ضلع اٹک کی ادبی بیٹھکیں
تحریر: اظہر سجاد
ضلع اٹک کے شعراء اور نثر نگار قیامِ پاکستان سے قبل ہی علم و ادب کی ترویج و ترقی کے لیے کوشاں رہے ہیں۔ یہاں اُردو کے ساتھ ساتھ پنجابی ادب، خصوصاً کیمبلپوری لہجے، چھاچھی، پوٹھوہاری اور گھیبی لہجوں میں بھی بہت کام ہوا ہے۔ اس ادبی فضا میں یہاں کی ادبی بیٹھکوں، محافل اور دیگر ادبی سرگرمیوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ محترم سجاد حسن سرمد نے ضلع بھر کی ان ادبی بیٹھکوں پر بھرپور تحقیق کرکے انہیں دستاویزی شکل دے کر ایک اہم کام کیا ہے۔ اس سلسلے میں ان کی تحقیق کے دو حصے ”ضلع اٹک کی ادبی بیٹھکیں“کے نام سے شائع ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ حسین امجد اور سجاد حسن سرمد سہ ماہی ادبی مجلہ ”دھنک رنگ“ بھی شائع کرتے ہیں۔
میں سمجھتا ہوں کہ ”ضلع اٹک کی ادبی بیٹھکیں“ ایک ایسی تحقیقی کاوش ہے جسے کم از کم ادبی حلقوں میں ضرور سراہا جانا چاہیے، کیونکہ سجاد حسن سرمد نے جس محنت سے ضلع اٹک کی ادبی شخصیات اور بیٹھکوں کو ایک تاریخی دستاویز کی شکل دی ہے، وہ نہ صرف قابلِ تحسین بلکہ قابلِ تقلید بھی ہے۔
”ضلع اٹک کی ادبی بیٹھکیں“ حصہ دوم میں اٹک شہر کی جن ادبی بیٹھکوں کا ذکر کیا گیا ہے، ان میں گورنمنٹ کالج، ریلوے اسٹیشن، انڈس بار، سلطان محمود بسمل کا گھر (محلہ بجلی گھر)، حکیم حیدر واسطی کا مطب (کشمیر چوک)، نذر صابری کا کتب خانہ ”مقبولِ عام“، سید شاکر القادری کا دفتر اکادمی فروغِ نعت ضلع کونسل، افتخار مالیار کا تمباکو سینٹر، رانا افسر علی خان (ضلع کچہری)، مطلوب حسین طالب (جی پی او) اور مسعود احمد کے مدینہ کمپوزر پر منعقد ہونے والی محافل شامل ہیں۔
اس کے علاوہ حضرو میں مشتاق احمد مشتاق کے ایم غیاث جنرل اسٹور (محلہ مغربی ویسہ)، حکیم خان حکیم کے فیض بک ڈپو (کامل پور موسیٰ) اور سجاول غیاث مسافر کے سجاول خان جنرل اسٹور (طوطی بابا اڈہ، ویسہ) کا بھی تفصیلی ذکر کیا گیا ہے۔ ”ضلع اٹک کی ادبی بیٹھکیں“ میں سردار امیر مختار کے گھر (اٹک روڈ، مٹھیال، جنڈ) اور ابرار شاکر کے آکسفورڈ اسکول اینڈ کالج، پنڈی گھیب کی ادبی محفلوں کا تذکرہ بھی شامل ہے۔
سجاد حسن سرمد کا یہ تحقیقی کام ایک تاریخی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس سے نہ صرف نوجوان نسل کو اپنے علاقے کی ادبی روایت سے آگاہی حاصل ہوگی بلکہ ان میں ادب دوستی کا جذبہ بھی پروان چڑھے گا۔ سجاد حسن سرمد ضلع اٹک کی دیگر ادبی بیٹھکوں پر بھی تحقیق کر رہے ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی ان کی مزید تحقیق منظرِ عام پر آئے گی۔
”دھنک رنگ“ بھی اٹک سے شائع ہونے والا ایک مقبول ادبی مجلہ ہے، جس کے مدیرِ اعلیٰ حسین امجد اور مدیر سجاد حسن سرمد ہیں۔ ”دھنک رنگ۔ ۱۸“میں ساجد حیدر قائم کی خوب صورت نعت، عارف شاہ (کوہاٹ)، نظری ساگر (پشاور)، ایم۔ این۔ جدون (پشاور)، شرافت علی شاہ (کوہاٹ)، جمیل سراج (کوہاٹ) اور ہارون عدیل (کوہاٹ) کی غزلیں، نیز ڈاکٹر انور علی انور کی بہترین نظم "ردی کی ٹوکری سے اٹھائی گئی نظم” شامل ہے۔
افسانے کو بھی مجلے کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ڈاکٹر حسن گل سائل کے مختصر مگر خوب صورت افسانے ”ہپناٹزم“ میں انسانی نفسیات کو بڑی عمدگی سے پیش کیا گیا ہے۔ اس مجلے کی ایک خاص بات ضلع اٹک کے غزل گو شعراء نواز شاہد اور اسلم شاہد کا تعارف اور ان کی غزلیں بھی ہیں۔
نواز شاہد کے دو اشعار ملاحظہ ہوں:
خالی کمرہ، اُداسیاں اور میں
کچھ کتابیں، یقیں، گماں اور میں
پیالی چائے کی اور کچھ سگریٹ
ادھ کھلی کھڑکیاں، دھواں اور میں
اسلم شاہد بھی بہت عمدہ لکھتے ہیں۔ ان کی غزل کے دو اشعار ملاحظہ فرمائیے:
چراغوں کی ضرورت بڑھ گئی کیا
ہوا کی سمت ہجرت بڑھ گئی کیا
اندھیرے میں اکیلے رہ گئے تم
اُداسی کی ضرورت بڑھ گئی کیا
ڈاکٹر نذر عابد کا مضمون ”ناول اداس نسلیں اور پنجاب کا ثقافتی منظرنامہ“، ڈاکٹر شکل احمد خاں کے افسانوی مجموعے "خواب اور طرح کے” پر ڈاکٹر عادل سعد قریشی کا تبصرہ، مہ لقا نازی کا مضمون ”بنیان المرصوص: عالمی اثرات“ اور مریم مشتاق کا ”غفران کامل کی غزل کا فکری مطالعہ“ جیسے فکری اور تحقیقی مضامین اس مجلے کو ایک مکمل ادبی دستاویز بناتے ہیں۔
ادب دوست قارئین کو چاہیے کہ ان کتب کا ضرور مطالعہ کریں اور اپنی قیمتی آرا کا اظہار بھی کریں۔ اس طرح نہ صرف کتب بینی کو فروغ ملے گا بلکہ لکھاریوں کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔

اظہر سجاد کا تعلق کھوڑ کمپنی، تحصیل پنڈی گھیب، ضلع اٹک سے ہے۔ وہ شاعر، افسانہ نگار اور کالم نگار ہیں۔ ان کا افسانوی مجموعہ "تیسری دیوار” شائع ہو چکا ہے، جسے قارئین اور ناقدین کی جانب سے پذیرائی حاصل ہوئی۔ وہ حلقۂ اربابِ ذوق کھوڑ کے سابقہ سیکریٹری رہ چکے ہیں اور طویل عرصے سے ادبی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایم اے (انگریزی ادب) کیا ہے۔ پیشہ ورانہ زندگی میں سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO) سے وابستہ رہے، جبکہ اس وقت شعبۂ درس و تدریس سے منسلک ہیں۔ ادب، معاشرتی مسائل اور انسانی نفسیات ان کی تحریروں کے نمایاں موضوعات ہیں
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ایڈیٹر / مالک ای میگزین/ ویب سائٹ کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔iattockmag@gmail.com |