وطن کی محبت

از قلم
بینش احمد۔ اٹک
علینہ ابھی ابھی سکول سے واپس آئی تھی۔
کھانا کھانے کے بعد اپنے کمرے میں سکول کا کام کرنے بیٹھ گئی۔
علینہ کو پینٹنگ کرنے کا بہت شوق تھا۔وہ کاپی نکال کر ایک تصویر میں رنگ بھرنے بیٹھ گئی۔
کلر پنسل علینہ کو بہت پسند تھے کیونکہ یہ اُس کی سب سے پیاری دوست اور خالہ زاد اقراء نے اُس کی سالگرہ کے موقعے پر تحفہ میں دیے تھے۔
اچانک اُس کی نظر پنسل کے اْوپر لکھے ہوئے الفاظ میڈ اِن چائنہ پہ پڑی تو وہ حیران رہ گئی کہ ایسا کیسے ہو سکتا ہے یہ کلر پنسلز تو اقراء کے ابو کی فیکٹری میں تیار ہوتے ہیں تو اِن پہ کسی دوسرے ملک کا نام کیسے ہو سکتا ہے؟
وہ اسی کشمکش میں تھی کہ اْسے پتہ چلا کہ باہر خالہ جان اپنے گھر والوں کے ساتھ آئی ہیں۔
وہ سب سے ملی اور خالو جان کے پاس بیٹھتے ہی بولی:”خالو مجھے آپ سے ایک بات پوچھنی ہے۔ یہ کلر پنسل آپ کی ہی کمپنی کے ہیں نا؟“
خالو نے حیرت سے استفسار کیا:”بیٹا۔۔۔ کیوں ان میں کوئی خرابی ہے کیا؟“
علینہ بولی:”نہیں خالو۔۔۔ یہ کلر تو بہت پیارے ہیں۔مجھے بہت پسند بھی ہیں لیکن ان پہ میڈ اِن چائنہ کیوں لکھا ہے؟ یہ تو ہمارے ملک کے تیار کردہ ہیں -“
خالو بولے:”اچھا تو آپ کو یہ شکایت ہے۔ بات یہ ہے کہ اگر ہم یہ نہ لکھوائیں تو ہمارے کلرز مارکیٹ کے معیار پہ پورا نہیں اْتریں گے۔
آپ نے دیکھا ہی ہوگا کہ لوگ خریدتے وقت لیبل دیکھتے ہیں اگر باہر ملک کا ہو تو فوراً خرید لیتے ہیں۔ہم اپنے ملک کی مصنوعات کی بجائے بیرون ممالک کی اشیاء کو خریدنے میں دلچسپی دکھاتے ہیں۔“
علینہ نے بات سنتے ہی کہا:”یہ تو بہت بُری بات ہے جب ہمارے ملک میں اتنی اچھی چیز بن سکتی ہے تو ہم کیوں کسی اور ملک کا نام لے رہے ہیں۔ ہمیں اپنے ملک کا نام روشن کرنا چاہیے۔ ہمارے ملک کے پڑھے لکھے لوگ اپنے ملک کی خدمت کرنےکی بجائے باہر ممالک میں جا کر کام کرتے ہیں۔ ہم لوگ اپنی چیزوں کو اپنا نہیں کہتے تو ہمارا ملک کس طرح ترقی کرے گا؟“
خالو نے بات سمجھتے ہوئے افسردہ لہجے میں کہا:”آپ کی باتیں بالکل درست ہیں۔ آپ نے ایک سچے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا ہے۔میں اپنے کیے پر بہت شرمندہ ہوں۔اب آئندہ میں اپنی کمپنی کی چیزوں پہ فخر سے میڈ اِن پاکستان لکھواوں گا-“
پیارے بچو! ہمارا ملک بہت قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے یہی ہماری پہچان ہے۔ وطن سے محبت صرف جذبات تک نہیں رکھنی چاہئے بلکہ اپنے عمل سے بھی ظاہر کرنی چاہیے۔
اللہ پاک ہمارے ملک کو تا قیامت قائم و دائم رکھیں۔آمین-

Beenish

وطن کی محبت
تحریریں

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

streamyard

Next Post

مدنی ؐدا پاک روضہ منبع صفات ہے

منگل اکتوبر 18 , 2022
مدنی ؐدا پاک روضہ منبع صفات ہے ہر وقت رحمتاں دی راہندی بارات ہے
مدنی ؐدا پاک روضہ منبع صفات ہے

مزید دلچسپ تحریریں