علی شاہ کی کتاب ٫٫ ثناء سبطِ رسولؐ ،،
تحریر : مقبول ذکی مقبول ، بھکر
علی شاہ کی کتاب ٫٫ ثناء سبطِ رسبطِ رسولؐ ،، اس کتاب کو 2010ء میں صدق رنگ پبلی کیشنز ملتان نے شائع کیا ہے ۔
انتساب
سرائیکی وسیب ، سرائیکی ثقافت ،
سرائیکی زبان وادب کو محبوب کا درجہ
دینے والے خوب صورت شخصیت اور
٫٫ روھی ،، ٹی وی ملتان سٹیشن کے
ھیڈ سائیس مظہر ملک کے نام
علی شاہ ( مرحوم ) ایک احساس طبیعت کے مالک انسان تھے ۔ وہ اپنے منکیرہ شہر کے شعرا کو ساتھ لے کر چلتے تھے ۔ وہ چاہتے تھے ۔ جہاں میں کھڑا ہوں وہ بھی وہاں کھڑے ہوں۔ ان کے اندر جیلس پن ، حسد ، کینہ وغیرہ نہیں تھا ۔ جہاں انہوں نے مشہور و معروف شعرا و شاعرات انٹر نیشنل لیول کے کتاب میں شامل کئے ہیں ۔ وہاں نو آموز شعراء بھی شامل کر کے اُن کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔ کتاب کو شائع ہوئے 17 سال ہو گئے ہیں ۔ اُس وقت کی گئی حوصلہ افزائی کچھ شعرا کے لئے لکی ثابت ہوئی ہے ۔ وہ آج ادب میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں ۔
علی شاہ کی اس کاوش میں پاکستان کے آبادی کے حوالے سے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے شعرا و شاعرات کو شامل کیا گیا ہے ۔ زبان و ادب کے حوالے سے اُردو ، پنجابی اور سرائیکی شامل ہیں ۔ ایک پھولوں کی مالا میں پرو دیئے گئے ہیں ۔ نظریات ، جذبات ، خیالات ، احساسات اور مقصد ایک جیسا ہے ۔ اور روحانیت عروج پر دکھائی دیتی ہے ۔ ہاں کیوں نہ دکھائی دے جس پاک ہستی پر اظہارِ عقیدت پیش کیا گیا ہے اُس پاک ہستی کی شانِ اطہر میں حضرت محمّد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی حدیث پاک ہے ۔
حسین ہدایت کا چراغ ہے اور نجات کی کشتی ہے۔
حوالہ جات
- عیون اخبار الرضا علیہ السلام – شیخ صدوق
- بحار الانوار ، جلد 36 ، صفحہ 204 ، حدیث 8
۔ ہاں تو قارئین قوم ، قبیلے ، رنگ اور پیشہ سے مبرا ہے ۔ جو کتاب ٫٫ ثناء سبطِ رسولؐ ،، میں جلوہ گر ہیں وہ صرف اور صرف کلمہ گو اور پاکستانی ہیں ۔ دُنیا بھر میں دو عظیم ہستیاں ہیں ۔ ایک حضرت محمّد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم اور دوسرے حضرت امام حسین علیہ سلام ہیں ۔ جتنا ان دو پاک ہستیوں پر لکھا گیا ہے اور لکھا جا رہا ہے اور کسی پر نہیں لکھا گیا ۔
کتاب ٫٫ ثناء سبطِ رسولؐ ،، کا مطالعہ کرتے ہوئے روحانیت کو معراج ہو جاتا ہے ۔ علی شاہ ( مرحوم ) کتاب کے مصنّف بھی ہیں اور مؤلف بھی مصنّف اس طرح سے کہ شعرا و شاعرات کا سب سے پہلے تعارف جس کو تذکرہ بھی کہہ سکتے ہیں ۔ فن و شخصیت پر مضمون اور تحقیق و تنقید بھی کہہ سکتے ہیں ۔ ساتھ ساتھ ایڈریس اور رابطہ نمبر بھی دیا گیا ہے ۔ اس کے بعد سلام حضرت امام حسین علیہ سلام پر لکھے گئے سلام کا انتخاب شامل کیا گیا ہے ۔ اِس حوالے سے مؤلف بھی کہلائے ۔
کتاب کی فہرست ملاحظہ فرمائیں ۔
فہرست
علی شاہ کا تخلیقی سفر ، راحت امیر تری خیلوی
ادب کا مودب ، منیر بلوچ
اسلام زندہ ہوتا ہے ، باغی مروت
مہکتے گلاب ، بلال مہدی
نواسہ رسول صہ کا ، صبغتہ اللّٰہ
نور احمد غازی
شاہدہ لطیف
نذیر ڈھالہ خیلوی
باقی احمد پوری
شبہ طراز
ڈاکٹر صغریٰ صدف
حکیم سلیم اختر ملک
فاخرہ بتول
پروفیسر جاوید عباس جاوید
شاہدہ دلاور
اشفاق احمد اشفاق
لیلیٰ خٹک
عاصم بخاری
جمشید اقبال جمشید
محمّد نواز عاصم
نور محمّد تری خیلوی
صفدر کربلائی
محمّد اقبال بالم
عنصر اقبال حیدر
ظہور رضا بخاری
طاہر عشرت بخاری
شکیل سالک
واحد محمود واحد
وارث چھینہ
ناصر حسین ناصر
صفدر عباس کاظمی
ضیاء قطب پوری
رانا آصف ثانوی
مقبول ذکی مقبول
اکرم غریب آبادی
عارف سہوانی
ظہور دانش
علی شاہ
راحت امیر
نور احمد غازی کی پیدائش 1937ء کو بستی بھائیاں ہوشیار پور ( انڈیا ) میں ہوئی ۔ قیامِ پاکستان کے دوران ہجرت کر کے ملتان آ گئے تھے ۔ نور احمد غازی کے کہے سلام امامِ عالی مقام کے حضور فکر ، کرب اور جذبہ ءِ ایمانی کا حِسین نمونہ پیش کرتے ہیں ۔ ایسے سلام قاری کے روح میں تازگی اور ایمان میں سدا بہار کا سبب بنتے ہیں ۔ سلام سے لیا گیا ایک شعر پیشِ خدمت ہے ۔
کٹ گئی گردن مگر جھک نہ سکی پیشِ یزید
اس علمبردارِ حق کی آن پر لاکھوں سلام
***
اسلام آباد میں مقیم انٹر نیشنل شہرت یافتہ شاہدہ لطیف دُنیائے ادب میں ایک عظیم ادبی شخصیت کی حامل شاعرہ اور ادیبہ ہیں ۔ ان کی ادبی خدمات عالَمِ ادب میں ایک توانا آوازِ ادب کی ملکہ ہیں ۔ امامِ عالی مقام علیہ سلام کے حضور ان کی سلام گزاری میں غمِ حسین علیہ سلام کے ساتھ ساتھ فکرِ شعوری اور انسان کو دین کی طرف بھرپور توجہ دلانے کے پیغامات پائے جاتے ہیں ۔ ایک شعر پیشِ خدمت ہے ۔
دیکھ اے چشمِ فلک غم کا اثر نیزوں پر
موسمِ گل میں اُگے کیسے ثمر نیزوں پر
***
بھکر کے معروف و مشہور ملک گیر شہرت کے حامل استاد الشعرا سئیں نذیر احمد ڈھالہ خیلوی مذہبی سرائیکی شاعری کے حوالے سے خاص مقام رکھتے ہیں ۔ مداحِ محمّد و آلِ محمّد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم میں بڑی بڑی طویل نظمیں کہنے کا ظرف بھی رکھتے ہیں ۔
***
ڈاکٹر صغریٰ صدف شاعرہ و ادیبہ جو کہ کسی تعارف کی محتاج نہیں ۔ ان کی ادبی خدمات روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں ۔ ان کا جذبہ ءِ عقیدت میں کہا گیا سلام امامِ عالی مقام علیہ سلام کی بار گاہ میں ایک سلام پیشِ کیا گیا ہے جو کہ سات اشعار پر مشتمل ہے ہر ایک شعر ہر ایک سے بڑھ کر ایک ہے ۔ جو اپنے اندر منفرد پیغام رکھتے ہیں ۔ کربلا اور موجودہ دور کا عکس آنکھوں کے سامنے گھومنے لگتا ہے ۔ ایک شعر پیشِ خدمت ہے ۔
ہر زباں پر ہے تیری قربانیوں کا تذکرہ
گرچہ یہ روداد تیری مختصر ہے کربلا
***
پروفیسر جاوید عباس جاوید ، بھکر کے عظیم استادالشعرا میں شمار ہوتے ہیں ۔ ان کے کہے گئے سلام و مرثیہ میں بھی وہی استادانہ رنگ بدرجہ اتم پایا جاتا ہے ۔ حضرت امام حسین علیہ سلام کے حضور نذرانہ ءِ عقیدت میں غم کے پہاڑ ، منظر نگاری ، قرابت داری کا قُرب ، رشتہ داری کی پاس داری ، دوستوں کی دوستی ، قلبِ محبّت کا جوش ، مودّت آلِ محمّد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کا عکس باکمال صورت میں موجود ہے ۔ اس سے پڑھ کر بھی اور بہت کچھ پایا جاتا ہے اور کیوں نہ ہو ان کو ادب اور آلِ محمّد صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم سے مودّت ورثے میں ملی ہے ۔ جاوید عباس جاوید کے والد غلام محمّد تقی متین کوٹلہ جامی شاعر و ادیب تھے ۔ جاوید عباس جاوید کے بڑے بھائی ملک ظفر عباس سرائیکی ، اُردو ، پنجابی اور ہریانوی زبانوں کے نام ور شاعر ہیں ۔ اور ان کے کزن اسد جعفری نے ادب میں بڑا نام پیدا کیا ۔
پروفیسر جاوید عباس جاوید کی کہی گئی ایک رُباعی ملاحظہ فرمائیں ۔
رُباعی
کرتی ہے فخر آج شہادت حسین پر
بس ختم ہو گئی ہے شجاعت حسین پر
سجدہ کیا جو اس نے سرِ دشتِ کربلا
نازاں رہے گا حُسنِ عبادت حسین پر
***
عاصم بخاری ( میانوالی ) مشاہیرِ ادب میں ایک معتبر حوالہ رکھتے ہیں ۔ حضرت امام حسین علیہ سلام کے حضور عاصم بخاری کا نذرانہ عقیدت الگ الگ عنوانات کے ساتھ شاملِ کتاب ہے ۔ اور آزاد نظموں کی صورت میں بھی موجود ہے ۔ خنوادہءسادات سے ہیں ان کے سلام زیادہ پُر درد اور پُرسوز ہیں ۔ اور ساتھ ساتھ حضرت امام حسین علیہ سلام کی قربانی کو سمجھنے پر بھی زور دیا گیا ہے ۔ ایک سلام ملاحظہ کیجئے ۔
شامِ غریباں
موت کے مارے
لُوٹے پھُوٹے
باقی ماندہ
قافلے کی کیا ؟
ہو گی آج کی
شب کیفیت
رہ گیا جن کا
ہے نہ کوئی دشتِ بلا میں
چند بچے اور
بیبیاں ہیں کچھ
دُکھ تو یہ ہے
کلمہ گو ہیں
دشمن ان کے
***
علی شاہ نے ہمیشہ اپنے قلم کا صحیح استعمال کیا ہے ۔ چاہے وہ نظم ہو یا نثر یا چاہے صحافت ہو ۔ ان کا مشاہدہ اور مطالعہ وسیع تھا ۔ ان کے اندر سے علم کے چشمے پھوٹتے تھے ۔ فنِ ادب میں کمال مہارت رکھتے تھے ۔ تحقیق اور حقیقت کا در دیانت داری سے کھولا کرتے تھے ۔
کتاب سے ایک اقتباس ملاحظہ کیجئے ۔
اکرم غریب آبادی
نام …… محمد اکرم
قلمی نام …… اکرم غریب آبادی
تاریخ پیدائش …… 1988ء
پیشہ …… مزدوری
آغاز شاعری …… 2009ء
استاد شاعری …… ریاض ارم
کبیر والا ضلع خانیوال کی گنجان ترین تحصیل ہے اس تحصیل سے سیاسی منظرنامے پر قومی سطح کے سیاستدان ابھرے ہر جمہوری دور میں یہاں سے کوئی وفاقی یا صوبائی وزیر ضرور رہا ہے جانے اس کے باوجود بھی اسی کبیر والا میں محمد اکرم کی بستی غریب آباد کیوں ہے ؟ شاید کسی بھی سیاستدان نے نمائندگی کا حق ادا نہیں کیا اور غریب آباد کے مکینوں کے سلگتے مسائل سے چشم پوشی کئے رکھی مزدور پیشہ اکرم نے ہوش سنبھالتے ہی اپنی بستی میں مسائل کی بہتات اور ضرورتِ زندگی سے متعلق سہولیات کا فقدان دیکھا تب اس نے اپنے نام کے ساتھ ہمیشہ کے لئے غریب آبادی لگا دیا وہاں اپنے سرائیکی دوہڑوں میں اپنی دھرتی کے لوگوں کی محرومیاں بھی اجا گر کرنا شروع کر دیں محمد اکرم غریب آبادی کی شاعری اس کے رومانوی جذبوں اور اس کے اردگرد کے معاشرتی مسائل کی منہ بولتی تصویر ہے اب اس نے اہلبیت علیہ سلام کے فضائل و مصائب کو بھی شاعری کے قالب میں ڈھالنا شروع کر دیا ہے اور اس کی کربلائی شاعری شہیدانِ کربلا کے ساتھ اس کی گہری عقیدت اور بے پایاں محبت کی غمازی کرتی ہے ۔
ایڈریس : بستی غریب آباد کبیر والا ضلع خانیوال
موبائل : 03467124655
( ص : 190 )
اکرم غریب آبادی کا ایک شعر دیکھئے جس کا عنوان ہے ۔
مقامِ کرب
جہانوں کے والی کا پیارا نواسہ
بہشتی جوانوں کا سردار پیاسا
***
علی شاہ کا تخلیقی سفر کے عنوان سے راحت امیر نیازی تری خیلوی کے قلم سے لکھا گیا تعارف بھی شاملِ کتاب ہے ۔ اور علی شاہ کے فن و شخصیت پر معروف اہلِ علم لوگوں کی آراء شاملِ کی گئی ہیں ۔ جن میں پروفیسر منیر بلوچ ، پروفیسر باغی مروت ( شعبہ اُردو ) گورنمنٹ کالج تجوڑی ضلع لکی مروت ، بلال مہدی ( اسلام آباد ) صبغتہ اللّٰہ عاصم سعیدی ( منکیرہ ضلع بھکر )
ادب کا مودب
اس عنوان سے پروفیسر منیر بلوچ لکھتے ہیں ۔ عصرِ حاضر کے معروف شاعر رشید قیصرانی کا لا فانی شعر ہے کہ
شہر کے لوگو تم کیا جانو شہر تو بنجر ہوتے ہیں
صحراؤں میں رہنے والےلوگ سمندر ہوتے ہیں
میں جب بھی تھل کی ریت سے اُٹھتے کسی چونکا دینے والے قلم کار کے قلم کی نوک سے ڈھلنے والے انوکھے الفاظ کو زیرِ مشاہدہ لاتا ہوں تو مجھے بے ساختہ اول الذکر شعر یاد آ جاتا ہے اور بالخصوص لمحہ موجود میں منکیرہ کے صحراؤں سے طلوع ہونے والے تخلیق کار علی شاہ کی پے در پے ادبی کاوشوں کو جب اپنی نظروں کے حصار میں لاتا ہوں تو اس جواں سال ، جواں فکر شاعر ، ادیب ، صحافی ، محقق اور مرتب کے نظم و نثر کی صورت میں حسین و جمیل احساسات و جذبات نگاہوں کی راہوں سے دل میں سما ہی نہیں جاتے بل کہ دل کو سجا دیتے ہیں ۔ یوں تو علی شاہ کی اب تک متعدد تخلیقات منظرِ عام پر آ چکی ہیں مگر اس وقت جو تر وتازہ ترتیب و تحقیق
٫٫ ثناء سبطِ رسولؐ ،، کے نام سے سامنے آئی ہے اس کتاب میں شامل جملہ شعراء کرام کا ہر مصرع انمول ہے ۔ مصرع اور فقرہ تو بڑی بات ہے عشق حسین علیہ سلام میں ادا کیا جانے والا لفظ واحد بھی حرمت کے بلند و بالا مقام پر بسا ہوتا ہے اور یہ بھی سچ ہے کہ حرمت قیمتوں سے ماورا ہوتی ہے اور اگر کوئی حرمت کا حق ادا کرنا بھی چاہے تو ادا نہیں کر سکتا اور پھر حرمتِ نواسہ ءِ رسول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم ؟
کہاں میں اور کہاں یہ مقام اللّٰہ اللّٰہ
بلاشبہ حضرت امام عالی مقام علیہ سلام سے دین حق کی شرط اول ہے جس بد مقدر نے حضرت امام حسین علیہ سلام سے محبّت نہیں کی گویا اس نے پاک نبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم سے دشمنی کی اور جس منحوس نے اللّٰہ کے فرستادوں سے منہ موڑا وہ راندہ درگاہِ خدا ہو گیا لہذا بہ ایں تناظر وہ لوگ کتنے خوش مقدر ہیں کہ جن کا قلم راہِ ذکر حسین پہ چل رہا ہے اور جن کے قلوب محبّتِ حسین علیہ سلام میں دھڑکتے ہیں ٫٫ ثناء سبطِ رسولؐ ،، وہ حسین ترتیب ہے کہ جس کو سامنے رکھ کر قارئین اپنی زندگیوں میں نفیس ترتیب پیدا کر سکتے ہیں ۔ ( ص : 7 )
٫٫ ثناء سبطِ رسولؐ ،، میں حضرت امام حسین علیہ سلام کو تمام شعرا و شاعرات نے منفرد انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔ کتاب کے صفحات 208 ہیں ۔ فرنٹ ٹائٹل پر جوش ملیح آبادی کا جوش پیدا کرنے والا شعر شائع کیا گیا ہے ۔ قارئین آپ بھی وہ شعر ملاحظہ کیجئے ۔
انسان کو بیدار تو ہو لینے دو
ہر قوم پکارے گی ہمارے ہیں حسین عہ
بیک ٹائٹل پر علی شاہ کے قلم سے لکھا ہوا سلام شائع کیا گیا ہے ۔

اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔