“تم جو چاہو کر سکتے ہو”
یہ نظم
تمہاری خاطر ہے
تحریر : مقبول ذکی مقبول ، بھکر پنجاب پاکستان
بچوں کی نظموں پر مشتمل عاصم بخاری کی یہ سبق آموز کتاب ہے ۔ جس کا فرنٹ فلیپ ڈاکٹر شاکر کنڈان سرگودھا نے لکھا ہےاور بیک فلیپ کی زینت ڈاکٹر اسرار انجم کی راۓ ہے ۔بیک ٹائیٹل معروف محقق ماہنامہ “اسالیب” کے مدیر ذوالفقار احسن صاحب کا لکھا ہے ۔ اس کتاب کا انتساب۔۔۔۔” بچپن کے سنہری دور کے نام ہے ۔2020ء میں ارسلان پبلی کیشنز لاہور نے دیدہ زیب ٹائیٹل کے ساتھ شائع کیا ہے ۔ میانوالی میں اپنی نوعیت کی یہ پہلی کتاب ہے جس میں اتنی دلچسپ اور سبق آموز و دانش افروز نظمیں پڑھنے کو ملتی ہیں ۔ اس کتاب کا دیباچہ بچوں کے ہر دل عزیز قلم کار ماہنامہ پھول لاہور کے مدیر اور اکادمی ادبیات اطفال لاہور کے چیئرمین شعیب مرزا صاحب نے بڑی دل جمعی کے ساتھ لکھا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ عاصم بخاری کی بچوں کی شاعری سے متعلق پروفیسر ریاض احمد قادری صاحب فیصل آباد کا بچوں کی شاعری اور عاصم بخاری کی شعری خصوصیات کا احاطہ کرتا ایک طویل اور مبسوط مضمون بھی شاملِ کتاب ہے ۔ جس سے ادبِ اطفال کی ضرورت اہمیت اور افادیت کے ساتھ ساتھ پروفیسر عاصم بخاری کے مقام و مرتبہ کا ادبِ اطفال میں خوب صورتی سے تعین کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں موضوع کی مناسبت سے عاصم بخاری کی بچوں کی شاعری سے متعلق فکری و فنی لحاظ سے مترنم بحروں کی بحث پر عاصم بخاری کی بچوں کی شاعری سے متعلق مشاہداتی و تجرباتی نفسیات کے عین مطابق نظمیں اور نظموں میں بچوں کی سطح و دل چسپی کا خیال رکھتے ہوئے الفاظ کا چناؤ اور برتاؤ قابلِ داد ہے ۔
پروفیسر عاصم بخاری ایک ایسے شاعر و ادیب ہیں جو ہمہ وقت کسی نہ کسی منفرد اور اچھوتے موضوع پر کام کر رہے ہوتے ہیں ۔ کبھی عورت کے حوالے سے” ظلم عورت پہ “کے عنوان سے ان کی نظموں پر مشتمل کتاب آ رہی ہے تو کبھی فردیات (شعروں ) کی صورت نمایاں کام کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔کبھی ” اثاثہ ” کےعنوان سے ان افسانچوں کی آمد آمد ہوتی ہے تو کبھی پارہ پارہ کے عنوان سے قطعات(شاعری) کی بازگشت و دھوم ہوتی ہے ۔ ہر آنے والا کام پہلے سے مختلف اور کامیاب و مفید تجربہ ہوتا ہے ۔ یہی عاصم بخاری کا دنیائے نظم و نثر میں خاصا ، اعزاز اور امتیاز ہے ۔ بچوں کے ادب کے حوالے سے بہت کم لکھا جا رہا ہے ۔ عاصم بخاری بھی ان ہی لکھاریوں کی صف میں شامل ہیں جو ہر ماہ اور ہر قومی و ملی موقع نظم کی صوت ادبِ اطفال میں مختلف اخبارات رسائل اور جرائد میں تواتر و تسلسل سے چھپتے آ رہے ہیں ۔ ان کی تحریریں رسائل ماہنامہ “پھول” لاہور ماہنامہ “تعلیم و تربیت “لاہور” سچی کہانیاں” انوکھی کہانیاں” ماہنامہ مہک” کراچی اورماہنامہ” کشمیری پھول” مظفر آباد آزاد کشمیر شامل ہوتی ہیں ۔ان کی بچوں کی نظموں کے موضوعات میں تنوع ہے ، ورائٹی ہے یکسانیت کا احساس نہیں ۔ ہر نظم کا انداز اپنا ہے ۔ دلچسپی کا حامل ہے نظموں کی بحریں چھوٹی اور مترنم ہیں جو کہ بچوں کے مزاج سے میل کھاتی اور شاعر کے شعور کی پختگی کا بھی پتہ دیتی ہیں ۔ نمونہءِ کلام کے طور پر ایک نظم کے چند بند
تم آن ہماری ہو بچو
تم شان ہماری ہو بچو
تم جان ہماری ہو بچو
تم جو چاہو کر سکتے ہو
یہ نظم تمہاری خاطر ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کل تم ہی ڈور سنبھالو گے
مشکل سے اور نکالو گے
اِس دیس کو اور اجالو گے
تم جو چاہو کر سکتے ہو
یہ نظم تمہاری خاطر ہے
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔