اٹک میں کتاب میلے کی روایت
اٹک میں کتاب میلے کی روایت
ڈاکٹر شجاع اختر اعوان
کیمبل پور موجودہ اٹک محض ایک تاریخی شہر نہیں بلکہ تہذیب، ثقافت، علم و ادب اور روایات کی ایک ایسی سرزمین ہے جس نے ہمیشہ اہلِ علم، اہلِ قلم اور صاحبانِ فکر کو جنم دیا ہے۔ اس دھرتی کی مٹی میں تاریخ کی خوشبو بھی ہے اور ادب کی روشنی بھی۔ کسی معاشرے کی فکری بالیدگی اور تہذیبی شعور کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہاں کتاب، قلم اور صاحبِ کتاب کو کتنی اہمیت دی جاتی ہے۔ کتاب میلہ دراصل اسی شعور کی ایک خوب صورت علامت ہے؛ ایسا اجتماع جہاں کتابیں محض فروخت نہیں ہوتیں بلکہ خیالات ایک دوسرے سے ملتے ہیں، ذہنوں کے دریچے کھلتے ہیں اور نئی نسل کو علم و مطالعے کی طرف راغب ہونے کا موقع ملتا ہے اٹک میں کتاب میلے کی روایت کا آغاز چند اہلِ درد، کتاب دوست اور ادب سے محبت کرنے والے افراد کے ایک خواب سے ہوا۔ یہ خواب کسی ایک فرد کی کوشش کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ چند مخلص لوگوں کی مشترکہ سوچ، محنت اور مسلسل جدوجہد کا ثمر تھا۔ لیجنڈ شاعر مشتاق عاجز، معروف ادیب پروفیسر نصرت بخاری، شاعر و محقق طاہر اسیر اور ادبی سرگرمیوں کے سر پرست اعلی سید مونس رضا جیسے اہلِ قلم اور راقم الحروف نے اس خیال کو عملی شکل دینے کے لیے قدم بڑھایا۔ہمارے پیشِ نظر صرف ایک روزہ نمائش منعقد کرنا نہیں تھا بلکہ اٹک میں کتاب دوستی کی ایسی روایت قائم کرنا تھا جو آنے والے وقتوں میں ایک مستقل ادبی سرگرمی کی صورت اختیار کر لے اس سلسلے کا پہلا کتاب میلہ 28 نومبر 2021ء کو میونسپل کمیٹی اٹک کے سبزہ زار میں منعقد ہوا۔ یہ اپنی نوعیت کی ایک اہم ادبی سرگرمی تھی جس نے شہر کے علمی و ادبی حلقوں میں ایک نئی امید پیدا کی۔ پہلے کتاب میلے میں اہلِ قلم، اساتذہ، طلبہ، کتاب دوست شہریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ متعدد علمی و ادبی شخصیات کی موجودگی نے اس تقریب کو وقار بخشا۔ اس موقع پر اس وقت کے چیئرمین بلدیہ شیخ ناصر محمود، وائس چیئرمین ملک طاہر اعوان اور چیف آفیسر عظمت فرید وڑائچ کی سرپرستی اور تعاون بھی اس سرگرمی کے لیے اہم ثابت ہوا۔ میونسپل کمیٹی کے سپرنٹنڈنٹ راجہ زاہد محمود نے بھی انتظامی امور میں اپنا کردار ادا کیا، جبکہ صوبائی وزیر یاور عباس بخاری کی شرکت نے اس ادبی اجتماع کو مزید توجہ دلائی۔ پہلے ہی میلے نے یہ احساس دلایا کہ اگر کتاب دوست افراد کو مناسب ماحول اور ادارہ جاتی تعاون میسر آ جائے تو ایک چھوٹے سے خیال کو بھی ایک بڑی روایت میں بدلا جا سکتا ہے۔
پہلے کتاب میلے کی کامیابی نے منتظمین کے حوصلے بلند کیے اور یہ عزم پیدا ہوا کہ اس سلسلے کو محض ایک تقریب تک محدود نہیں رہنے دیا جائے گا۔ چنانچہ 18 دسمبر 2022ء کو دوسرا کتاب میلہ منعقد کیا گیا۔ اس بار بھی میونسپل کمیٹی اٹک کا سبزہ زار کتابوں، اہلِ قلم اور علم کے متلاشیوں سے آباد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر حسن وقار احمد چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ اور انتظامی افسران نے اس سرگرمی میں شرکت کی۔ اس میلے کے انعقاد اور کامیابی میں مشتاق عاجز، آغا جہانگیر بخاری، طاہر اسیر، سید مونس رضا، پروفیسر نصرت بخاری،راقم الحروف ڈاکٹر شجاع اختر اعوان اور راجہ زاہد حسین سمیت متعدد ادبی و سماجی شخصیات نے اپنا کردار ادا کیا۔ اس مرتبہ تقریباً پینتالیس کتابی اسٹالز قائم کیے گئے جن میں اٹک کے علاوہ راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر سے بھی ناشرین اور کتب فروش شریک ہوئے۔ یوں یہ میلہ صرف مقامی سرگرمی نہ رہا بلکہ مختلف شہروں کے کتابی حلقوں کے باہمی رابطے کا ذریعہ بھی بن گیا۔
اسی ادبی فضا کے اثرات اٹک کے دیگر علاقوں تک بھی پہنچے۔ فتح جنگ میں 21 مارچ 2022ء کو ایک الگ کتاب میلے کا انعقاد اس بات کی علامت تھا کہ کتاب دوستی کا یہ جذبہ صرف اٹک شہر تک محدود نہیں رہا۔ اس سرگرمی میں اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ رائے خرم شہزاد بھٹی اور چیف آفیسر عظمت فرید نے تعاون کیا، جبکہ چوپال انٹرنیشنل کے سرپرستِ اعلیٰ شاعر سردار اعجاز احمد خان ساحر نے بھی اس ادبی سرگرمی میں اپنا حصہ ڈالا۔ فتح جنگ کا یہ کتاب میلہ بھی اس بات کا اظہار تھا کہ علم و ادب کی شمع جب ایک جگہ روشن ہوتی ہے تو اس کی روشنی دوسرے علاقوں تک پہنچنے لگتی ہے۔اٹک کے لکھاریوں نے فتح جنگ کے کتاب میلہ میں بھرپور شرکت کر کے اسے کامیاب بنایا
اٹک میں اس روایت کا تیسرا اہم مرحلہ 28 نومبر 2023ء کو سامنے آیا۔ تیسرے کتاب میلے میں ضلعی انتظامیہ، تعلیمی اداروں، ادبی شخصیات اور کتاب فروشوں کی شرکت نے اس سرگرمی کو مزید وسعت دی۔ ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا، کامسیٹس یونیورسٹی اٹک کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جنید مغل، اسسٹنٹ کمشنر شگفتہ جبیں اور چیف آفیسر سردار آفتاب احمد خان نے اس موقع پر شرکت اور تعاون کیا۔ مختلف شہروں سے ناشرین اور کتب فروشوں کی آمد نے کتابوں کے انتخاب میں تنوع پیدا کیا۔ اس میلے میں مختلف موضوعات پر کتابیں موجود تھیں، جن میں ادب، تاریخ، مذہب، فلسفہ، سائنس، بچوں کا ادب اور دیگر علمی موضوعات شامل تھے۔ اس طرح طلبہ، اساتذہ اور عام قارئین کو ایک ہی جگہ اپنی دلچسپی کے مطابق کتابیں دیکھنے اور خریدنے کا موقع ملا 7 نومبر 2024ء کو منعقد ہونے والا چوتھا کتاب میلہ اس روایت کے تسلسل اور استحکام کی ایک اور کڑی تھا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا، ایڈمنسٹریٹر و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انیل سعید اور چیف آفیسر سردار آفتاب احمد خان نے انتظامی سطح پر تعاون کیا۔ طاہر اسیر، سید مونس رضا، ڈاکٹر شجاع اختر اعوان، پروفیسر نصرت بخاری، ثقلین انجم، طاہر ایم سی بی اور راجہ زاہد حسین سمیت ادبی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس سرگرمی کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ اس میلے کے دوران اٹک میں مستقل ادبی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے آرٹس کونسل اور ادبی بیٹھک یا لٹریری ٹی ہاؤس کے قیام کی ضرورت بھی محسوس کی گئی۔ یہ خیال اس سوچ کی عکاسی کرتا تھا کہ کتاب میلہ سال میں ایک مرتبہ منعقد ہونے والی تقریب ضرور ہے، مگر ادبی زندگی کو رواں رکھنے کے لیے ایسی مستقل جگہوں اور سرگرمیوں کی بھی ضرورت ہے جہاں اہلِ قلم باقاعدگی سے مل بیٹھ سکیں، مطالعہ و مکالمہ ہو اور نئی ادبی کاوشوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
پانچواں کتاب میلہ 12 نومبر 2025ء کو منعقد ہوا۔ اس وقت تک کتاب میلہ اٹک کی ایک پہچان بنتا جا رہا تھا اور شہریوں کو اس کا انتظار رہنے لگا تھا۔ ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سردار موہران خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید، اسسٹنٹ کمشنر انزہ عباسی، چیف آفیسر سردار آفتاب احمد خان اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن ڈاکٹر محمد اظہر سمیت ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے افسران نے اس سرگرمی میں شرکت کی۔ چالیس سے زائد اسٹالز پر مختلف موضوعات کی کتابیں سجائی گئیں۔ ادب، تاریخ، مذہب، سائنس، بچوں کے ادب، نصابی و غیر نصابی مطالعے اور دیگر علمی موضوعات پر کتابوں کی موجودگی نے ہر عمر کے قارئین کو اپنی جانب متوجہ کیا۔ اس میلے کی ایک نمایاں بات طلبہ کی بڑی تعداد میں شرکت تھی۔ یونیورسٹیوں، کالجوں اور اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ نوجوانوں کو کتابوں کے درمیان دیکھنا اس بات کی امید دلاتا ہے کہ ڈیجیٹل دور کی مصروفیات کے باوجود کتاب کی اہمیت ختم نہیں ہوئی۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ نئی نسل کو کتاب تک رسائی، مطالعے کا ماحول اور اہلِ علم کی رہنمائی فراہم کی جائے۔
ان کتاب میلوں کی کامیابی میں ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ انتظامیہ کا تعاون بھی قابلِ ذکر رہا ہے۔ مختلف ادوار میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈمنسٹریٹرز، چیف آفیسرز اور دیگر افسران نے اس سرگرمی کو جگہ، انتظامی سہولت اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کی۔ عظمت فرید وڑائچ سے لے کر سردار آفتاب احمد خان تک بلدیاتی انتظامیہ کے مختلف ذمہ داران کا تعاون اس روایت کے تسلسل میں اہم رہا۔ اسی طرح ادبی حلقوں کے افراد نے اپنی ذاتی دلچسپی، وقت اور محنت کے ذریعے اس سلسلے کو آگے بڑھایا۔ کتاب میلے کی کامیابی کسی ایک ادارے یا فرد کی کامیابی نہیں بلکہ اہلِ قلم، انتظامیہ، تعلیمی اداروں، ناشرین، کتب فروشوں اور شہریوں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے اس روایت کو کامیاب بنانے کے لیے جن ادیبوں، شاعروں اور اہلِ قلم نے اپنی محنت، وقت اور صلاحیتیں صرف کیں، ان کی خدمات کو بھی بھرپور انداز میں سراہا گیا۔ مختلف مواقع پر ان ادبی شخصیات کو کتاب میلوں کے انعقاد اور کامیابی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ انتظامیہ کی جانب سے خصوصی شیلڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ یہ اعزازات محض رسمی تحائف نہیں بلکہ ان لوگوں کی ادبی خدمات، خلوص اور کتاب دوستی کے اعتراف کی علامت ہیں، جنہوں نے اٹک میں مطالعے اور کتاب کلچر کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ ایسے اعترافِ خدمت سے نہ صرف اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ نئی نسل کو بھی یہ پیغام ملتا ہے کہ معاشرے میں علم و ادب کے لیے کی جانے والی کوششیں قدر و منزلت رکھتی ہیں اٹک کے کتاب میلوں کی تاریخ میں ، پروفیسر نصرت بخاری، طاہر اسیر، سید مونس رضا، اور ناچیز ڈاکٹر شجاع اختر اعوان راجہ زاہد حسین نے مختلف مراحل پر اس روایت کو آگے بڑھانے میں اپنا حصہ ڈالا۔ اسی سلسلے میں احمد علی ثاقب، ثاقب شاہزیب، صدر اکادمی ادبیات اٹک اپنی ٹیم کے ہمراہ ۔ اکادمی ادبیات کیمبل پور اٹک کے پلیٹ فارم سے ادبی سرگرمیوں کے فروغ اور چھٹے کتاب میلے کے انعقاد کی اس روایت کو آگے بڑھانے اور کامیاب بنانے کے لیے کوشاں ہیں
اب اس روایت کا چھٹا باب 24 نومبر 2026ء کو لکھے جانے کی تیاری میں ہے۔ چھٹا کتاب میلہ میونسپل کمیٹی اٹک کے سبزہ زار میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کا اہتمام اکادمی ادبیات کیمبل پور اٹک اور میونسپل کمیٹی کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مدثر احمد شاہ مہمانِ خصوصی ہوں گے، جبکہ چیف آفیسر سردار آفتاب احمد خان اور ایڈمنسٹریٹر غلام عباس ہرل بھی شریک ہونگے اس ادبی سرگرمی کے انعقاد کی کوششیں اس بات کی امید دلاتی ہیں کہ اٹک میں کتاب میلے کی روایت مزید مضبوط ہوگی۔ یہ اجتماع گزشتہ میلوں کی کامیابیوں کو آگے بڑھانے اور کتاب دوست ماحول کو نئی توانائی دینے کا ایک اور موقع ہوگا کتاب میلے کی یہ روایت دراصل چند افراد کے خواب سے شروع ہونے والا ایک اجتماعی سفر ہے۔ اس سفر میں ادیبوں نے قلم سے، ناشرین نے کتابوں سے، انتظامیہ نے تعاون سے، تعلیمی اداروں نے طلبہ کی شرکت سے اور شہریوں نے اپنی دلچسپی سے حصہ ڈالا۔ اس روایت کو زندہ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ کتاب میلے کو محض ایک سالانہ تقریب نہ سمجھا جائے بلکہ اسے شہر کی علمی و تہذیبی شناخت کا حصہ بنایا جائے۔ اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ کو مطالعے کی طرف راغب کیا جائے، مقامی لکھنے والوں کی کتابوں کو جگہ دی جائے، نئی نسل کے ادیبوں کی حوصلہ افزائی ہو اور سال بھر ادبی نشستوں، کتابوں کی رونمائی اور مکالمے کی سرگرمیاں جاری رہیں کتاب میلہ صرف کتابوں کی نمائش یا خرید و فروخت کا نام نہیں؛ یہ تہذیب کا جشن، شعور کی بیداری، فکر کی آبیاری اور آنے والی نسلوں کے نام ایک روشن پیغام ہے۔ اٹک کے اہلِ قلم اور کتاب دوست شہریوں نے جس روایت کی بنیاد رکھی، وہ اب شہر کی ادبی زندگی کا ایک اہم حوالہ بنتی جا رہی ہے۔ دعا ہے کہ یہ چراغ یونہی روشن رہے، کتاب سے محبت بڑھتی رہے اور اٹک کی سرزمین علم و ادب کی خوشبو سے ہمیشہ مہکتی رہے۔۔

صحافی، کالم نگار، مصنف
اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔