نعیم فضل سرکار کا باغِ سخن
تحریر: اظہر سجاد
ادب کے چمن میں کچھ آوازیں ایسی ہوتی ہیں جو براہِ راست دل میں اتر جاتی ہیں۔ ان کے الفاظ کے اندر ایک جہان آباد ہوتا ہے۔ چکوال کی سرزمین سے تعلق رکھنے والے نعیم فضل سرکار بھی اسی قبیل کے شاعر ہیں، جنھوں نے اپنی شاعری میں احساس، تجربے اور فکر کی ہمہ رنگ دنیا آباد کی ہے۔
ان سے میری پہلی ملاقات تلہ گنگ کے ایک مشاعرے میں ہوئی۔ دلنشیں شخصیت کے حامل نعیم سرکار نے فوڈ ٹیکنالوجی میں ایم فل کیا ہوا ہے اور درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔ ان کا شمار اگر بسیار گو شعرا میں کیا جائے تو بے جا نہ ہو گا، کیوں کہ یہ بہت لکھتے ہیں اور عمدہ لکھتے ہیں۔ ان اشعار سے نعیم فضل سرکار کے فن کا بخوبی اندازہ کیا جا سکتا ہے:
بعض ننگے سروں کی عادت ہے
ننگے پیروں پہ تبصرہ کرنا
میں ہجرت کی لغت لکھنے لگا ہوں
کہ میں نے اتنے گھر بدلے ہوئے ہیں
نعیم سرکار کے اشعار میں زندگی خوابوں سے ہم کلام نظر آتی ہے۔ ان کی شاعری میں خوشبو، رنگ، ستارے، بارش، درخت اور آئینہ بڑی خوبصورتی سے استعارے بن کر سامنے آتے ہیں۔ بعض اشعار بند کھڑکیوں اور دروازوں کی طرح ہیں کہ جب قاری اس حیرت کدے میں داخل ہوتا ہے تو تخیل اور معنی کا ایک نیا جہان کھل جاتا ہے:
زندگی آسماں کی بیٹی ہے
اس کی عادات پر نہیں رہنا
جیسے خوشبو اڑان بھرتی ہے
رنگ ویسے مچل نہیں پاتا
نعیم سرکار روزمرہ زندگی کے معمولی مناظر سے غیر معمولی معنی کشید کرتے ہیں۔ وہ زمین سے پھوٹنے والے مظاہرِ فطرت اور ان سے جڑے احساسات کے ازلی تعلق کو بالکل ایک نیا رنگ دے کر انھیں زندگی کا استعارہ بنا دیتے ہیں۔ یہی وہ وصف ہے جو ان کے کلام کو دل آویز اور فکر انگیز بنا دیتا ہے:
پہلے پھولوں نے گود لی خوشبو
پھر ہر اک رنگ سے بیاہ کیا
خواب جنگل میں خوش ہوا لیکن
نیند کو بھیڑیوں نے گھیر لیا
چھپا لیتی ہے سب بارش کا پانی
زمیں کو رازداری آ گئی ہے
نعیم سرکار کے بعض اشعار سادگی، سلاست اور روانی کے باوجود قاری کو اپنی طرف متوجہ کر لیتے ہیں، کیوں کہ ان کی شاعری صرف جمالیاتی ذوق کا اظہار نہیں بلکہ جذبات و احساسات کی ایسی کرشمہ سازی بھی ہے جو فکر و تخیل کو ایک بامعنی لباس پہنا دیتی ہے:
شجر کاٹے گئے اتنے کہ اب تو
زمیں کو سادگی کا ڈر نہیں ہے
چلو منزل سے کہہ دو جاگ جائے
سفر کی نیند پوری ہو گئی ہے
یوں نہ ہو وقت گھر بدل جائے
زائچہ ہاتھ سے نکل جائے
نعیم سرکار نے زندگی کو صرف دیکھا نہیں، اسے اپنے اندر جیا ہے۔ اسی لیے تلمیحات کو سہلِ ممتنع کے پیرائے میں نئے معنی پہنانے کا فن ان کی شاعری میں بہت نمایاں ہے:
جنت اور دنیا کے بیچ میں آنا جانا چاہتا ہوں
جس گھر کو چھوڑا تھا اس کو ہاتھ لگانا چاہتا ہوں
پیاس جب ایڑیاں رگڑتی تھی
تب کہیں سے زمیں چھلی کہ نہیں
مجھ کو بھائی غضب کے پیارے ہیں
میں تسلی میں ہوں کہ چاہ میں ہوں
ویسے تو ہر لکھاری پر زمانے کا تغیر و تبدل بڑا گہرا اثر ڈالتا ہے، مگر نعیم سرکار بدلتے وقت کے اثرات پر بڑے معصومانہ انداز میں، کہیں طنز اور کہیں جبر و استحصال کے خلاف مزاحمت کرتا نظر آتا ہے:
سمجھ پایا نہیں میں زندگی کو
مرے بچوں کو ساری آ گئی ہے
ہم وہ آوارہ قوم ہیں جس کو
اپنا شیرازہ بوجھ لگتا ہے
محاورے کا استعمال شاعری کا حسن ہے بشرطیکہ وہ شعر کی فضا سے ہم آہنگ ہو۔ نعیم سرکار محاورے کو ابلاغ کی قوت عطا کرتا نظر آتا ہے:
سکوں کی لاش پانی میں بہائی
چلو اک اور نیکی ہو گئی ہے
پھر اک دن انگلیاں کٹنے لگی تھیں
کسی کی پاکیٔ دامن کے صدقے
تالی بجتی ہے دونوں ہاتھوں سے
اس کو ہر جھوٹ اک نیا سچ ہے
حسن و عشق شاعری کا جزوِ لاینفک ہے۔ کلاسیکل شعرا نے شمع و پروانہ، گل و بلبل اور صیاد کے قصے کے ساتھ ساتھ محبوب کے حسن و جمال اور ہجر و فراق کو داخلی و خارجی سطح پر برتا ہے، مگر نعیم سرکار کی جمالیاتی منظر نگاری اور اندازِ بیاں میں منفرد رنگ نظر آتا ہے:
ان سنہری حسین آنکھوں تک
آئینہ زانوؤں کے بل جائے
تمھارے دل میں جو ٹھنڈی سڑک ہے
ہم اس پہ بارہا ٹہلے ہوئے ہیں
سائنسی اصطلاحات ایک حساس شاعر پر مشاہدے اور تخلیق کے نئے در وا کرتی ہیں۔ چوں کہ نعیم سرکار کا شعبہ بھی سائنس ہے، شاید اسی لیے اُن کی شاعری میں سائنسی اصطلاحات نئی معانی اور تصورات سامنے لاتی ہیں:
جب درد مساموں سے کہیں پھوٹ رہا تھا
خلیوں کی حمایت میں بدن ٹوٹ رہا تھا
دنیا اسی عجلت میں کسکتی رہی دن بھر
سورج سے لپٹنے کا سمے چھوٹ رہا تھا
دیکھنا خون میں وفا بھی ہے
سرخ ذرات پر نہیں رہنا
ترے لفظوں میں کتنا ارتقا ہے
کہ ان میں تابکاری آ گئی ہے
نعیم سرکار ایک متلاشی حِس رکھتے ہیں۔ دل و دماغ میں کئی سوالات سر اٹھاتے ہیں۔ جن کے جوابات انھیں نہیں ملتے تو وہی سوالات وہ اپنے قاری کے سامنے رکھ دیتے ہیں۔ یہی خوبی شعری حسن کو دوبالا کر دیتی ہے، کیوں کہ قاری کے سامنے سوچ کے نئے در وا ہو جاتے ہیں:
ظلم ہو اور چپ رہے دنیا
اس سے بڑھ کر کوئی جہالت ہے
خود سے بیزار کیوں بنایا تھا
یوں گناہ گار کیوں بنایا تھا
بے بسی دیکھ بے لباسی میں
رنج ٹوٹے بٹن کے کاج میں دیکھ
نعیم سرکار کے ہاں استعارہ، تشبیہ وغیرہ اور دیگر اصنافِ شعر کلام میں نہ صرف حسن پیدا کرتے نظر آتے ہیں بلکہ ندرت خیال اور معنوی وسعت کا باعث بھی ہیں؛
آئینہ مجھ کو دیکھتا ہے یوں
جیسے بھاگا ہوا ہوں میں کب سے
پتوں کا ہر زخم ہوا نے کھول دیا
اور لکڑی کا غم دیمک میں بند ہوا
خون چہرے پہ مل کے بیٹھا ہوں
یہ علامت نہیں یہ منظر ہے
نعیم سرکار کی شاعری محض جذبات کا اظہار نہیں بلکہ غور و فکر اور شعور و آگہی کا وسیلہ بھی ہے۔ وہ انسان اور زندگی کو فلسفیانہ گہرائی سے دیکھتے ہیں:
گزر بسر ہے یونہی منتوں مرادوں پر
زمین تنگ ہوئی ہے زمین زادوں پر
دونوں آوارہ مزاجی کا بھرم رکھتے ہیں
جسم جب گھر نہیں آتا ہے تو سر آتا ہے
میں نے ہڈی سے کھال کو کھینچا
اور مرا زخم بھر گیا جیسے
نعیم سرکار کی شاعری کی ایک اور نمایاں خوبی تخلص کا استعمال ہے۔ نعیم تخلص کو استعاراتی سطح پر نئے مضامین اور معنی دے کر ایک کردار بنا دیتا ہے:
ہائے سرکار وہ جنت سے نکلنے کا مزہ
تیری گندم کے تکبر میں پسا جاتا ہے
تم رعایا اگر نہیں تو پھر
مجھ کو سرکار کیوں بنایا تھا
غرض نعیم فضل ایسا شاعر ہے جو صرف ایک قرآت میں نہیں کھلتا۔ نعیم کو سمجھنے کے لیے اس کی شاعری سے دوستی کرنی پڑتی ہے۔ یہ رفاقت ہمیں حیرتوں اور ان دیکھی دنیا میں لے جاتی ہے، جہاں ایک اور دنیا آباد ہے۔ نعیم سرکار کی یہ مملکت دکھائی تو اِس دنیا جیسی دیتی ہے مگر اس کے ہر منظر میں نعیم سرکار کی فکر،عکس اور ترتیب نظر آتی ہے۔

اظہر سجاد کا تعلق کھوڑ کمپنی، تحصیل پنڈی گھیب، ضلع اٹک سے ہے۔ وہ شاعر، افسانہ نگار اور کالم نگار ہیں۔ ان کا افسانوی مجموعہ "تیسری دیوار” شائع ہو چکا ہے، جسے قارئین اور ناقدین کی جانب سے پذیرائی حاصل ہوئی۔ وہ حلقۂ اربابِ ذوق کھوڑ کے سابقہ سیکریٹری رہ چکے ہیں اور طویل عرصے سے ادبی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایم اے (انگریزی ادب) کیا ہے۔ پیشہ ورانہ زندگی میں سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO) سے وابستہ رہے، جبکہ اس وقت شعبۂ درس و تدریس سے منسلک ہیں۔ ادب، معاشرتی مسائل اور انسانی نفسیات ان کی تحریروں کے نمایاں موضوعات ہیں
اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔