مطلوب حسین طالب عزم و ہمت کی چٹان
تحریر : مقبول ذکی مقبول ، بھکر
ہر زمانے میں کچھ ایسے لوگ رہے ہیں ۔ جن کا وجود نا مکمل تھا اور انہوں نے ادب کے قرینے سے اپنے وجود کو مکمل کیا ہے کیوں کہ کوئی بھی صحت مند انسان اس وقت تک مکمل نہیں ہوتا جب تک اس کے شعور میں حرف و صوت کا طلسم موجود نہ ہو ۔
کچھ اِس وقت بھی ایسے لوگ موجود ہیں ۔ جنہوں نے اپنے وجود کو ایک مکمل وجود ثابت کیا اور تاریخ نے ایسے با ہمت لوگوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جن میں ایک معروف نام مطلوب حسین طالب کا ہے جو 24 دسمبر 2023ء کو ہم سے بچھڑ گئے ۔
مطلوب حسین طالب نے اپنی زندگی کو کتنا مشکل اور کٹھن وادیوں کا مسافر پایا ۔ مگر کبھی بھی ہمت نہیں ہاری ۔ شکر کے سجدے تادمِ آخر جاری وساری رہے ہیں ۔ نہ ہی اپنی معذوری کو اپنے اوپر حاوی ہونے دیا نہ ہی احساسِ کم تری کا شکار رہا ۔ خود کو سنبھالا اور دوسروں کو کامیاب زندگی گزارنے کے قابل بنایا ۔
مرشدِ دشت ( مجموعہ غزل )
ہر ایک شعر میں معنویت ، شعریت ، مقصدیت اور جن میں بڑے بڑے مضمون موجود ہیں ۔ جو قاری کو اپنی طرف کھینچ لیتے ہیں ۔ اِس میں اُن کا فطری شاعر ہونے کا اپنا ایک جان دار حوالہ موجود ہے ۔ غزل کا ہر ایک شعر الہامی خوشبو سے رچا بسا کرب و درد ، اُمید اور حق و صداقت کی آواز کانوں و دماغ کو اثر انداز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔
اندھیروں سے کھینچ کر روشنی کی طرف لانا طالب کا منشورِ خاص تھا ۔ جو اُن کی غزل گوئی میں بدرجہ اتم پایا جاتا ہے ۔ بے ساختہ پن اور کلام میں فراوانی دیکھنے کو ملتی ہے ۔ حقیقت پسندی کا جوہر اُن کے اندر موجود تھا ۔ خود غرض نہیں دوسروں کے دُکھ درد کو دیکھ کر قلم کا جہاد کرنا ایک خاص مقصدیت تھا ۔ اُن کے دارِ فانی سے چلے جانے کے باوجود آج بھی ہم میں موجود ہے جس کا ثبوت ٫٫ مرشدِ دشت ،، ( مجموعہ غزل ) ہم سے ہم کلام ہے جو معاشرے کو دَلدَل سے نکلنے کے لئے معاون ثابت ہونے جارہا ہے ۔ ندیم اقبال نے اپنے بھائی کو زندہ کر دیا ہے ۔
آخر میں دو اشعار قارئین کی بصارتوں کی نذد کرتا ہوں ملاحظہ کیجیے : ۔
دوستوں اب تو چراغِ دِل لے کر شہر میں
ڈھونڈیے تو کوئی بھی درد آشنا ملتا نہیں
ہاں! فقط یادِ خدا ہے باعثِ تسکینِ جاں
ورنہ ہنگاموں میں طالب کچھ مزہ ملتا نہیں

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |