ہاتھ سے کمانے والے مزدور کا مقام
اسلام نے محنت، مزدوری اور ہاتھ سے حلال روزی کمانے کو جو عزت و عظمت عطا کی ہے، دنیا کے دوسرے معاشرتی نظام اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہیں۔ اسلام کی نگاہ میں کسی انسان کی قدر و منزلت اس کے عہدے، دولت، لباس یا ظاہری شان و شوکت سے نہیں بلکہ اس کے کردار، امانت، دیانت اور حلال کمائی سے متعین ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام نے مزدور کے ہاتھوں کی محنت کو باعثِ عزت قرار دیا اور اس کے حقوق کی ادائیگی کو معاشرتی ذمہ داری بنایا۔
تاریخِ اسلام کا ایک روشن باب حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی سادگی اور احساسِ ذمہ داری سے عبارت ہے۔ خلافت سنبھالنے کے بعد جب ان کے وظیفے کا معاملہ زیرِ غور آیا تو آپؓ نے اپنی ضروریات کے مطابق بیت المال سے وظیفہ مقرر کرنے کی اجازت دی۔ روایات میں آتا ہے کہ آپؓ نے اپنی سابقہ معمولی معاشرتی ضروریات اور ایک عام محنت کش کی گزر بسر کو مدنظر رکھتے ہوئے وظیفے کے تعین پر زور دیا۔ یہ طرزِ عمل اس حقیقت کا اظہار تھا کہ اسلامی سربراہ خود کو عوام سے بالاتر نہیں بلکہ ان کا خادم سمجھتا ہے۔ حضرت ابوبکر صدیقؓ کی زندگی ہمیں بتاتی ہے کہ اقتدار کا اصل حسن مراعات میں نہیں بلکہ سادگی، خدمت اور عوام کے دکھ درد کو سمجھنے میں ہے۔
رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کا مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ آپ ﷺ نے معاشرے کے کمزور، غریب، غلام اور محنت کش طبقے کو خصوصی عزت عطا فرمائی، جس میں حضرت بلال رضی اللہ عنہ کے قبول اسلام کا واقعہ بھی شامل ہے کہ جب ایک رات نبی کریم ﷺ کا گزر ایک گھر کے قریب سے ہوا تو اندر سے چکی پیسنے اور کراہنے کی آواز آ رہی تھی۔ آپ ﷺ نے دروازہ کھٹکھٹا کر معاجرہ معلوم کیا تو پتہ چلا کہ اندر بلال حبشی چکی پیس رہے تھے اور ساتھ میں کراہ بھی رہے تھے۔ انہیں سخت بھوک لگی تھی، اور شدید بخار بھی تھا۔ محمد الرسول للہ ﷺ نے فرمایا: "بلال تھوڑی دیر انتظار کرو میں آپ کے لیئے دودھ لے کر آتا ہوں۔” اس پر بلال حبشی رضی اللہ عنہ نے یقین نہیں کیا، کیونکہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ نبی ﷺ کو ابھی اتنا جانتے نہیں تھے۔ لیکن تھوڑی دیر بعد محمد الرسول للہ ﷺ ایک ہاتھ میں گرم دودھ کا گلاس اور دوسرے ہاتھ میں رضائی لے کر آ گئے۔ اس کے بعد نبی کریم ﷺ بلال حبشی رضی اللہ عنہ کے حصے کی چکی پیستے رہے اور خود بلال حبشی رضی اللہ عنہ گرم دودھ پی کر رضائی میں آرام کرتے رہیں۔ جب نبی مکرم ﷺ چکی پیس کر پلٹنے لگے تو حضرت بلال رضی اللہ عنہ کی آنکھوں میں آنسو تھے اور کہہ رہے تھے: "اے اللہ کے سچے رسول اب مجھے کلمہ پڑھا کر واپس جاو۔” اسی واقعہ کے بعد حضرت بلال حبشی رضی اللہ عنہ کا نام "سیدنا حضرت بلال رضی اللہ عنہ” پڑا تھا۔
ایک غلام ہونے کے باوجود سیدنا بلال رضی اللہ عنہ نے ایمان، استقامت اور قربانی کے ذریعے وہ مقام حاصل کیا جس کی نظیر تاریخ میں کم ملتی ہے۔ اسلام نے انہیں رنگ، نسل، غربت یا سماجی حیثیت کی بنیاد پر نہیں بلکہ تقویٰ اور کردار کی بنیاد پر عزت دی۔ ہاتھ سے محنت کر کے کمانے والوں کے بارے میں نبی کریم ﷺ ایک مشہور قول ہے: ’’الکاسب حبیب اللہ‘‘ یعنی "محنت کر کے حلال روزی کمانے والا اللہ کا محبوب ہے”۔ صحیح احادیث میں اپنے ہاتھ کی کمائی کو بہترین کمائی قرار دیا گیا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے ایک اور جگہ فرمایا کہ: "کسی شخص نے اپنے ہاتھ کی کمائی سے بہتر کھانا نہیں کھایا اور اللہ کے نبی حضرت داؤد علیہ السلام بھی اپنے ہاتھ کی کمائی سے کھاتے تھے (صحیح بخاری)”۔
اسلام نے صرف مزدور کی محنت کی تعریف نہیں کی بلکہ اس کے معاشی حقوق کا بھی واضح تحفظ کیا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے مزدور کی اجرت بروقت ادا کرنے کی تاکید فرمائی اور ایک حدیثِ قدسی میں ایسے شخص کے خلاف قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کے دعوے کا ذکر ہے جو مزدور سے کام تو پورا لے مگر اس کی اجرت ادا نہ کرے۔ (صحیح بخاری) یہ وعید ان مالکان اور انتظامی ذمہ داروں کے لیے ایک بڑا سبق ہے جو مزدور کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے، اس کی تنخواہ روک لیتے یا اس کی محنت کے مقابلے میں حقیر معاوضہ دیتے ہیں۔
قرآن مجید بھی محنت اور کوشش کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ سورۃ النجم میں ارشاد ہے: ’’اور یہ کہ انسان کے لیے وہی ہے جس کی اس نے کوشش کی۔‘‘ (النجم: 39) سورۃ الجمعہ میں نماز کے بعد اللہ کا فضل تلاش کرنے کے لیے زمین میں پھیل جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ (الجمعہ: 10) اسی طرح سورۃ الملک میں زمین کے راستوں پر چلنے اور اللہ کا رزق تلاش کرنے کا حکم ملتا ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کے واقعے میں سورۃ القصص کے مطابق ایک بہترین مزدور کی دو بنیادی صفات طاقت اور امانت داری بیان ہوئی ہیں۔ (القصص: 26) گویا اسلام کے نزدیک ایک اچھا کارکن صرف جسمانی طاقت رکھنے والا نہیں بلکہ وہ ہے جو دیانت دار اور ذمہ دار بھی ہے۔
مزدور کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک محنت کش صحابی کے کھردرے ہاتھوں کو پسند فرمایا۔ اس واقعے کی مشہور روایت میں آپ ﷺ کی جانب سے محنت کے ان ہاتھوں کی تحسین کا ذکر ملتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ وہ ہاتھ جو کسی فیکٹری میں لوہا کاٹتے، مشین چلاتے، بھاری سامان اٹھاتے، تعمیرات کرتے اور اپنے بچوں کے لیے حلال رزق کماتے ہیں، معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان ہاتھوں کی سختی کھردرا پن دراصل ان کی محنت، قربانی اور ذمہ داری کی علامت ہے۔
وہ کاروباری حضرات اور فیکٹری مالکان کتنے خوش نصیب ہیں جو مزدوروں کو روزگار فراہم کرتے ہیں، ان کی عزتِ نفس کا خیال رکھتے ہیں اور ان کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ان کی اجرت ادا کرتے ہیں۔ اس کے برعکس وہ ادارے ترقی کی حقیقی روح سے محروم رہتے ہیں جہاں مزدور کو محض ایک مشین کا پرزہ سمجھا جاتا ہے، اس کی مجبوری سے فائدہ اٹھایا جاتا ہے اور اس کے جائز مطالبات کو بغاوت تصور کیا جاتا ہے۔
جب سے لاہور میں "پیٹروفاسٹ انجینئرنگ” (Petrofast Engineering) میں مزدوروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے، مجھے اس طبقے کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا تجربہ حاصل ہوا ہے۔ میں نے محسوس کیا ہے کہ ہاتھ سے محنت کرنے والے بہت سے مزدوروں کا اخلاق، خلوص، سادگی اور حسنِ سلوک قابلِ رشک ہوتا ہے۔ ان کے پاس شاید دولت اور ظاہری آسائشیں کم ہوں، لیکن ان کے اندر محنت، وفاداری اور رشتوں کی قدر کا ایک ایسا جذبہ موجود ہوتا ہے جس سے بڑے بڑے عہدوں پر فائز لوگ بھی بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارے صنعتی اداروں میں مزدور کو صرف تنخواہ لینے والا کارکن نہیں بلکہ ادارے کی ترقی کا حقیقی شراکت دار سمجھا جائے۔ اسے بروقت اجرت، محفوظ ماحول، مناسب سہولیات، عزت اور ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ یاد رکھنا چاہیے کہ ایک سرمایہ کار مشینیں خرید سکتا ہے، عمارتیں تعمیر کر سکتا ہے، اور جدید ٹیکنالوجی سے فیکٹری لگا سکتا ہے، لیکن وہ ترقی کی بلند منازل تبھی طے کرتا ہے جب وہ محنت کش مزدوروں کی وفاداری کو ناگزیر سمجھتا ہے، اور ان کے حقوق کا ہر لحاظ سے مکمل تحفظ کرتا ہے۔
حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی سادگی سے لے کر رسول اکرم ﷺ کی محنت کشوں سے محبت تک، اسلامی تاریخ ہمیں یہی سبق دیتی ہے کہ ہاتھ سے حلال روزی کمانے والا انسان قابلِ احترام ہے۔ مزدور کے ماتھے پر چمکتا ہوا پسینہ اس کی محنت کی گواہی ہے، اور اس کے ہاتھوں کی سختی اس کے کردار کی مضبوطی کا پتا دیتی ہے۔ ہمیں مزدور کو اس کا حق دینے کے ساتھ اس کی عزت کا بھی خیال رکھنا چاہیئے، کیونکہ جس معاشرے میں محنت کرنے والے ہاتھوں کی قدر ختم ہو جائے، وہاں ترقی کی بنیادیں بھی کمزور پڑ جاتی ہیں۔

میں نے اردو زبان میں ایف سی کالج سے ماسٹر کیا، پاکستان میں 90 کی دہائی تک روزنامہ "خبریں: اور "نوائے وقت” میں فری لانس کالم لکھتا رہا۔ 1998 میں جب انگلینڈ گیا تو روزنامہ "اوصاف” میں سب ایڈیٹر تھا۔
روزنامہ "جنگ”، لندن ایڈیشن میں بھی لکھتا رہا، میری انگریزی زبان میں لندن سے موٹیویشنل اور فلاسفیکل مضامین کی ایک کتاب شائع ہوئی جس کی ہاؤس آف پارلیمنٹ، لندن میں 2001 میں افتتاحی تقریب ہوئی جس کی صدارت ایم پی چوہدری محمد سرور نے کی اور مہمان خصوصی پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی تھی۔
اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔