مقبول ذکی مقبول کی کتاب ٫٫ حُسنِ بیان ،، کا حُسن !
تبصرہ نگار : ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ( سرگودھا )
ضلع بھکر کو اَدبی سانچے میں ڈھالنے کے لیے مقبول ذکی مقبول نے ایک تحریک کا کام کیا ہے ۔ مقبول ذکی پاک دل و پاک باز شخصیت ہیں ۔ مانندِ سحر اُن کی ذات سب کے لیے ٹھنڈک کا باعث ہے ۔ وہ ہر طبقہ ءِ فکر میں اپنے نام کی طرح مقبولِ عام ہیں ۔ زندہ دل ہیں ۔ حلقہ ءِ یاراں میں وہ ریشم کی طرح نرم لیکن بلا جواز مخالفت کرنے والوں کے لیے دریاﺅں کے دل جس سے دہل جائیں وہ طوفان کا درجہ رکھتے ہیں ۔ وہ ایک حیرت انگیز شخصیت کے مالک ہیں ۔ قرطاس و قلم کے حوالے سے اَدبی دُنیا کی پیشانی پر ایک جھومر ہیں ۔ نہایت مخلص اور مرنجاں مرنج انسان ہیں ۔ انسان شناس ہیں ۔ اَدب دوست ہیں ۔ اُنھوں نے بھکر کے صاحبانِ علم و فضل کو ایک گلدستے میں محفوظ کر لیا ہے جس کی دل آویز خوشبو ہمیں مہک عطاءکرتی رہے گی ۔ ٫٫ حسنِ بیان ،، مقبول ذکی مقبول کے مضامین اور تبصروں پر مشتمل کتاب ہے جس میں انھوں نے زیادہ تر بھکر کے اہلِ قلم کا ذکر کیا ہے ۔ انھوں نے میانوالی اور دیگر قریبی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے اہلِ قلم پر قلم اٹھا یا ہے ۔ یہ کتاب ٫٫ حسن بیان ،، ممتاز پبلی کیشنز ، لاہور نے بڑے اہتمام سے 2025ء میں شائع کی ہے ۔ یہ کتاب 160 صفحات پر مشتمل ہے جب کہ کتاب کی قیمت 1200 روپے رکھی گئی ہے ۔ ٫٫ حُسنِ بیان ،، میں ابتدائی تین مضامین بڑے اہم اور بڑے مفید ہیں ۔ بھکر کی ادبی تاریخ کو سمجھنے کے لیے یہ تینوں مضامین سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ پہلا مضمون ٫٫ بھکر کے معروف اُردو غزل گو ،، ، دوسر ا مضمون ٫٫ بھکر میں نظم نگاری ٫٫ جب کہ تیسرا مضمون ،، بھکر میں افسانہ اور ناول ،، ہے ۔ بھکر کے معروف اُردو غزل گو شعرا میں پروفیسر ڈاکٹر محمّد اشرف کمال مغل ، اقبال حسین ، پروفیسر جاوید عباس جاوید ، پروفیسر ڈاکٹر سعید عاصم ، نجف علی شاہ بخاری ، انیل چوہان ، پروفیسر محمّد افضل راشد ، شاہد بخاری ، ارشد حسین ، الطاف اشعر بخاری ، ڈاکٹر خالد جاوید اسراں ، پروفیسر عمران راہب ، پروفیسر رامش پیر زادہ ، عامر شاہ ، کاظم حسین کاظم ، ڈاکٹر شعیب صدیقی ، ملک نعمان حیدر حامی ، دامن انصاری ، منظر انصاری اور عامر عباس کا بطور خاص ذکر کیا ہے ۔ عزیزم ذوالفقاراحسن نے بتایا کہ جدید اُردو غزل کا ایک بڑا نام شکیب جلالی بھی بھکر میں تین سال تک ملازمت کے سلسلہ میں وہاں رہے اور انھیں بھکر کے شعرا میں شمار کیا جا تا رہا ہے بل کہ پروفیسر جاوید عباس جاوید نے بھکر کے شعرا پر جو ایم فل کا تحقیقی مقالہ لکھا ہے جس میں شکیب جلالی کا ذکر بھی کیا تھا ۔ جاوید عباس جاوید کا مضمون ذوالفقار احسن کی کتاب ٫٫ شکیب جلالی شخصیت اور فن ،، میں بھی شامل ہے ۔ آئندہ کسی ایڈیشن میں شکیب جلالی کو بھی کتاب کی زینت بنانا چاہیے ۔ بھکر کے اُردو غزل کے شعرا کا تعارف اور نمونہ کلام پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کس سطح کے معیاری اور عمدہ شعر کہتے ہیں ۔
تم میری تصویر بنا کر لائی ہو
یعنی میں دیوار سے لگنے والا ہوں
پر وفیسر ڈاکٹر شعیب صدیقی
ڈھونڈتے ہو وفا زمانے میں
تم بھی اشرف کمال کرتے ہو
پر وفیسر ڈاکٹر اشرف کمال
٫٫ بھکر میں نظم نگاری ،، میں تقریباً وہی غزل والے شعرا شامل تھے تاہم کچھ مزید نام بھی سامنے آئے ہیں جن میں ظفر عباس ، پروفیسر بشیر احمد بشر ، علی شاہ ، پر وفیسر قلب عباس عابس ، تنویر حسین فائز بخاری ، ابرار شاہ اکرام اللّٰہ نیازی اور پروفیسر افضل راشد شامل ہیں ۔ نہایت اہم نظمیں بطور نمونہ پیش کی گئی ہیں ۔ڈاکٹر فرحت عباس نے اپنے مضمون میں کہا ہے کہ بھکر کے غزل گو اور نظم گو شعرا میں کہیں کوئی خاتون شاعرہ دکھائی نہیں دی ۔ وہ اس ضمن میں لکھتے ہیں :
٫٫ میرا خیال ہے کہ ٫٫ حُسنِ بیان ،، عہد موجود کا فکری آئینہ اور قلم کا جمالیاتی اظہاریہ ہے ۔ اُردو ادب کو اس نوع کے مزید تجربات کی ضرورت ہے جو نئی نسل کے اندر اظہار ، تحقیق اور تفکر کا جذبہ پید ا کریں اس کتاب میں بھکر کی سرزمین کے نسائی حوالے سے کوئی قابل ذکر مضمون یا حوالے نہیں شاید اس کا سبب بھکر کی علاقائی ، معاشرتی اور روایتی تہذیب کا عمل دخل ہو لیکن مقبول ذکی مقبول کا یہ کام اُردو قلمی روایت میں ایک سنجیدہ اور بامعنی اضافہ ہے جسے ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا ۔ ،،
مقبول ذکی مقبول کا مضمون ٫ بھکر میں افسانہ اور ناول نگاری ،، میں بہت سے افسانہ نگار اور ناول نگاروں کا ذکر ، ان کا تعارف ، افسانہ نویسی اور ناولوں کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں ۔ ضلع بھکر کا حدو د رابعہ بھکر کی چار تحصیلیں بھکر ، دریا خان ، کلورکوٹ اور منکیرہ اِن تحصیلوں میں رہنے والے افسانہ اور ناول نگاروں کو کتاب کا حصّہ بنایا ہے ۔ یہ مضمون معلومات افزاء ہے ۔ جن میں ابو العمار بلال مہدی ، انیل چوہان ، الطاف اشعر بخاری ، جاوید عباس جاوید ، خالد اسراں ، خالق داد چھینہ ، عباس خان ، علی شاہ ، غزالہ کشور ملک ، غلام محمّد تقی متین کوٹلہ جامی ، فرحت پروین ، محمّد اشرف کمال ، محمّد ضیا المصطفیٰ ، محمّد رفیق چغتائی ، ملک نعمان حیدر حامی ، منیر بلوچ ، منظور حسین قریشی اور نذیر احمد نذیر ڈھالہ خیلو ی کے نام شامل ہیں ۔
ضمیر بخاری کے فکر و فن پر تحریر کردہ مضمون ٫٫ ضمیر بخاری ایک جھلک ،، اپنی افادیت رکھتا ہے جس سے اُن کی تحریر کا ضمیر بخوبی عیاں ہے ۔ وہ ہمہ صفت ہیں ۔ اُن کی جاندار تحریریں بھکر کے اَدبی ذوق کی آئینہ دار ہیں ۔ اُن کے بھائی عاصم بخاری کی شاعری پر دو مضامین شامل کیے گئے ہیں جن میں پہلا مضمون ٫٫ عاصم بخاری کی ،، شوگری شاعری ٫٫ کا تجزیاتی مطالعہ ،، پھر ٫٫ عاصم بخاری کی شاعری کا ایک اہم موضوع …. بیٹی ،، پہلے مضمون میں شوگر کے حوالے سے نصیحت آموز اشعار درج ہیں ۔ پھر دوسرے مضمون میں ٫٫ بیٹی ،، کے حوالے سے اشعار دیئے گئے ہیں ۔
مختلف زاویوں سے برتا ہے
لفظ بیٹی کو میں نے شعروں میں
مثل مہماں کے بیٹیاں ہوتیں
بیٹیوں کا خیال رکھتے ہیں
ظلم کی انتہا نہیں تو کیا
آپ تو بیٹی کا بھی حق کھاتے
بیٹیوں کی تو قدر پوچھ ان سے
جن گھروں میں کہ یہ نہیں ہوتیں
سو دُعاؤں کی اک دُعا یاربّ
بیٹیوں کے نصیب اچھے کر
مقبول ذکی مقبول نے جہاں بھکر کے شعرا کے تذکرہ کیا ہے بعد میں ان میں سے چند شعرا پر بھر پور مضامین بھی لکھے ہیں ۔ جن میں جاوید عباس جاوید کے فکر و فن پر بھی ایک مضمون شامل ہے ۔ اُن کے شعری مجموعوں کا جائزہ بھی لیا گیا ہے ۔ اسی طرح محمّد اقبال بالم اور سید طاہر شیرازی پر بھرپور مضامین شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ کچھ کتابوں پر تبصرے بھی موجود ہیں جن میں پروفیسر ڈاکٹر اشرف کمال کی کتاب ٫٫ ڈاکٹر خلیل طو قار شخصیت اور فن ،، اور سید حُب دار قائم کی کتاب ٫٫ اِرتسامِ خیال ،، شامل ہیں ۔ مقبول ذکی مقبول نے کتابوں پر تبصرے بڑی عمیق نظری سے کیے ہیں ۔ ٫٫ حُسنِ بیان ،، کا بیانیہ مقبول ذکی مقبول کی تحقیق و تنقید میں اپنی مثال آپ ہے ۔ جس طرح دُنیا کے تمام انسانوں کے بالوں کا رنگ ، آنکھ کی پتلی کا رنگ اور انگلیوں کے نشانات مختلف ہیں ۔ اِسی طرح ہر تخلیق کار اپنی پہچان رکھتا ہے ۔ مقبول ذکی مقبول دوست بناتے ہیں اور پھر اِسے نبھاتے ہیں ۔ دوسروں کو متعارف کروانے میں وسیع الظرف اور وسیع القلب ہیں ۔ اُنھیں بھکر کی اَدبی تاریخ سے مائینس کریں تو بھکر میں اَدبی قحط پڑ جائے ۔ یہ کتاب اَدبی ذوق رکھنے والوں کے لیے ایک تحفہ ہے ۔
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |