منزل ہے جن کی ستاروں سے آگے

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
منزل ہے جن کی ستاروں سے آگے از تسنیم جعفری

تبصرہ : قانتہ رابعہ، گوجرہ


تاریخ کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جو قوم اپنے ماضی اور تاریخ کو فراموش کر دیتی ہے اس کا حال اس شخص جیسا ہوجاتا ہے جس کی یاداشت کھو جائے ،
ماضی میں وہ شخص کتنا ہی بڑا دانشور ،یا اہم کردار رہا ہو محض حافظہ کی رخصتی سے وہ دیوانہ اور پاگل سمجھا جانے لگتا ہے ہر کام میں اس کی رائے لینے والوں کے نزدیک بھی وہ دو کوڑی کا نہیں رہتا ۔
انفرادی سطح پر ہو یا قومی سطح پر ماضی کو یاد رکھنے والے اپنی تاریخ کو یاد رکھنے والے ہمیشہ سرخرو رہتے ہیں-کتاب ،منزل ہے جن کی ستاروں سے آگے ،انہی تابناک ہستیوں کے متعلق ہے جنہوں نے زندگی کے کسی نہ کسی شعبے میں انسانیت کا سر فخر سے بلند کیا۔
اہم بات یہ ہے کہ ان سب کا تعلق صنف نازک اور پاکستان کی سر زمین سے ہے -اسلام میں علم کی طلب میں خواتین یا مردوں کی تخصیص نہیں ہے یہ بطور انسان سب پر علم کے دروازے کھول کران میں سے گزرنے کی صرف تلقین ہی نہیں کرتا بلکہ لازم قرار دیتا ہے۔
اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ کہ اللہ نے آخری کتاب کی پہلی تعلیم شرک سے بیزاری ،بے حیائی یا حرام خوری سے بچنے کی تاکید کی بجائے صرف اور صرف اقراء ،کی دی پڑھنے کا تعلق علم سے ہے اور العلم نور ،کہہ کر ثابت کر دیا گیا جس دین کا آغاز روشنی کی تعلیمات سے ہوگا توساری جہالتیں اور تاریکیاں خود ہی دور ہوجائیں گی ۔
کتاب میں ڈاکٹر فاطمہ جناح سمیت ان پینتالیس خواتین کا تزکرہ ہے جو اپنے علم کی روشنی سے اپنے علاقے کو ہی نہیں پورے ملک میں منور کر چکی ہیں اور بین الاقوامی سطح پر ان کے علم کی کرنیں پھیل چکی ہیں۔
یہ خواتین جن کے تزکرے سے کتاب کے ایک سو تیس صفحات مزین ہیں- ان تھک محنت ،حوصلے سے کام لیتے ہوئے اس مقام تک پہنچی ہیں کہ ان کا نام اپنے اپنے شعبوں میں ان کی شناخت بن چکا ہے ان میں سے کوئی پاکستان کی پہلی دندان ساز معالج ( ڈینٹسٹ) ہیں تو کوئی پہلی نئیو کلئر فزسٹ (پروفیسر ہاجرہ خان)کوئی پہلی مائیکرو بیالوجسٹ (ڈاکٹر رابعہ حسن) ہے تو کوئی زرعی سائنسدان (فرزانہ پنہور)،کوئی ماہر خلاباز (آسٹرو فزسٹ) ہے تو کوئی وائس چانسلر کوئی آئی ٹی ایکسپرٹ،الغرض یہ پینتالیس خواتین نہیں پینتالیس روشن ستارے ہیں جنہوں نے ان تھک محنت سے عورت کو مجبور یا بے بس نہیں سمجھا بلکہ تعلیم ایک مشن کے تحت حاصل کی ان کے دماغ تحقیق میں کسی بھی مرد سے کم نہیں بلکہ کچھ شعبہ جات میں وہ مرد سے بھی آگے نکل سکتی ہے ۔

منزل ہے جن کی ستاروں سے آگے


ڈاکٹر فاطمہ جناح ہوں یا نسیمہ ترمزی،پروفیسر ہاجرہ خان ہوں یا ڈاکٹر نرگس مالوالا یہ سب کے لیے ایک مثال ہیں-ان میں سے صرف چند ایک کے حالات زندگی کتاب میں شامل ہیں باقیوں کے بارے میں تعلیمی سرگرمیاں اور سرٹیفیکیٹ اعزازات کا تزکرہ ہے ۔ان میں سے وہ خواتین بطور خاص قابل مثال ہیں جو ناساز گار حالات کے باوجود جنونی جذبے سے حصول علم میں مشغول رہیں اور وہ بھی جنہوں نے ثابت کیا کہ عورت اگر آگے بڑھنا چاہے تو بچے اور ان کی ذمہ داریاں بھی پاؤں کی زنجیر نہیں بن سکتی ۔ان میں سے وہ خواتین بھی شامل ہیں جنہوں نے سائنسی مضامین کے ساتھ ساتھ ادب اور اس کی دونوں اصناف سے بھی دلچسپی برقرار رکھی ۔ایک نہیں بہت سے نام ہیں مگر ڈاکٹر نسیمہ ترمزی کا نام بطور خاص لینا چاہوں گی کہ روزنامہ جنگ کے ادارتی صفحہ پر ان کے کالم کی الگ ہی شان تھی اردو ادب کے نامور گھرانے سے تعلق نے انہیں ادب پرور بنائے رکھا ۔ایک سوال کے جواب میں نسیمہ ترمزی بتاتی ہیں:
،،عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ سائسندان مذہب سے دور ہوتا ہے اگر میں بیالوجسٹ نہ ہوتی تواتنی مضبوطی اور استحکام میرے ایمان میں نہ ہوتا جتنا اب ہے میں اپنے طور پر بہت سی اسلامی کتب کا مطالعہ کرتی ہوں لیکن وہ سچائی اور یقین جو مجھے ان ننھے منے آبی حیوانات سے حاصل ہوتا ہے جن پر ہم ریسرچ کرتے ہیں وہ کہیں اور سے نہیں ملتا،،
ان کے علاؤہ بینا گوئندی ،ڈاکٹر من تشآء ضیاء ،فرخندہ منظور تسنیم زہرہ جبیں جیسی مایہ ناز سائنسدانوں کا بھی ادب سے تعلق ڈھکا چھپا نہیں ہے۔
یہ کہنا کہ بڑے شہروں کے تعلیمی اداروں سے بڑی شخصیات پیدا ہوتی ہیں اس کتاب سے غلط ثابت ہوا صدف احمد ( آئی ٹی ایکسپرٹ اور روبوٹکس کلب کی بانی) کا تعلق شیخورہ اور گل شہناز کا تعلق جنوبی پنجاب کے نسبتاً کم معروف علاقے کہروڑ پکا سے ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر شہناز گل جنہیں لورئیل انٹر نیشنل فیلو شپ ایوارڈ ملُ چکاہے -یہی نہیں وہ پہاڑی علاقے جہاں مرد بھی زیور تعلیم سے آراستہ نہیں ہوتے وہاں سے ڈھیروں خواتین نے سائنسی علوم میں مہارت حاصل کی اور ملک کا نام پوری دنیا میں بلند کیا۔
پاکستانی نژاد خاتون سائنسدان راکٹ انجینئر حبا رحمانی ریاضی میں سو میں سے ایک سو پانچ نمبر لے چکی ہیں وہ کہتی ہیں :
،،بچپن ہی سے مجھے آسمان بہت خوبصورت لگتا تھا مجھے یاد ہے کہ جب میں اپنے والدین کے ساتھ ساحل سمندر کی سیر کر رہی ہوتی تھی یا صحرا کی ریت پر چل رہی ہوتی تھی تو میری نظر اوپر آسمان پر ہوتی تھی میں چاند ستاروں کو دیکھتی رہتی تھی اور نیل آرمسٹرانگ جیسے خلا نوردوں کے بارے میں سوچتی رہتی تھی جنہوں نے چاند پر قدم رکھا تبھی مجھے سائنس اور فلکیات سے دلچسپی ہوگئی ،
حباء کہتی ہیں سترہ سال کی عمر میں مجھے اپنی فیملی سے دور فلوریڈا آنا پڑا تو پتہ چلا کہ زندگی کتنی سخت ہے لیکن وہ میرے لیے چیلنج تھا مجھے سب کچھ سیکھنا پڑا کھانا پکانا،بھی سیکھاپہلے سمیسٹر میں فزکس اور کیلکیولس میں اچھے نمبر نہیں آئے کیونکہ کویت اور اور یہاں کے طریقہ تعلیم میں فرق تھا میں دلبرداشتہ تو ہوئی لیکن لائبریری میں زیادہ وقت گزارنے لگی جہاں فزکس کی کتب پڑھا کرتی آہستہ آہستہ میری پوزیشن بہتر ہونے لگی اور وہ وقت بھی آیا جب میں ریاضی میں سو میں سے سو نمبر دے کر پانچ نمبر بونس میں دئے گئے۔
یہ سب خواتین اپنی معاشرتی اقدار کا خیال رکھنے والی اور اپنے قریبی رشتوں کے لیے خاص تعلق رکھنے والی ہیں ۔
ان سب سے سیکھنے کے لئے بہت کچھ ملتا ہے گو کہ زیادہ تر کے حالات زندگی گوگل سے لئے گئے ہیں لیکن اتنا بھی قابل رشک یے یہ مردوں کے شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے ان سے اگے نکل کر خواتین کے لیے ہی نہیں مردوں کے لیے بھی قابل تقلید مثال بن گئی ہیں ۔
اس کتاب کی مرتبہ مایہ ناز ادیبہ اور سائنس کی معلمہ محترمہ تسنیم جعفری ہیں اردو ادب میں معاشرتی اصلاح کے لیے ان کی کتب اور ناول ان کا بہترین تعارف ہیں موصوفہ نے بہت سے اعزازات کے ساتھ یو بی ایل لٹریری ایوارڈ بھی جیتا ہوا ہے جس کام کا بیڑہ اٹھاتی ہیں اسے بخوبی پایہ تکمیل تک پہنچا کر مثال قائم کرتی ہیں ۔
خوبصورت سرورق عمدہ طباعت کے ساتھ یہ کتاب کچھ کر گزرنے کے شوقین طلبہ و طالبات کے لیے یہ کتاب بہترین تحفہ ہے پریس فار پیس فاؤنڈیشن اس کی پوری ٹیم پروفیسر ظفر اقبال صاحب اور محترمہ تسنیم جعفری صاحبہ مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اس تاریخ کو تاریخ کا حصہ بنایا۔

 قانتہ رابعہ

گوجرہ

مدیرہ | تحریریں

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

streamyard

Next Post

دو ملاؤں کے درمیان 'مرغی' حرام!

اتوار مئی 7 , 2023
جمہوریت کی تعریف کے مطابق یہ طرز حکومت عوام سے اور عوام کے لئے ہوتا ہے۔ لیکن ہمارے ہاں تو معاملہ بلکل الٹ ہے۔ بقول اقبال بندوں کو گننا اور تولنا
دو ملاؤں کے درمیان ‘مرغی’ حرام!

مزید دلچسپ تحریریں