ارسلان عاصی کا ہدیہِ سخن
تبصرہ نگار: سید حُبدار قائم
اٹک کی ادبی سر زمین ہمیشہ سے شعر و سخن کے حوالے سے زرخیز رہی ہے۔ اس مٹی نے ایسے اہلِ قلم پیدا کیے جنہوں نے اپنے احساس، فکر اور تخلیقی اظہار سے اردو ادب کو مالا مال کیا۔ اسی ادبی روایت میں ارسلان عاصی کا مجموعۂ سلام و مناقب ایک نئی کونپل کی مانند سامنے آیا ہے، جو آہستہ آہستہ نمو پا رہی ہے اور اپنی خوشبو سے ادبی ماحول کو معطر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کی یہ کاوش محض کتاب کی اشاعت نہیں بلکہ محبت، عقیدت اور قلبی وابستگی کا شعری اظہار ہے۔
ارسلان عاصی کا اندازِ سخن سادہ، رواں اور دل میں اتر جانے والا ہے۔ وہ لفظوں کی پیچیدہ تراکیب اور ثقیل اندازِ بیان کی بجائے آسان زبان میں اپنے جذبات پیش کرتے ہیں۔ ان کے ہاں چھوٹی بحروں کا انتخاب ایک نمایاں وصف ہے۔ مختصر بحروں میں شعر کہنا اور پھر ان میں معنویت، بلاغت، تاثیر اور جذبے کی شدت پیدا کرنا آسان کام نہیں۔ یہی خوبی ان کے کلام کو ایک خاص پہچان عطا کرتی ہے۔ ان کے اشعار میں سادگی کے ساتھ فنی شعور اور عقیدت کا امتزاج محسوس ہوتا ہے۔
کتاب کے آغاز میں حمدِ باری تعالیٰ اور اکیس نعتوں کی شمولیت شاعر کی وسعتِ اظہار اور قادرالکلامی کا پتا دیتی ہے۔ حمد سے آغاز اور نعت کے ذریعے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرنا ایک روحانی ترتیب بھی ہے اور شاعر کے فکری رجحان کا اظہار بھی۔ سلام و مناقب کا سلسلہ اہلِ بیتِ اطہار کی محبت اور عظمت کو شعری پیرایے میں پیش کرتا ہے۔ ان کے کلام میں محبتِ اہلِ بیتؑ محض جذباتی وابستگی نہیں بلکہ احترام، عقیدت اور روحانی تعلق کی ایک خوب صورت صورت بن کر سامنے آتی ہے۔
کتاب کا انتساب محمد مصطفیٰ ﷺ اور آلِ محمدؐ کے نام ہونا اس مجموعے کی روح اور اس کے بنیادی جذبے کی ترجمانی کرتا ہے۔ 128 صفحات پر مشتمل یہ کتاب ایک ایسے شاعر کی تخلیقی کاوش ہے جو اپنے عقیدے کو شعر کی زبان میں بیان کرنے کا ہنر رکھتا ہے۔ کتاب پر کاروانِ قلم اٹک کے چیئرمین نزاکت علی نازک اور پروفیسر احمد نثار کے تاثرات بھی اس شعری سفر کی اہمیت اور قدر و منزلت میں اضافہ کرتے ہیں۔
ارسلان عاصی کی یہ کاوش اٹک کے ادبی منظرنامے میں ایک خوش آئند اضافہ ہے۔ یہ کونپل ابھی اپنے سفر کے ابتدائی مراحل میں ہے، مگر اس کے اندر نمو، وسعت اور پھلنے پھولنے کی بھرپور استعداد موجود ہے۔ امید ہے کہ ارسلان عاصی اپنے قلم کی اس روشنی کو برقرار رکھتے ہوئے آنے والے وقت میں مزید خوب صورت شعری مجموعے تخلیق کریں گے اور ادب و عقیدت کے گلشن میں اپنے حصے کے پھول کھلاتے رہیں گے۔ اشعار میں فکری عفت اور ابلاغ کے کتنے پہلو ہیں ہم قارئین پر چھوڑتے ہیں
ارسلان کے قلم سے پھوٹنے والے اشعار ملاحظہ کیجیے:۔
کوئی معبود اور مسجود ہر گز ہو نہیں سکتا
خدائے لم یزل ہے تو کوئی تجھ سا کہاں دیکھا
میں عاصیؔ ہوں خداوندا مگر طالب تمھارا ہوں
کہیں آہٹ تری پائی کہیں تیرا نشاں دیکھا
اپنے معبود کے روبرو ہو بشر
یہ شرف آپؐ کا ہے وصال آپؐ کا
ہے ضیا دن کی یہ قائم آپؐ کے رخسار سے
رات نے لے لی سیاہی گیسوئے خمدار سے
دیکھ کر علم و معارف کی ترے سب وسعتیں
عقلِ انساں آج بھی حیران ہے مولا علؑی
مصطفٰیؐ کی آل قائم مرتضیؑ کی صلب سے
یہ انوکھی بس تری ہی شان ہے مولا علؑی
سورہ کوثر کی تفسیر ہے بس یہ ہی
خود سے مہدی تلک ہے عیاں فاطمہؑ
تو نبوت امامت کے مابین ہے
سلسلہ تجھ سے ہے یہ رواں فاطمہؑ
خوب صورت خوب سیرت خوب تر مولا حسنؑ
تیرے پائے ناز پر رکھ دوں یہ سر مولا حسنؑ
وہ جو شانوں پہ محمدؐ کے رہا کرتے تھے
نوکِ نیزہ پہ تھے قرآن سنانے والے
کوئی ہمسر نہ ہوا جن کا جہاں میں عاصؔی
ہیں وہ دنیا میں محمدؐ کے گھرانےؑ والے
آخر میں دعاگو ہوں کہ اللہ پاک ان کے الفاظ میں مزید تاثیر پیدا کرے۔آمین
میرا تعلق پنڈیگھیب کے ایک نواحی گاوں غریبوال سے ہے میں نے اپنا ادبی سفر 1985 سے شروع کیا تھا جو عسکری فرائض کی وجہ سے 1989 میں رک گیا جو 2015 میں دوبارہ شروع کیا ہے جس میں نعت نظم سلام اور غزل لکھ رہا ہوں نثر میں میری دو اردو کتابیں جبکہ ایک پنجابی کتاب اشاعت آشنا ہو چکی ہے
اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔