لاہور پنجابی کانفرنس اور ببر شیر صحافی کی سرپرستی
زبان کسی بھی قوم کی تہذیب، ثقافت، تاریخ اور اجتماعی شناخت کا آئینہ ہوتی ہے۔ جو قومیں اپنی زبان سے محبت کرتی ہیں، وہ درحقیقت اپنی تہذیبی جڑوں کو مضبوط کرتی ہیں۔ پنجابی زبان بھی ہماری دھرتی کی ایسی ہی ایک زندہ، توانا اور تاریخی زبان ہے جس کے دامن میں صوفیانہ فکر، محبت، رواداری، انسان دوستی اور روحانیت کے بے شمار خزانے موجود ہیں۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ دنیا بھر میں پنجابی زبان کے فروغ کے لیے کانفرنسوں، ادبی میلوں اور ثقافتی اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور میں جاری تین روزہ پنجابی کانفرنس بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
وحدت روڈ، 2 اے زبیر سٹریٹ، ایجوکیشن ٹاؤن، لاہور کے میڈیا گروپ پنجاب ہاؤس میں منعقد ہونے والی یہ کانفرنس پنجابی زبان کے عالمی فروغ کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں اب تک تقریباً دو درجن بڑی پنجابی کانفرنسیں منعقد ہو چکی ہیں۔ واشنگٹن ڈی سی میں جون 1996ء، شکاگو میں مئی 1997ء اور فیئر فیکس، ورجینیا میں مئی 1999ء کے علاوہ کیمبرج اور ڈیلاس میں ہونے والی کانفرنسوں میں پاکستان، بھارت، کینیڈا اور امریکہ سے مندوبین نے شرکت کی۔ ورلڈ پنجابی کانگریس کی پہلی کانفرنس 1986ء میں لاہور میں منعقد ہوئی تھی۔ اس کے بعد کینیڈا کے پرنس جارج، ٹورنٹو، اوٹاوا، کارن وال اور بریمپٹن سمیت دنیا کے متعدد شہروں میں پنجابی زبان کے فروغ کے لیے اجتماعات منعقد ہوتے رہے۔ یوں پنجابی زبان کا پیغام تقریباً 17 سے 18 ممالک تک پہنچ چکا ہے، تاہم لاہور کو ان کانفرنسوں کے حوالے سے ایک خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
حالیہ کانفرنس کے انعقاد اور کامیابی کا بڑا کریڈٹ معروف صحافی اور میڈیا گروپ کے سربراہ مدثر اقبال بٹ صاحب کو جاتا ہے، جنہیں ان کی بے باک اور دلیرانہ صحافتی خدمات کی وجہ سے بجا طور پر ’’ببر شیر‘‘ کہا جاتا ہے۔ وہ پنجابی اخبار ’’پھلیکھا‘‘، اردو روزنامہ ’’پوسٹ مارٹم‘‘ سمیت تیرہ سے زائد اخبارات کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ یہ تمام اخبارات لاہور کے وحدت روڈ پر واقع "پنجاب ہاؤس” سے شائع ہوتے ہیں۔ ایک ہی چھت تلے اتنے اخبارات کی اشاعت اور صحافتی سرگرمیوں کا تسلسل بذاتِ خود ایک قابلِ ذکر کارنامہ ہے۔ مدثر اقبال بٹ صاحب سے میری پہلی ملاقات 1992ء میں روزنامہ ’’خبریں‘‘ کے دفتر، صفاں والا چوک لاہور میں ہوئی تھی۔ اس زمانے میں تحقیقی اور کرائم رپورٹنگ کے حوالے سے ضیاء شاہد اور خوشنود علی خان جیسے نام نمایاں تھے، لیکن مدثر اقبال بٹ کے منفرد اندازِ صحافت اور ان کے اخبار ’’پوسٹ مارٹم‘‘ کی اپنی ایک الگ پہچان تھی۔ ان کی صحافت میں جرات، بے باکی اور حالات کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنے کا وصف ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔
گزشتہ روز اپنے دیرینہ دوست اعجاز حسین عاجز صاحب کی دعوت پر اس تین روزہ پنجابی کانفرنس کی پہلی نشست میں شرکت کا موقع ملا۔ یہاں ایک مرتبہ پھر مدثر اقبال بٹ صاحب سے ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات محض ایک رسمی ملاقات نہیں بلکہ ماضی کی کئی یادوں کو تازہ کرنے کا سبب بھی بنی۔ اعجاز حسین عاجز اور مدثر اقبال بٹ نے 1980ء کی دہائی میں مل کر ماہنامہ ’’پوسٹ مارٹم‘‘ کا ڈیکلریشن حاصل کیا تھا۔ یہ رسالہ جلد ہی ہفت روزہ اخبار میں تبدیل ہوا اور چند سال بعد اعجاز عاجز صاحب متحدہ عرب امارات منتقل ہو گئے۔ اس کے بعد اخبار کی تمام تر ذمہ داری مدثر اقبال بٹ کے کندھوں پر آ گئی۔ انہوں نے نہ صرف اس ادارے کو سنبھالا بلکہ اسے روزنامے میں تبدیل کیا اور آج وہ تیرہ سے زائد اخبارات کی سرپرستی تک پہنچ گئے ہیں۔ یہ سفر محنت، مستقل مزاجی اور پیشہ ورانہ عزم کی ایک قابلِ ذکر داستان ہے۔ کانفرنس کی ایک نمایاں خصوصیت بھارت سے آئے ہوئے نامور علمی و ادبی مہمانوں کی شرکت تھی۔ ڈاکٹر دلبیر سنگھ، ڈاکٹر سرونت کور صاحبہ اور ڈاکٹر کلیان سنگھ کتھوریا خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔ ڈاکٹر سرونت کور نے پنجابی زبان میں پی ایچ ڈی (Phd) کر رکھی ہے۔ ان شخصیات سے ملاقات میرے لیے ایک خوشگوار تجربہ تھی۔ یہ حقیقت قابلِ توجہ ہے کہ دنیا بھر میں پنجابی زبان کے فروغ کے لیے بھارتی سکھ برادری اور وہاں کے اہلِ علم نے بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ زبانیں سرحدوں کی محتاج نہیں ہوتیں، ان کی اصل طاقت محبت، تہذیب اور علمی وابستگی میں ہوتی ہے۔ کانفرنس سے چوہدری صدیق گل، ڈاکٹر ادریس، موٹیویشنل اسپیکر اعظم ملک، ڈاکٹر کلیان سنگھ، عقیل بھٹی، سردار الیاس گھمن، شاکر بوٹا اور پروفیسر زاہد حسن سمیت دیگر مہمان مقررین نے خطاب کیا۔ پروفیسر زاہد حسن پنجابی اور اردو کے معروف کالم نگار ہونے کے ساتھ لمز یونیورسٹی میں پنجابی زبان کے استاد بھی ہیں۔ بھارتی مہمانوں نے بابا فرید اور بلھے شاہ کا صوفیانہ کلام پیش کر کے محفل کو روحانی رنگ عطا کیا۔ سردار الیاس گھمن نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ پنجابی زبان کو سکولوں میں لازمی مضمون کے طور پر پڑھایا جائے۔ اس موقع پر پنجابی زبان کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔
رات گئے تک جاری رہنے والی اس نشست میں مہمانوں کی مختلف النوع کھانوں سے تواضع کی گئی، جبکہ اختتام سے قبل فنکاروں نے طبلوں کی دھن پر پنجابی کلام پیش کر کے محفل کو چار چاند لگا دیے۔
میرے لیے یہ کانفرنس اس لحاظ سے بھی یادگار رہی کہ پہلی مرتبہ اس نوعیت کے اجتماع میں شرکت اور ہندوستان سے آئے ہوئے نامور علمی و ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقات کا موقع ملا۔ گوجرانوالہ، شیخوپورہ اور اب لاہور میں پنجابی کانفرنسوں کے انعقاد میں مدثر اقبال بٹ صاحب کی کاوشیں یقیناً قابلِ تحسین ہیں۔ تاہم ایسی تقریبات کی اصل کامیابی اسی وقت ممکن ہے جب ان کے نتائج کانفرنس ہالوں سے نکل کر تعلیمی اداروں، گھروں، ادبی حلقوں اور نئی نسل تک پہنچیں۔ پنجابی زبان کو محض جذباتی نعروں سے نہیں بلکہ نصاب، تحقیق، ادب، صحافت اور عملی سرپرستی سے ترقی دی جا سکتی ہے۔ مدثر اقبال بٹ جیسی متحرک صحافتی شخصیات اگر اسی جذبے کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتی رہیں تو پنجابی زبان کی ترویج کا یہ سفر مزید مضبوط ہو سکتا ہے۔ بلاشبہ زبان کی خدمت دراصل اپنی مٹی، اپنی شناخت اور اپنی تہذیب سے وفاداری کا نام ہے۔

میں نے اردو زبان میں ایف سی کالج سے ماسٹر کیا، پاکستان میں 90 کی دہائی تک روزنامہ "خبریں: اور "نوائے وقت” میں فری لانس کالم لکھتا رہا۔ 1998 میں جب انگلینڈ گیا تو روزنامہ "اوصاف” میں سب ایڈیٹر تھا۔
روزنامہ "جنگ”، لندن ایڈیشن میں بھی لکھتا رہا، میری انگریزی زبان میں لندن سے موٹیویشنل اور فلاسفیکل مضامین کی ایک کتاب شائع ہوئی جس کی ہاؤس آف پارلیمنٹ، لندن میں 2001 میں افتتاحی تقریب ہوئی جس کی صدارت ایم پی چوہدری محمد سرور نے کی اور مہمان خصوصی پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی تھی۔
اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔