اٹک میں سجنے والا چھٹا کتاب میلہ علمی و ادبی رونقیں، نامور مصنفین کی شرکت
چھٹا اٹک کتاب میلہ، تقریباً 100 بک اسٹالز، ملک بھر سے پبلشرز، مصنفین اور کتاب دوست شخصیات کی بھرپور شرکت
رپورٹ :ڈاکٹر شجاع اختر اعوان
چھٹے اٹک کتاب میلے کا انعقاد بھرپور جوش و خروش اور ادبی و علمی ماحول میں کیا گیا، جس میں تقریباً 100 بک اسٹالز سجائے گئے۔ لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد سمیت مختلف شہروں سے پبلشرز، کتب فروشوں، مصنفین اور کتاب دوست شخصیات نے شرکت کی۔ جماعت اسلامی اور دیگر کئی مذہبی تنظیموں کی جانب سے بھی بک اسٹالز قائم کیے گئے، جن پر مختلف موضوعات کی کتب قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
کتاب میلے کا افتتاح رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے ڈپٹی کمشنر اٹک مدثر احمد شاہ کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی اٹک مہر غلام عباس ہرل، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سردار آفتاب خان، صدر اکیڈمی ادبیات (کمبل پور اٹک) ثاقب شاہ زیب ایڈووکیٹ، بانی اکیڈمی ادبیات سید مونس رضا، بیگم مسرت رانا صدر مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین، اراکین انتظامی کمیٹی اور اہلِ قلم کی بڑی تعداد موجود تھی۔ معروف ادیبوں اور شاعروں میں ہمہ جہت لکھاری، آرٹ ڈائریکٹر، ایڈیٹر اور تاریخ کے داستان گو آغا جہانگیر بخاری ،پروفیسر سید نصرت بخاری، طاہر اسیر، راجہ زاہد حسین، ثقلین انجم اور استاذالعلماء مفتی ابوطیب رفاقت علی حقانی صاحب سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر شیخ آفتاب احمد نے کتاب میلے کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ثاقب شہزیب ایڈووکیٹ، پروفیسر سید نصرت بخاری، طاہر اسیر اور راجہ زاہد حسین کی کاوشوں کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنی تصنیف ’’پارلیمنٹ سے اٹک قلعہ تک‘‘ ڈپٹی کمشنر مدثر احمد شاہ، ڈاکٹر قاضی امجد حسین کاظمی سیفی، ڈاکٹر شجاع اختر اعوان سمیت دیگر شخصیات کو پیش کی۔
اکیڈمی ادبیات کے سیکرٹری مطبوعات ڈاکٹر شجاع اختر اعوان نے اپنی کتاب ’’سبھی عنوان میرے‘‘ ڈپٹی کمشنر مدثر احمد شاہ کو پیش کی۔ انہوں نے یہ کتاب معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک نہید خان لارنس پور کو بھی بطور تحفہ پیش کی۔ اسی طرح کتاب دوست شخصیت راجہ نور محمد نظامی نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی مہر غلام عباس ہارل کو کتب پیش کیں۔
کتاب میلے کے دوران نورانی باجی اور شاعر ملک امجد اقبال نے ڈاکٹر شجاع اختر اعوان کو اپنی کتابیں تحفتاً پیش کیں۔ ملک امجد اقبال نے اپنا شعری مجموعہ ’’بھیگتے لمحے‘‘ بھی پیش کیا۔ اس طرح کتابوں کے تبادلے اور تحائف کے ذریعے اہلِ علم و ادب کے درمیان محبت اور تعلق کا خوبصورت اظہار دیکھنے میں آیا۔
کتاب میلے میں کئی اسٹالز خصوصی توجہ کا مرکز بنے۔ طاہر اسیر کے اسٹال پر ان کی حال ہی میں شائع ہونے والی کتاب ’’اٹھ بہشتی‘‘ قارئین کی دلچسپی کا باعث بنی، جبکہ نورانی باجی کا اسٹال بھی خاص توجہ حاصل کرتا رہا۔ ڈاکٹر سید فیاض بخاری کے ’’گوشۂ لیہ‘‘ اور ڈاکٹر قاضی امجد حسین کاظمی کی کتب میں بھی لوگوں نے گہری دلچسپی لی۔ شیخ آفتاب احمد کی کتاب ’’پارلیمنٹ سے اٹک قلعہ تک‘‘ کے علاوہ ثقلین انجم ، آنسہ مظہر اور آغا بخاری کی کتب بھی قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔ جاوید فگار کے اسٹال پر پشتو ادب کی کتابیں نمایاں طور پر رکھی گئی تھیں، جنہیں شائقین نے پسند کیا۔
کتاب میلے میں ضلع اٹک کے مختلف علاقوں کے علاوہ حضرو، حسن ابدال، جنڈ، فتح جنگ اور دیگر علاقوں سے بھی اہلِ قلم، ادیبوں، شاعروں اور کتاب دوست افراد نے شرکت کی۔ سینئر صحافی ملک شاہد اعوان نے بھی خصوصی طور پر میلے میں شرکت کی۔ خواتین کی بڑی تعداد نے بھی اس ادبی سرگرمی میں حصہ لیا، جبکہ کالجوں اور جامعات کے طلبہ و طالبات، پروفیسرز، اساتذہ اور عام شہریوں کی بھرپور آمد نے میلے کی رونق کو دوبالا کیا۔
شرکا نے کتاب میلے کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور بالخصوص چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اٹک سردار آفتاب خان کی خدمات اور تعاون کو سراہا۔ پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس اور یوٹیوبرز نے بھی کتاب میلے کی بھرپور کوریج کی، جس سے اس ادبی سرگرمی کو وسیع پیمانے پر اجاگر کرنے میں مدد ملی۔
چھٹا اٹک کتاب میلہ نہ صرف کتابوں کی خرید و فروخت کا ذریعہ بنا بلکہ اس نے اہلِ قلم، پبلشرز، طلبہ، اساتذہ اور قارئین کو ایک جگہ جمع کرکے علم و ادب سے محبت کے جذبے کو بھی فروغ دیا۔ ایسے میلوں کا انعقاد معاشرے میں مطالعے کی عادت کو پروان چڑھانے، نئی نسل کو کتاب سے جوڑنے اور ادبی و علمی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔

صحافی، کالم نگار، مصنف
اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔