سہارا – Sahara
صفدر علی حیدری
"آپ اپنے ابّا سے کیوں نہیں کہتے کہ دیوار کے سہارے نہ چلا کریں؟ سفید دیواریں میلی کر دیتے ہیں۔ آخر کون روز روز پینٹ کروائے؟”
بیگم کا غصہ عروج پر تھا۔
میں نے آہستہ سے کہا،
"جب میں نے دیواریں پکڑ کر چلنا شروع کیا تھا، تب ابّا نے کبھی اعتراض نہیں کیا تھا۔ وہ تو میرا ہاتھ تھام کر مجھے چلنا سکھاتے تھے۔”
وہ فوراً بولی،
"تو آپ بھی ان کا ہاتھ تھام لیجیے… اور انھیں گھر میں گھما لیا کیجیے۔ دیواروں کو تو معاف کر دیں۔”
اور مجھے پہلی بار شدت سے محسوس ہوا
اب سہارا بننے کی میری باری ہے۔

میرا نام صفدر علی حیدری ہے ۔ پیدائش علی پور ضلع مظفر گڑھ کی ہے لیکن پلا بڑھا اوچ شریف میں ہوں اور رہائش بھی اسی شہر میں ہے ۔ایم فل اردو ہوں ایک استاد ہوں اور پچھلے تیس سال سے پڑھا رہا ہوں ۔ لکھنے کا آغاز بچپن سے کیا ۔ کالم نگاری بھی کی نامہ نگاری بھی ،پھر افسانہ نگاری اور افسانچہ نگاری کی طرف متوجہ ہوا ۔اب تک میری بارہ کتب شائع ہو چکی ہیں پچیس کتب زیر طبع ہیں شائع شدہ کتب کی تفصیل حسب ذیل ہے میری ایک کتاب کالمز پر ہے ” شہر خواب ” ایک ناول ہے ” عمران بٹہ عمران ” چار کتابیں ادب اطفال پر ہیں ” گھڑی کی ٹک ٹک ” ” ایک پہیے کی سائیکل” ” کمزور چوزا ” ” منٹو میاں ” چار افسانوں پر ہیں "مٹھی میں کائنات” ” ناقابل اشاعت ” ” من و سلویٰ ” ” الف سے یے تک ” ایک افسانچوں پر ہے ” ایک صفحے کے افسانچے ” میری تمام کتابوں پر ایم فل ، ایم اے اور بی ایس کی سطح پر کام ہو چکا ہے
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔iattockmag@gmail.com |