست کے اداروں کی علیحدگی بنیادی اصول قرار دیے گئے۔ بعد ازاں مختلف حکومتوں نے آئین میں ترامیم کیں جن میں عدلیہ کے کردار، ججز کی تقرری اور اختیارات پر بھی اثرات مرتب ہوئے۔ 18ویں اور 19ویں ترمیم نے عدلیہ اور پارلیمان کے درمیان ایک نئے توازن کی بنیاد رکھی، مگر 27ویں آئینی ترمیم اس توازن کو ایک نئی سمت دیتی نظر آئی۔
ترمیم کے نتیجے میں سپریم کورٹ اور مجوزہ وفاقی آئینی عدالت کے ڈھانچے میں تبدیلیاں لائی گئیں۔ ان تبدیلیوں نے ججز کے مستقبل، تعیناتیوں، تبادلوں اور اختیارات پر ایسے سوالات کھڑے کر دیے جنہوں نے عدلیہ میں بے چینی پیدا کی۔ جسٹس اطہر من الله، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس شمس محمود مرزا کا استعفیٰ اور دیگر ججز نے عدالت سے علٰحدگی اختیار کی۔ لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس شمس محمود مرزا وہ پہلے ہائی کورٹ جج ہیں جنہوں نے 27ویں ترمیم کے بعد اپنے عہدے سے کنارہ کشی اختیار کی۔ ان کی تقرری 2014 میں ایڈیشنل جج کے طور پر ہوئی اور وہ 2028 میں ریٹائر ہونے والے تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ان کے استعفے میں واضح طور پر لکھا گیا کہ وہ آئینی ترمیم کے بعد اپنی خدمات جاری نہیں رکھ سکتے۔ ترمیم کے بعد تبادلے کے امکان نے بھی ان کے فیصلے کو تقویت دی۔ ان کا استعفیٰ صدر مملکت کو ارسال کر دیا گیا ہے، جو آئینی کارروائی کے بعد نافذ العمل ہوگا۔
یہ استعفیٰ اس لیے بھی اہم ہے کہ یہ عدلیہ کے اندر سے آنے والا پہلا مضبوط اشارہ ہے کہ ججز اس ترمیم کو کس نظر سے دیکھ رہے ہیں۔
سپریم کورٹ کے سینئر ججز کے استعفے بھی سامنے آگئے ہیں۔ 27ویں ترمیم کے منظور ہوتے ہی سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے عہدوں سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔ دونوں ججز عدلیہ کے آزادانہ کردار اور آئین کی بالادستی کے حوالے سے معروف تھے۔
اسی دوران جسٹس مسرت ہلالی نے وفاقی آئینی عدالت میں شمولیت سے معذرت کر لی، جس سے یہ تاثر مزید مضبوط ہوا کہ عدلیہ کے اندر اس ترمیم کے بارے میں تشویش موجود ہے۔
دوسری طرف جسٹس امین الدین کو وفاقی آئینی عدالت کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا اور موجودہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے حوالے سے واضح کر دیا گیا کہ وہ اپنی مدت مکمل کریں گے۔ ترمیم کے بعد چیف جسٹس کی تقرری کا معیار بھی بدل گیا اور سینئرٹی کی نئی تشریح سامنے آئی۔
ترمیم سے پیدا ہونے والے سوالات نے کھلبلی مچا دی ہے۔ یہ ترمیم کئی بنیادی سوالات کو جنم دیتی ہے کہ کیا اس سے عدلیہ کی آزادی متاثر ہوتی ہے؟
کیا ججز کا تبادلہ یا نئی عدالت کا قیام عدالتی ڈھانچے کو کمزور کرتا ہے؟
کیا چیف جسٹس کی تقرری کے نئے اصول آئینی اداروں میں اضطراب پیدا کریں گے؟
یہ سوالات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ عدلیہ اور پارلیمان کو اس مسئلے پر کھلے مکالمے کی ضرورت ہے۔
اعلیٰ عدلیہ کے ججز کا ایک ساتھ استعفیٰ دینا معمولی بات نہیں۔ پاکستان کی عدالتی تاریخ میں چند مواقع پر ایسے فیصلے سامنے آئے ہیں، مگر اس بار معاملہ ایک آئینی ترمیم کے ردعمل میں سامنے آیا ہے۔
ان استعفوں سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ ججز آئینی ڈھانچے میں ممکنہ مداخلت کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔
رحمت عزیز خان چترالی کا تعلق چترال خیبرپختونخوا سے ہے، اردو، کھوار اور انگریزی میں لکھتے ہیں۔ آپ کا اردو ناول ”کافرستان”، اردو سفرنامہ ”ہندوکش سے ہمالیہ تک”، افسانہ ”تلاش” خودنوشت سوانح عمری ”چترال کہانی”، پھوپھوکان اقبال (بچوں کا اقبال) اور فکر اقبال (کھوار) شمالی پاکستان کے اردو منظر نامے میں بڑی اہمیت رکھتے ہیں، کھوار ویکیپیڈیا کے بانی اور منتظم ہیں، آپ پاکستانی اخبارارت، رسائل و جرائد میں حالات حاضرہ، ادب، ثقافت، اقبالیات، قانون، جرائم، انسانی حقوق، نقد و تبصرہ اور بچوں کے ادب پر پر تواتر سے لکھ رہے ہیں، آپ کی شاندار خدمات کے اعتراف میں آپ کو بے شمار ملکی و بین الاقوامی اعزازات، طلائی تمغوں اور اسناد سے نوازا جا چکا ہے۔کھوار زبان سمیت پاکستان کی چالیس سے زائد زبانوں کے لیے ہفت پلیٹ فارمی کلیدی تختیوں کا کیبورڈ سافٹویئر بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کرکے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ آپ کی کھوار زبان میں شاعری کا اردو، انگریزی اور گوجری زبان میں تراجم کیے گئے ہیں ۔
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |