ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد

1

ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد

اٹک کے ادبی افق پر تیز روشنی کا ستارہ؛تقریر و تحریر،نظم ونثر،تنقید و تخلیق ، ہر میدان میں بہت ثروت مند ہیں‘‘اصل نام ارشد محمود ہے،”ناشاد” تخلص ہے لیکن ایک جگہ لکھتے ہیں” غزل میں بطور تخلص اس کا استعمال اب میں تقریباََ چھوڑ چکا ہوں”یکم جنوری1970ء میں تحصیل پنڈی گھیب  کے گاؤں ڈومیال میں ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے۔والد کا نام اصغر علی ہے۔ابتدائی تعلیم اپنے گاؤں سے حاصل کی؛لیکن ’’سیماب پائی کے باعث ثانوی تعلیم تک کئی ادارے تبدیل کیے ‘‘ 1986ء میں ایف جی بوائز ہائی سکول اٹک کینٹ سے میٹرک کا امتحان پاس کیا؛بعدازآں گورنمنٹ کالج اٹک میں داخلہ لیا اور1988ء میں ایف اے میں کامیاب ہوئے؛اسی کالج سے1991ء میں بی اے میں سر خ رو ہوئے۔1993ء میں پنجاب یونی ورسٹی سے ایم اے اردو اور1995ء میں ایم اے پنجابی کے امتحانات یکے بعد دیگرے پاس کیے۔2006ء میں ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی کی نگرانی میں ’’اردو غزل کا تکنیکی ،ہیئتی اور عروضی سفر ‘‘کے موضوع پر مقالہ لکھا اور پنجاب یونی ورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری لی۔1994ء میں اورینٹل ڈگری کالج اٹک سے ملازمتی زندگی کا آغاز کیا۔کچھ عرصہ پی اے سی کامرہ میں ایم او ڈی سی کور کے جوانوں کو پڑھاتے رہے۔ 1996ء میں پاکستان انٹر نیشنل پبلک سکول اینڈ کالج گوجرانوالہ میں استاد شعبۂ اردو مقرر ہوئے۔مارچ 1997ء میں گورنمنٹ کالج آف کامرس میں تعینات کیے گئے۔2007 میں علامہ اقبال اوپن یونی ورسٹی کے شعبۂ اردو سے منسلک ہوئے۔1985ء میں شعر گوئی کا آغاز کیا اوربزرگ شاعر اصغر بریلوی سے اصلاح لینے لگے۔بہت جلد اپنے جداگانہ اسلوب کی وجہ سےاٹک کے اساتذۂ فن کی توجہ حاصل کر لی۔شروع شروع میں شعر گوئی کے ساتھ ساتھ سخت گیر ناقد کے طور پر بھی شہرت حاصل کی بعد ازآں تحقیق کی طرف رجحان زیادہ ہو گیا۔علاقائی سطح کے علمی کام تو منظرِ عام پر آتے رہے لیکن ضلع اٹک کے لیے خلوصِ نیت سےعلمی کام کرنے کی بنیاد ارشد محمود ناشاد نے رکھی۔ضلع بھر کے تاریخی مقامات کی تصاویرلیں اور انھیں اپنے پاس محفوظ کر لیا،ضلع کے تاریخی مقامات کی اتنی تصاویر شاید ہی کسی کے پاس ہوں گی۔اصغر بریلوی کے بعد آپ نے غیر اعلانیہ طور پرنذر صابری کے سامنےزانوئے تلمذ تہہ کیا،نذر صابری کی صحبت ، تربیت،اعتماد اور حوصلہ افزائی نےان کی صلاحیتوں کوجلا ملی؛ان کی تنظیموں’’ محفل شعر و ادب اورمجلس نوادرات علمیہ کے اجلاسوں میں شرکت کے باعث ادب کا ذوق نکھرا‘‘۔اس کے بعدشہرت اورترقی کے مدارج یوں طے کیے کہ معجزہ معلوم ہوتا ہے۔محنت پر یقین نہ کرنے والوں کے لیے آپ مثال ہیں۔اردو اور پنجابی زبان میں لکھتے ہیں۔آغازِ سفر میں یوں دکھائی دیتا تھا کہ آپ پنجابی زبان و ادب کی طرف جائیں گے لیکن بعد ازآں آپ کا رجحان اردو زبان کی طرف دکھائی دیا۔1994ء میں قلم قافلہ، کھاریاں نے غزل ایوارڈ سے نوازا۔الاقربا فائونڈیشن ،اسلام آباد نے شاعری پر2004ء میں’’نشانِ سپاس‘‘عطا کیا۔’’آپنا گراں ہووے‘‘پر مسعود کھدر پوش ایوارڈ حاصل کیا۔ عروض پر کامل دست گاہ حاصل ہے۔1990میں پنجابی ادبی سنگت کی بنیاد رکھی؛اس کے علاوہ پاکستان رائٹر گلڈلاہور،مجلس نوادراتِ علمیہ اٹک،اقبال اکادمی پاکستان لاہور کے رکن ہیں۔رسالہ ’’پنجابی ادب،اٹک نمبر‘‘کی ادارت کی۔ماہ نامہ “اسلوب اٹک”کے ادبی حصے کی ادارت بھی کی،

ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد
ڈاکٹرارشد محمود ناشاد

“آنکھوں دیکھا”ا خبار کے ادبی گوشہ بھی مرتب کرتے رہے۔ گورنمنٹ کالج آف کامرس کے مجلے’’امکان‘‘کے پہلے مدیر ہونے کا اعزاز حاصل ہےنیز ’’امکان ‘‘کا اجرا آپ کی مسلسل کوشش کا منت پذیر ہے ۔۔’’سرمد اکادمی‘‘کے نام سے ایک اشاعتی ادارہ بھی ان کی ملکیت ہے۔

 تصانیف و تالیفات:

آغوشِ گل (شاعری) ، مقالاتِ برق(ترتیب)، ابھی تک تم نہیں سمجھے(شاعری) ، ضلع اٹک دے پنجابی شاعر(تحقیق) ، اشلوک(ترجمہ)،اٹک کے اہلِ قلم(تحقیق)،یاد گار احمد بخش برننگ،چھاچھی بولی(تحقیق)،آفتاب ِسر ہند،اردو غزل کا تکنیکی ،ہیئتی اور عروضی سفر ( تحقیق ) ، مکاتیب ِ رشید حسن خاں بنام رفیع الدین ہاشمی ،مکاتیبِ آرزو بہ نام ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی،رنگ ( شاعری:اس مجموعے کا ابتدائی نام ’’ اجما ل ‘‘تھا)،اپنا گراں ہووے(تحقیق)،تذکرۂ علما(تحقیق)،اطرافِ تحقیق (تحقیق)،بادہ ٔ ناخوردہ ،انتخاب کلیاتِ میر ،کتاب نامہ (مثنوی)،جادۂ تحقیق (تحقیق)  ،کتب خانہ مولانا محمد علی مکھڈی دے پنجابی خطی نسخے، شاہ نصیر:ترتیب و تعارف،تدریسِ علومِ شعریہ(تدوین) ،وغیرہ کے نام شامل ہیں۔

حوالے:

(1)۔نذر صابری،ارمغانِ اتک بحضور سیدِ لولاکﷺ،محفل شعرو ادب ، اٹک ، 009،ص192

(2)ارشد محمود ناشاد،خط،مشمولہ:صحیفہ،لاہورجنوری تا جون2017،،مجلس ترقیِ ادب،ص463

(3)ارشد محمود ناشاد،اٹک کے اہلِ قلم،پنجابی ادبی سنگت، اٹک، جون 2000، ص 108

(4)ارشد محمود ناشاد،اٹک کے اہلِ قلم،پنجابی ادبی سنگت، اٹک، جون 2000، ص 108

ماخذات:

(1)۔ارشد محمود ناشاد،ضلع اٹک دے پنجابی شاعر،پنجابی ادبی سنگت ، اٹک ، 1995، ص  92

(2)۔ارشد سیماب ملک،تذکرہ،قندیل ادب،اٹک،اکتوبر2012،ص208

(3)۔اہل قلم ڈائریکٹری،اکادمی ادبیات اسلام آباد،2008،ص23

(4)۔ارشد محمود ناشاد،اٹک کے اہلِ قلم،پنجابی ادبی سنگت، اٹک، جون 2000، ص 108

(5)۔نذر صابری،ارمغانِ اتک بحضور سیدِ لولاکﷺ،محفل شعرو ادب ، اٹک ، 2009،ص192

nusrat bukhari

پروفیسر نصرت بخاری

مدیر اعلی

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

streamyard

One thought on “ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد

Comments are closed.

Next Post

بلند فشار خون (ہائی بلڈ پریشر)اور موسم سرما

جمعرات نومبر 26 , 2020
کیا سردی کی وجہ سے فشار خون بلند (blood pressure high ) ہوسکتا ہے ؟ اس کی وجوہات اور بچاؤ کی تدابیر کیا ہیں؟
بلند فشار خون (ہائی بلڈ پریشر)اور موسم سرما

مزید دلچسپ تحریریں