کھوڑ کمپنی میں جشن آزادی کی تقریبات
تحریر: اظہر سجاد
کھوڑ کپمنی ضلع اٹک کا ایک ایسا قصبہ ہے جو تیل کے دریافت کے حوالے سے پورے برصغیر میں شہرت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ کھوڑ کھیل، ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔
کھوڑ کمپنی میں ہر سال چودہ اگست کے موقع پر شاندار تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔ اِس سے قبل پاکستان آئیل فیلڈز لمیٹڈ 14 اگست کی تقریبات منعقد کرتی رہی ہے۔ تاہم گزشتہ پانچ سالوں سے”الحافظ ویلفیئر گروپ “ کے روح رواں حاجی راشد نذیر صاحب بڑے منظم انداز میں اپنی ذاتی کاوشوں سے یوم آزادی پاکستان کی تقریبات منعقد کروا رہے ہیں۔ حاجی راشد نذیر صاحب کھوڑ کمپنی اور گرد و نواح میں متعدد عوامی فلاحی منصوبے مکمل کر چکے ہیں، جن میں کھوڑ واٹر سپلائی، کنوؤں کی کھدائی، رمضان پیکج،قرض حسنہ، اندرونِ شہر سڑکوں و گلیوں کی پختگی اور سیلاب زدگان کی امداد وغیرہ شامل ہیں۔
امسال بھی جشن آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا۔ یوم آزادی کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد کی گئیں جن میں تقریری مقابلے،سائیکل ریس، ہاکی، فٹ بال، کرکٹ کے مقابلے شامل ہیں۔ ان تقریبات کے علاوہ 14 اگست صبح 9 بجے ”الحافظ پلازہ کھوڑ کمپنی“ پر ایک پُر وقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ پرچم کشائی کی روح پرور تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ بلا تفریق مذہبی و سیاسی وابستگی، تمام مکاتب فکر کی معزز شخصیات نے حصہ لیتے ہوئے مل کر پرچم بلند کیا۔ اِس موقع پر سب نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر بلند کیے اور یہ عہد کیا کہ،خداوند متعال، حضورِ اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور پاکستان کے حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے اور اتحاد و اتفاق سے زندگی گزاریں گے۔ اِس موقع پر کیک کاٹا گیا اور مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔
پرچم کشائی کی پُروقار تقریب کے بعد تقریری مقابلوں،سائیکل ریس، ہاکی، فٹ بال اور کرکٹ کے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اِن انعامات میں کپ، ٹرافیاں، سرٹیفیکیٹ اور نقد انعامات بھی شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر استحکامِ پاکستان اور ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دُعا کی گئی۔ اِس موقع پر بزرگوں کے ساتھ ساتھ خواتین، نوجوان، بچے اور بچیوں کا جوش و جذبہ قابل دید تھا۔ انجمن تاجران کھوڑ نے بھی تقریب کو کامیاب بنانے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ ”ستھرا پنجاب“ کی ٹیم نے قصبے کی صفائی ستھرائی کا نہ صرف خیال رکھا بلکہ تقریب کے دوران بھی اپنی حاضری کو یقینی بنایا۔
جہاں تک کھیلوں اور تقریری مقابلوں کا تعلق ہے، تو یہ اِس لحاظ سے بہت اہم اور دورس نتائج کے حامل ہیں کہ کیا پتہ آج ایک چھوٹے سے انعام اور داد و تحسین سے سرشار بچہ کل کا بہترین اتھلیٹ، کرکٹر، ہاکی یا فٹ بال کا کھلاڑی یا ایک انقلابی رہنما بن کر سامنے آئے۔
کھوڑ کپمنی جیسے چھوٹے سے قصبے میں کسی سرکاری یا نجی ادارے کی معاونت کے بغیر قومی سطح کی اتنی شاندار تقریبات کا انعقاد نہ صرف قابل رشک ہے بلکہ قابل تقلید بھی ہے۔ بلاشبہ حاجی راشد نذیر صاحب، ”الحافظ ویلفیئر گروپ“ اور اِن کی پوری ٹیم داد و تحسین کی مستحق ہے، جنھوں نے خالص حب الوطنی کے جذبے کے تحت اپنی مالی، بدنی اور ذہنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر قوم و ملت میں اتحاد و یگانگت کا جذبہ اُجاگر کیا ہے۔

اظہر سجاد کا تعلق کھوڑ کمپنی، تحصیل پنڈی گھیب، ضلع اٹک سے ہے۔ وہ شاعر، افسانہ نگار اور کالم نگار ہیں۔ ان کا افسانوی مجموعہ "تیسری دیوار” شائع ہو چکا ہے، جسے قارئین اور ناقدین کی جانب سے پذیرائی حاصل ہوئی۔ وہ حلقۂ اربابِ ذوق کھوڑ کے سابقہ سیکریٹری رہ چکے ہیں اور طویل عرصے سے ادبی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایم اے (انگریزی ادب) کیا ہے۔ پیشہ ورانہ زندگی میں سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO) سے وابستہ رہے، جبکہ اس وقت شعبۂ درس و تدریس سے منسلک ہیں۔ ادب، معاشرتی مسائل اور انسانی نفسیات ان کی تحریروں کے نمایاں موضوعات ہیں
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ایڈیٹر / مالک ای میگزین/ ویب سائٹ کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں