اذانِ عشق کا امین: احمد بلال کھوکھر
اردو c اپنی پوری تاریخ میں ہمیشہ ان آوازوں کی تلاش میں رہی ہے جو روایت سے جڑی رہ کر بھی نیا لہجہ عطا کر سکیں۔ ہر عہد میں کچھ شاعر ایسے آتے ہیں جو صرف شعر نہیں کہتے بلکہ اپنے عہد کے اجتماعی شعور کی ترجمانی کرتے ہیں۔ ان کے اشعار میں ان کی اپنی ذات کے ساتھ ساتھ ان کے معاشرے اور ان کے وطن کی دھڑکن سنائی دیتی ہے۔ عصرِ حاضر میں جب اردو غزل کئی طرح کے تجربات سے گزر رہی ہے، جب کہیں جدیدیت کے نام پر ابہام کا غلبہ ہے اور کہیں سہل پسندی کے نام پر سطحیت کا تو ایسے میں ایک ایسا شاعر جو سادگی میں گہرائی اور گہرائی میں سچائی کو برقرار رکھے کسی نعمت سے کم نہیں۔ میری مراد کہوٹہ کے نوجوان شاعر احمد بلال کھوکھر سے ہے۔
۔حسن ظہیر راجا میرا وہ دوست ہے جس نے کئی بڑے لوگوں سے متعارف کروایا، جاوید احمد، حبیب گوہر، عون رضا سمیت کئی ایسے تخلیق کار جن سے مل کر ہمیشہ سرشاری ہوئی۔ انہی احباب میں ایک نام احمد بلال کھوکھر کا بھی ہے۔ حسن ظہیر راجا کا میں اس لیے بھی ممنون ہوں کہ اس نے مجھے بلال جیسے خوب صورت انسان اور باکمال شاعر سے ملایا۔بلال نے بہت کم لکھا لیکن جو لکھا کمال لکھا۔ میں سمجھتا ہوں اس کا ایک شعر ہی اسے زندہ رکھے گا۔
احمد بلال کھوکھر کا اصل نام بلال کھوکھر ہے راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں 9جون 1985ء کو آنکھ کھولی۔ کہوٹہ کی سرزمین نے ان کے مزاج میں فطرت کی رعنائی اور پہاڑ جیسی استقامت دونوں کو شامل کیا ہے۔ عملی زندگی کا بڑا حصہ پاکستان نیوی جیسے باوقار اور منظم ادارے میں گزرا۔ یہ نکتہ ان کی شاعری کو سمجھنے کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ عام طور پر شاعر کا تصور ایک ایسے شخص کا ہے جو دنیا سے کٹ کر فقط خیالوں میں گم رہتا ہے لیکن بلال کھوکھر نے سمندروں کی وسعت دیکھی ہے، نظم و ضبط کی زندگی گزاری ہے، وقت کی پابندی، فرض شناسی اور وطن سے محبت کو اپنی آنکھوں سے برتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی شاعری میں وہ لڑکھڑاہٹ نہیں جو اکثر نوآموز شعرا میں ملتی ہے۔ان کی شاعری میں فن کی مکمل پختگی نمایاں طور پر موجود ہے۔
مجھے احمد بلال کھوکھر سے بارہا ملاقات کا شرف حاصل رہا۔ ہر بار وہ چہرے پر مسکراہٹ اور خندہ پیشانی سے یوں ملا جیسے صدیوں کی رفاقت ہو۔ اس کی شخصیت میں سمندر جیسی گہرائی اور پہاڑ جیسی شفقت دونوں موجود ہیں۔ لیکن سچ کہوں تو میں سمجھتا ہوں بلال کھوکھر کے حوالے سے کچھ لکھنے کی میں کبھی ہمت نہ کرتا اگر بلال کے پاس یہ شعر نہ ہوتا۔ بلال کا یہ شعر:
اذانِ عشق کا منصب سنبھال رکھا ہے
جبھی تو اپنا تخلص بلال رکھا ہے
یہ شعر جب پہلی مرتبہ حسن ظہیر راجا کی زبانی سنا تو جھوم جھوم اٹھا۔ کیسا زندہ اور رواں شعر ہے جس میں بلال نے اپنے تخلص کو بھی شان دار انداز میں استعمال کیا۔ حضرت بلال حبشی رضی اللہ عنہ کی اذان میں جو سوز، اخلاص اور وفا تھی وہی سوز احمد بلال اپنی شاعری میں لے کر آئے ہیں۔ یہ شعر ان کی پوری شاعری کا حاصل ہے۔ اگر بلال کی تمام شاعری ایک طرف ہو اور ایک طرف یہ شعر تو اس شعر کا وزن زیادہ ہو گا۔ بلال کھوکھر واقعی اذانِ عشق کا منصب سنبھالے ہوئے ہیں۔ یہ شعر مجھے کبھی نہیں بھولا، اور اسی ایک شعر نے مجھے بلال کی باقی شاعری تک پہنچایا۔
احمد بلال کھوکھر غزل کے شاعر ہیں۔ ان کی شاعری کی کئی جہتیں ہیں۔عشق اور ہجر کی کیفیات میں ان کا لہجہ بڑا دل نشین ہے۔ ان کی مشہور غزل دیکھیے:
گزر رہا ہے مگر ضبط پر گراں دن ہے
کسی کے ہجر میں میرا یہ تیس واں دن ہے
میں شب بہ خیر کہوں کیسے تم کو، تم ہی کہو
وہاں ہے رات مری جاں مگر، یہاں دن ہے
وہ کوئی دھوپ کی بیٹی نہیں، بہ جا لیکن
جہاں جہاں سے وہ گزری وہاں وہاں دن ہے
اندھیرا پھیل گیا تو وہ ملنے والا نہیں
ابھی بھی ڈھونڈ لو قدموں کے تم نشاں، دن ہے
میں کیوں نہ سرخ گلابوں کا اہتمام کروں
مجھے بتایا گیا ہے کہ یہ ، فُلاں دن ہے
سیاہ رات میں اُس نے یقین سے پوچھا
بلال مجھ کو یہ کہنا پڑا کہ ہاں، دن ہے
اس پوری غزل میں "دن” کی ردیف کو جس مہارت سے نبھایا گیا ہے وہ ان کی فنی پختگی کی دلیل ہے۔ دن کبھی وقت ہے، کبھی امید ہے، کبھی محبوب کے وجود کی روشنی ہے۔
خودی اور داخلی کرب کے حوالے سے ان کے یہ اشعار دیکھیں:
سقراط اعتبار مرا کر نہیں رہا
میں زہر پی چکا ہوں مگر مر نہیں رہا
اک بار اس کو پیار سے میں نے کہا تھا چاند
پھر یوں ہوا وہ شخص زمیں پر نہیں رہا
پہلے شعر میں سقراط کے حوالے سے زندگی اور موت کے فلسفے کو بڑی جرأت سے بیان کیا گیا ہے۔ سقراط نے زہر کا پیالہ پی کر جان دے دی تھی لیکن یہاں شاعر کہتا ہے کہ میں نے عشق میں دنیا کے ستم میں کئی بار زہر پیا ہے مگر میں زندہ ہوں۔ یہ جینے کا حوصلہ ہے۔
سماجی شعور اور گھریلو زندگی کی سچائیاں بلال کی شاعری کا مضبوط پہلو ہے۔ آج جب اکثر شاعر اپنے کمرے کی تنہائی سے باہر نہیں نکلتے، احمد بلال گاؤں، گھر، باپ، ماں، بیٹی اور سماج کی بات کرتے ہیں۔
مدّت ہوئی کہ جھانکنے والے چلے گئے
عرصہ ہوا گلی میں تماشا نہیں ہوا
دریا کے سوکھنے کا ہوا فائدہ ہمیں
پانی پہ گاؤں والوں میں جھگڑا نہیں ہوا
کتنے سادہ لفظوں میں ہجرتوں کے بعد کی گلی کی ویرانی اور ایک بڑے المیے میں سے ایک چھوٹا سا فائدہ نکال کر زندگی کی تلخ حقیقت کو بیان کیا گیا ہے۔
اور پھر ان کے وہ اشعار جو ہر گھر کی کہانی ہیں:
تجھ کو کیا معلوم ہے تیرے ہنستے چہرے کی خاطر
کتنے پیڑ گرائے ہم نے پکّے رستے کی خاطر
جنگل میں خوں خوار درندے خوف کے مارے سہمے ہیں
ہرنی شیر کو مار چکی ہے اپنے بچے کی خاطر
کچّے گھر میں کھاٹ پہ سوئی ننھی گڑیا کیا جانے
باپ کی پشت نے کیا کچھ جھیلا اچّھے بستے کی خاطر
چھت کی سانسیں سوکھ گئی ہیں، کونے سے دیوار لگی
سارے گھر کا حلیہ بدلا، اُس کے کمرے کی خاطر
وہ آئی تو قسمت بدلی دنیا کے بازاروں کی
کیسے کیسے جھومر آئے اُس کے ماتھے کی خاطر
جان گئی ہے رونا کیسا تیغ تو پھر بھی ہاتھ میں ہے
ہم نے آنکھ کھلی رکھی ہے گھر کے پہرے کی خاطر
ان اشعار میں ترقی کے نام پر ماحولیات کی تباہی پر طنز بھی ہے، ماں کی ممتا کو سلام بھی ہےاور باپ کی قربانی کا نوحہ بھی ہے۔ "اچھے بستے کی خاطر” باپ کی پشت کا جھیلنا یہ ایک پورے معاشرے کی نفسیات ہے۔ "آنکھ کھلی رکھی ہے گھر کے پہرے کی خاطر” میں ایک سپاہی،ایک محافظ اور ایک باپ تینوں بہ یک وقت بول رہے ہیں۔ یہی وہ تربیت ہے جو بحریہ نے شاعر دی ہے۔
احمد بلال کی زبان ٹھیٹھ، صاف اور سادہ ہے۔ وہ مشکل الفاظ سے گریز برتتے ہیں۔ ان کی بحور زیادہ تر چھوٹی اور مترنم ہیں۔ ان کی شاعری میں تصنع اور بناوٹ کی بہ جائے ایک روانی ہے۔ وہ لفظوں کو تراشتے ہیں۔ ایک اور شعر دیکھیں جو ان کی اسی فکر کی نمائندگی کرتا ہے:
بقا کے واسطے پتّے گِرا رہا ہے وہ
ہوا نے پیڑ کو مشکل میں ڈال رکھا ہے
یہ خزاں اور بہار کا فلسفہ ہے۔ کبھی کبھی زندہ رہنے کے لیے کچھ قربانی دینی پڑتی ہے۔
مجموعی طور پر احمد بلال کھوکھر ایک ایسے شاعر کا نام ہے جس نے زندگی کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔ سمندر کی گہرائی بھی، گھر کی تنگی بھی، باپ کی محنت بھی، ماں کی ممتا بھی۔ آج جب اردو شاعری میں سطحیت کا دور دورہ ہے احمد بلال جیسے شاعر اس بات کی امید دلاتے ہیں کہ ابھی بھی سچی شاعری زندہ ہے۔
اذانِ عشق کا منصب سنبھالے ہوئے یہ شخص یقیناً آنے والے وقتوں میں اردو غزل کا ایک اہم اور معتبر حوالہ بنے گا۔ اس کی اذان دیر تک فضاؤں میں گونجتی رہے گی۔

مضمون نگار فرہاد احمد فگار کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع مظفرآباد سے ہے۔اردو زبان و ادب میں پی ایچ ڈی ہیں۔کئی کتب کے مصنف ہیں۔ آپ بہ طور کالم نگار، محقق اور شاعر ادبی حلقوں میں پہچانے جاتے ہیں۔ لسانیات آپ کا خاص میدان ہے۔ آزاد کشمیر کے شعبہ تعلیم میں بہ طور اردو لیکچرر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ کالج میگزین بساط کے ایڈیٹر ہیں اور ایک نجی اسکول کے مجلے کاوش کے اعزازی مدیر بھی ہیں۔ اپنی ادبی سرگرمیوں کے اعتراف میں کئی اعزازات اور ایوارڈز حاصل کر چکے ہیں۔آپ کی تحریر سادہ بامعنی ہوتی ہے۔
اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔