علی شاہ کی کربلائی شاعری
تحریر و تحقیق : مقبول ذکی مقبول ، بھکر
بھکر کی سر زمین پر کربلا نگاری کے حوالے سے بالعموم اور سادات پر خاص عنایت ہے ۔ علی شاہ ، منکیرہ ، بھکر سے ہیں ۔ خاندانِ سادات ہے ۔ کربلا سادات کے گھر کا قصہ اور کہانی ہے ۔اس کا سادات سے بڑھ کر کون بہتر انداز میں کر سکتا ہے ۔ علی شاہ کا کربلائی کلام ملاحظہ ہو
مرے الفاظ کو دے ایسا اُجالا یاربّ
ذکرِ پنجتنؑ ہو سدا میرا حوالہ یاربّ
غمِ شبیرؑ لکھوں اور ہمیشہ ہی رہے
مرا انداز سخن جگ سے نرالا یاربّ
پیروی میں بھی کروں آلِ محمّدؐ کی سدا
اور کھل جائے ذہن کا تالا یاربّ
میرے آنسو ہوں رواں غمِ شبیرؑ میں ہر دم
کر سکوں میں بھی گناہوں کا ازالہ یاربّ
میں تو کمزور ہوں ناچیز ، گناہگار بھی ہوں
تُو نے ہر بار مگر مجھ کو سنبھالا یاربّ
منکیرہ ، بھکر کی سر زمین بھی کربلا کے ٹیلوں اور العطش و پیاس کی غماز ہے ۔ ایسے کربلائی منظرنامے پر علی شاہ کے اشعار دیکھیں ۔
جب تک کسی بھی سینے میں ہے غم حسینؑ کا
کرتی رہیں گی دھڑ کنیں ماتم حسینؑ کا
انسانیت بچائی ہے سر دے کے آپ نے
ممنون ہے تبھی تو یہ عالم حسینؑ کا
کچھ خر دماغ گرچہ ہیں قائل یزید کے
ہر ذی شعور بھر رہا ہے دم حسینؑ کا
نام و نشان مٹ گیا ظالم یزید کا
لہرا رہا ہے ہر جگہ پرچم حسینؑ کا
بڑھتا رہے گا مجلس و ماتم کا سلسلہ
محشر تلک رہے گا یہ موسم حسینؑ کا
کعبہ مرا حسینؑ مدینہ حسینؑ ہے
مرنا بھی ہے حسینؑ اور جینا حسینؑ ہے
اللّٰہ کا قرب پانے کا ذریعہ ہے مصطفیٰؐ
احمد تلک پہنچنے کا زینہ حسینؑ ہے
مرسل ہے آفتاب گو آکاش دین کا
پر دیں کا جگمگاتا نگینہ حسینؑ ہے
دونوں جہاں میں دین کا ساگر رسول پاک
پر مصطفیٰؐ کے گھر کا قرینہ حسینؑ ہے
ماتم بھی یاد گار ہے زہراؑ کے لعل کی
ورنہ تو مومنوں کا بھی سینہ حسینؑ ہے
علی شاہ نے انیس ، دبیر ، جوش ملیح آبادی ، اور محسن نقوی کے ساتھ ساتھ کچھی کے سرائیکی اساتذہ شعرا کے کلام کا خُوب مطالعہ کیا ہے ۔ ان کی شاعری اس بات کی گواہی دیتی ہے ۔
نبی ہے دین کا بانی تو روحِ دیں ہے حسینؑ
تبھی تو دینِ الہٰی کا بھی امیں ہے حسینؑ
یزید اب بھی زمانے میں انگنت ہوں گے
مگر جہاں میں کوئی ایک بھی نہیں ہے حسینؑ
یہ ذکرِ آلِ عباؑ پر ہیں نور کے جلوے
یوں لگ رہا ہے کہ جیسے یہیں کہیں ہے حسینؑ
جو تیرے غم میں بہے اشک وہ ہیں راہِ نجات
سوائے اس کے مرے پاس کچھ نہیں ہے حسینؑ

اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔