آدابِ گفتگو کے تین سقراطی اصول
انسان کی شخصیت کا حقیقی تعارف اس کے لباس، دولت، عہدے یا ظاہری رکھ رکھاؤ سے نہیں بلکہ اس کے طرزِ گفتگو سے ہوتا ہے۔ الفاظ بظاہر معمولی دکھائی دیتے ہیں لیکن ان میں دل جوڑنے، رشتے سنوارنے اور معاشرے میں محبت پھیلانے کی غیر معمولی طاقت موجود ہوتی ہے۔ اس کے برعکس یہی الفاظ کسی کی دل آزاری، کردار کشی اور تعلقات کی تباہی کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں غیبت، چغلی، تہمت، تنقید برائے تنقید اور لغو گفتگو کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ لوگ کسی بات کی حقیقت جانے بغیر اسے آگے پھیلانے میں دیر نہیں لگاتے، جس کے نتیجے میں غلط فہمیاں، نفرتیں اور بعض اوقات سنگین تنازعات جنم لیتے ہیں۔
قدیم یونان کے عظیم فلسفی سقراط سے منسوب ایک حکایت میں آدابِ گفتگو کے تین ایسے اصول بیان کیے گئے ہیں جو آج بھی انسانی معاشرت کے لیے رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ یہ اصول ہمیں سکھاتے ہیں کہ بولنے سے پہلے سوچنا اور کسی بات کو دوسروں تک پہنچانے سے پہلے اس کی افادیت جانچنا کتنا ضروری ہے۔ روایت ہے کہ ایک دن افلاطون اپنے استاد سقراط کے پاس آیا اور کہنے لگا کہ آپ کا ایک نوکر بازار میں کھڑے ہو کر آپ کے بارے میں غلط باتیں کر رہا تھا۔ سقراط نے مسکراتے ہوئے پوچھا کہ وہ کیا کہہ رہا تھا؟ افلاطون نے تفصیل بتانا چاہی تو سقراط نے اسے روک کر کہا کہ کوئی بات سنانے سے پہلے اسے تین کسوٹیوں پر پرکھ لینا چاہیے۔
افلاطون نے پوچھا کہ استاد محترم! وہ تین کسوٹیاں کون سی ہیں؟
سقراط نے پہلی کسوٹی بیان کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا تمہیں یقین ہے کہ جو بات تم مجھے بتانے جا رہے ہو وہ سو فیصد سچ ہے؟ افلاطون نے جواب دیا کہ نہیں، میں نے یہ بات کسی سے سنی ہے، اس کی تصدیق نہیں کی۔ سقراط نے کہا کہ جب تمہیں اس بات کی سچائی کا یقین ہی نہیں تو اسے بیان کرنے کا کیا فائدہ؟
پھر سقراط نے دوسری کسوٹی پیش کی اور پوچھا کہ کیا یہ بات اچھی ہے؟ کیا اس میں کسی کی بھلائی یا کوئی مثبت پہلو موجود ہے؟ افلاطون نے نفی میں جواب دیا۔ سقراط نے کہا کہ اگر بات اچھی بھی نہیں تو آپکو اسے آگے پھیلانے کی ضرورت کیوں محسوس ہو رہی ہے؟
آخر میں سقراط نے تیسری کسوٹی بیان کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا یہ بات میرے لیے کسی طرح فائدہ مند ہے؟ افلاطون نے کہا کہ نہیں، اس سے آپ کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ سقراط نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جب یہ بات نہ یقینی طور پر سچ ہے، نہ اچھی ہے اور نہ ہی میرے لیے فائدہ مند ہے تو پھر اسے بیان کرنے کی ضرورت ہی کیا ہے؟
اس حکایت سے گفتگو کے تین بنیادی اصول سامنے آتے ہیں: اول، کیا یہ بات سچ ہے؟ کسی بھی خبر، الزام یا اطلاع کو آگے پہنچانے سے پہلے اس کی تصدیق ضروری ہے۔ سنی سنائی باتوں پر یقین کرنا اور انہیں دوسروں تک پہنچانا کسی کی عزت، شہرت اور زندگی کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
دوم: کیا یہ بات اچھی ہے؟ ہمیں اپنے الفاظ کا انتخاب کرتے ہوئے یہ سوچنا چاہیے کہ ہماری گفتگو کسی کے لیے تکلیف، نفرت یا شرمندگی کا باعث تو نہیں بن رہی۔ اختلافِ رائے کا مطلب کسی کی تذلیل کرنا نہیں ہوتا۔ شائستگی اور احترام کے ساتھ بھی اپنی بات مؤثر انداز میں کہی جا سکتی ہے۔ سوم: کیا یہ بات مفید ہے؟ ہر سچی بات ہر موقع پر بیان کرنا ضروری نہیں ہوتا۔ گفتگو ایسی ہونی چاہیے جس سے کسی کی اصلاح ہو، علم میں اضافہ ہو، کوئی مسئلہ حل ہو یا کسی کو فائدہ پہنچے۔ اگر ہماری بات کسی مثبت نتیجے کا سبب نہیں بن رہی تو خاموشی اختیار کرنا زیادہ بہتر ہے۔
آج سوشل میڈیا کے دور میں ان اصولوں کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ ایک غیر مصدقہ خبر چند لمحوں میں ہزاروں افراد تک پہنچ جاتی ہے۔ لوگ کسی کی تصویر، ویڈیو یا ذاتی گفتگو کا سیاق و سباق جانے بغیر تبصرے شروع کر دیتے ہیں۔ کردار کشی اور الزام تراشی کو بعض اوقات تفریح سمجھ لیا جاتا ہے، حالانکہ اس کے اثرات کسی انسان کی پوری زندگی کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ہمیں یہ سمجھنا ہو گا کہ زبان سے نکلنے والا تیر واپس نہیں آتا۔ ایک تلخ جملہ برسوں کے تعلق کو ختم کر سکتا ہے، جبکہ ایک اچھا لفظ کسی مایوس انسان کے اندر امید کی شمع روشن کر سکتا ہے۔ اس لیے گفتگو میں احتیاط کمزوری نہیں بلکہ اعلیٰ ظرفی اور ذہنی پختگی کی علامت ہے۔ اگر ہم سقراط سے منسوب ان تین اصولوں کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنا لیں تو بہت سی معاشرتی برائیوں کا راستہ روکا جا سکتا ہے۔ ہمیں دوسروں کے عیب تلاش کرنے کے بجائے اپنی اصلاح پر توجہ دینی چاہیے، کیونکہ مہذب معاشرہ وہ نہیں جہاں لوگ زیادہ بولتے ہوں بلکہ وہ ہے جہاں لوگ سوچ سمجھ کر بولتے ہوں۔ یاد رکھیے! بولنے سے پہلے خود سے تین سوال ضرور کیجیے: کیا یہ سچ ہے؟ کیا یہ اچھا ہے؟ اور کیا یہ مفید ہے؟ اگر جواب نفی میں ہو تو خاموشی اختیار کر لیجیے، کیونکہ بعض اوقات خاموش رہنا ہی بہترین گفتگو ہوتی ہے۔

میں نے اردو زبان میں ایف سی کالج سے ماسٹر کیا، پاکستان میں 90 کی دہائی تک روزنامہ "خبریں: اور "نوائے وقت” میں فری لانس کالم لکھتا رہا۔ 1998 میں جب انگلینڈ گیا تو روزنامہ "اوصاف” میں سب ایڈیٹر تھا۔
روزنامہ "جنگ”، لندن ایڈیشن میں بھی لکھتا رہا، میری انگریزی زبان میں لندن سے موٹیویشنل اور فلاسفیکل مضامین کی ایک کتاب شائع ہوئی جس کی ہاؤس آف پارلیمنٹ، لندن میں 2001 میں افتتاحی تقریب ہوئی جس کی صدارت ایم پی چوہدری محمد سرور نے کی اور مہمان خصوصی پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی تھی۔
اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔