یونیورس 25
اللہ تعالیٰ سورۃ الشوریٰ، آیت 27 میں ارشاد فرماتا ہے: ’’اور اگر اللہ اپنے بندوں کے لیے رزق کشادہ کر دیتا تو وہ زمین میں سرکشی کرنے لگتے، لیکن وہ ایک اندازے کے ساتھ نازل فرماتا ہے، جتنا وہ چاہتا ہے۔‘‘ اس آیتِ مبارکہ میں انسانی فطرت کے ایک ایسے کمزور پہلو کی نشاندہی کی گئی ہے جو دولت کی فراوانی کے ساتھ بعض انسانوں میں شدت اختیار کر جاتا ہے۔ جب وسائل کی بہتات کے باوجود قناعت، احساس اور اخلاقی حدود باقی نہ رہیں تو انسان اپنی بلند انسانی حیثیت کھو کر حرص، خود غرضی، ہوس اور طاقت کے حصول جیسی پست جبلتوں کا اسیر ہو جاتا ہے۔ یوں عقل و شعور رکھنے والا انسان اپنی خواہشات کے ہاتھوں اس مقام تک گر سکتا ہے جہاں اس کے رویے حیوانی سطح کی عادات سے مشابہ دکھائی دینے لگتے ہیں۔
گویا دولت کی فراوانی بذاتِ خود زوال کا سبب نہیں، بلکہ اس کے ساتھ حرص اور بے لگام خواہشات کا غلبہ انسان کو تباہی کی طرف لے جاتا ہے۔ ذرا سوچیے، اگر کسی مخلوق کو زندگی کی تمام سہولتیں میسر کر دی جائیں، خوراک وافر ہو، رہائش محفوظ ہو، کوئی دشمن نہ ہو، کسی خطرے کا سامنا نہ کرنا پڑے اور زندگی میں کسی قسم کی تنگی بھی نہ ہو تو کیا وہ ہمیشہ خوش و خرم، مطمئن اور ترقی یافتہ رہے گی؟ بظاہر اس کا جواب "ہاں” میں ہونا چاہیے، مگر حیاتیات کے امریکی محقق جان بی کلہون کے ایک مشہور تجربے نے اس تصور کو ایک نئی جہت دی ہے۔ کلہون نے چوہوں کے لیے ایک ایسا مثالی ماحول تیار کیا جہاں خوراک، پانی، رہائش اور تحفظ کی کوئی کمی نہیں تھی۔ اس تجربے میں ابتدائی طور پر چار جوڑے چوہوں کو چھوڑا گیا۔ ابتدا میں ان کی آبادی تیزی سے بڑھی اور ہر طرف افزائشِ نسل اور سرگرمی دکھائی دینے لگی، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ اس مثالی ماحول میں ایسے رویے جنم لینے لگے جنہوں نے محققین کو حیران کر دیا۔ آبادی کے دباؤ اور سماجی تعلقات کے بگاڑ کے ساتھ تشدد، تنہائی، بے رغبتی، بچوں کی دیکھ بھال سے لاتعلقی اور غیر معمولی سماجی رویے سامنے آنے لگے۔ چوہوں کا ایک طبقہ ایسا بھی پیدا ہوا جو بظاہر صاف ستھرا رہتا، خوراک کھاتا اور آرام کرتا، مگر وہ سماجی زندگی، تعلقات اور افزائشِ نسل کی سرگرمیوں سے لاتعلق ہو چکا تھا۔ گویا تمام سہولتیں موجود ہونے کے باوجود ان کے اندر زندگی کی فطری سرگرمیوں اور اجتماعی ذمہ داریوں کا احساس کمزور پڑ گیا تھا۔
بالآخر یہ آبادی زوال کا شکار ہوئی اور تجربے کی پوری کالونی ختم ہو گئی۔
یہ تجربہ، جسے "یونیورس 25” کے نام سے جانا جاتا ہے، آج بھی انسانی معاشرت، سماجی رویوں اور ضرورت سے زیادہ آسائش کے اثرات پر بحث کے لیے ایک اہم مثال سمجھا جاتا ہے۔
اس تجربے کو انسانی معاشرے پر من و عن لاگو کرنا درست نہیں، کیونکہ انسان کی عقل، شعور، اخلاقیات اور سماجی ساخت چوہوں سے مختلف ہیں، لیکن اس میں غور و فکر کا ایک اہم پہلو ضرور موجود ہے۔ کیا صرف آسائشیں، دولت، تحفظ اور سہولتیں ہی کسی فرد یا معاشرے کی کامیابی کی ضمانت ہیں؟ یا انسان کو بامقصد زندگی گزارنے کے لیے جدوجہد، ذمہ داری، تعلقات، احساس اور اجتماعی مفاد کی بھی ضرورت ہے؟ ہمارے معاشرے میں بھی ایک ایسا طبقہ موجود ہے جس کے پاس دولت، وسائل اور آسائشوں کی کوئی کمی نہیں، لیکن اس کے باوجود اس طبقے میں حرص اور خود غرضی کی انتہا دکھائی دیتی ہے۔ بعض دولت مند افراد اپنے کاروبار میں اس قدر منافع کے اسیر ہو جاتے ہیں کہ انہیں مزدور کی محنت، ملازم کے حقوق، خریدار کے اعتماد اور انسانی احساسات کی کوئی پروا نہیں رہتی۔ وہ جائز منافع پر اکتفا کرنے کے بجائے ناجائز ذرائع سے دولت بڑھانے کو کامیابی سمجھنے لگتے ہیں۔ ان کے نزدیک انسان کی قدر اس کی محنت، ایمانداری یا کردار سے نہیں بلکہ اس کی مالی حیثیت اور افادیت سے متعین ہونے لگتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ اگر دولت مند طبقے میں احساس، ہمدردی اور انصاف کا جذبہ موجود ہو تو کیا وہ اپنے کارکنوں کو ان کا جائز حق دینے، ضرورت مندوں کی مدد کرنے اور معاشرے کی بہتری میں حصہ ڈالنے سے گریز کرے گا؟ دولت کا اصل حسن اسے جمع کرنے میں نہیں بلکہ اسے جائز طریقے سے کمانے، درست جگہ خرچ کرنے اور دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں ہے۔
بدقسمتی سے حرص انسان کو کبھی مطمئن نہیں ہونے دیتی۔ ایک ضرورت پوری ہوتی ہے تو دوسری خواہش جنم لے لیتی ہے، ایک منزل حاصل ہوتی ہے تو اس سے آگے کی دوڑ شروع ہو جاتی ہے۔ یہی بے لگام خواہش انسان کو اخلاقی حدود سے تجاوز کرنے اور دوسروں کے حقوق پامال کرنے پر آمادہ کرتی ہے۔ حالانکہ زندگی کا اصل مقصد صرف دولت جمع کرنا نہیں بلکہ اپنے وجود کو دوسروں کے لیے مفید بنانا بھی ہے۔
قرآن و حدیث میں بہترین انسان کی تعریف یہ کی گئی ہے کہ وہ دوسروں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
ہمیں سمجھنا ہو گا کہ آسائش زندگی کو آسان ضرور بناتی ہے، مگر اسے بامقصد نہیں بناتی۔ یہ مقصد انسانی احساس اور دوسروں کے حقوق کا احترام کرنے سے حاصل ہوتا ہے۔ جس معاشرے میں دولت انسانیت پر غالب آ جائے، وہاں کاروباری ترقی تو ہوتی ہے، کروڑوں اربوں بھی اکٹھے ہو جاتے ہیں اور شہروں شہر گھر اور عمارتیں بھی بلند ہو جاتی ہیں، مگر اس صورت میں کردار پست ہو جاتے ہیں۔ یاد رکھیے، انسان کی اصل کامیابی اس کے اثاثوں کی وسعت میں نہیں بلکہ اس کے ظرف، کردار اور دوسروں کے لیے پیدا کی گئی آسانیوں میں ہے۔

میں نے اردو زبان میں ایف سی کالج سے ماسٹر کیا، پاکستان میں 90 کی دہائی تک روزنامہ "خبریں: اور "نوائے وقت” میں فری لانس کالم لکھتا رہا۔ 1998 میں جب انگلینڈ گیا تو روزنامہ "اوصاف” میں سب ایڈیٹر تھا۔
روزنامہ "جنگ”، لندن ایڈیشن میں بھی لکھتا رہا، میری انگریزی زبان میں لندن سے موٹیویشنل اور فلاسفیکل مضامین کی ایک کتاب شائع ہوئی جس کی ہاؤس آف پارلیمنٹ، لندن میں 2001 میں افتتاحی تقریب ہوئی جس کی صدارت ایم پی چوہدری محمد سرور نے کی اور مہمان خصوصی پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی تھی۔
اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔