برمنگھم میں یومِ معرکہ حق کی تقریبات
تحریر: عبدالوحید خان، برمنگھم (یوکے)
10 مئی ”یومِ معرکہ حق“ کی مناسبت سے پاکستان اور دنیا بھر میں پاکستانیوں کیطرف سے منعقد ہونے والی معرکہ حق کی تقریبات کے سلسلے میں برطانیہ کے دوسرے نمبر پر بڑے شہر اور پاکستان سے باہر بسنے والے سب سے زیادہ پاکستانیوں کے مسکن شہرِ برمنگھم میں بھی یوم معرکہ حق کی مختلف تقریبات منعقد کی گئیں اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو شاندار طور پر منایا گیا-
قونصلیٹ آف پاکستان کی طرف سے مقامی ریستوران ”ٹیپو سلطان“ میں منگل کی شام معرکہ حق کے حوالے سے ایک باوقار اور شاندار تقریبِ عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں اور سرکردہ شخصیات نے شرکت کی-
نظامت کے فرائض وائس قونصل جنرل بختاور میر نے سرانجام دئیے جبکہ امام محمد اسد نے تلاوت کلامِ پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا جسکے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا جس کے احترام میں تمام شرکإ اپنی نشستوں کیساتھ کھڑے رہے-
تقریب کے میزبان قونصل جنرل فہد امجد نے استقبالیہ تقریر میں آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر یوم معرکہ حق کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوۓ یاد دلایا کہ کس طرح پڑوسی ملک نے پہلگام واقعے کا الزام بغیر کسی تحقیق، تفتیش اور ثبوت کے پاکستان پر لگایا اور سندھ طاس معاہدہ کو جس کا گارنٹر اقوام متحدہ ہے کو یکطرفہ طور پر معطل کیا اور پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر غیرجانبدارانہ تحقيقات کی پیش کش کے باوجود پاکستان پر حملہ کیا- انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے اوپر حملے کے جواب میں نہ صرف اپنا بھرپور دفاع کیا بلکہ باقاعدہ انہیں شکست سے دوچار کیا جس کے بعد بین الاقوامی برادری میں پاکستان کا وقار بلند ہوا اور مختلف ممالک بالخصوص کنگڈم آف سعودی عریبیہ کے ساتھ مختلف سطح پر تعاون اور دو طرفہ تعلقات میں زبردست کامیابیاں ملی ہیں انہوں نے بیرون ممالک آباد پاکستانیوں بالخصوص برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کی تعریف کی اور حالیہ عرصے میں امریکہ ایران جنگ بندی میں پاکستانی کردار کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوۓ حکومت پاکستان اور افواجِ پاکستان کی تعریف کی-
برٹش پارلیمنٹ کے آزاد رکن بیرسٹر ایوب خان نے کہا کہ پڑوسی ملک کا بغیر کسی ثبوت اور تحقیق کے پہلگام واقعہ کا پاکستان پر الزام اور حملہ مروجہ بنیادی اصولوں کے خلاف تھا جبکہ اس دوران پاکستانی وزراء اور پارلیمانی وفد نے دنیا بھر کا دورہ کرکے نہ صرف اپنا موقف بہترین طور پر پیش کیا بلکہ دستاویزات و ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ تمام الزامات کا جواب دیا انہوں نے حالیہ ایران کے بحران میں پاکستان کے کردار کو بہت اچھا قرار دیتے ہوۓ کہا کہ اس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے-
کونسلر ماجد محمود نے تقریب کے انعقاد پر قونصلیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوۓ حالیہ عرصے میں آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد بدلتے ہوۓ پاکستان میں پی آئی اے کی براہ راست فلائٹس کی بحالی اور دیگر مثبت اقدامات کو سراہا- محمد ناصر اعوان ایم بی ای نے تمام پاکستانیوں کو یوم معرکہ حق کی مبارکباد دی اور پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارتی سطح پر تعلقات میں بہتری کے حوالے سے گفتگو کی- نامزد لارڈ میئر نو منتخب کونسلر ذاکر اللہ چوہدری نے حالیہ الیکشن جیتنے والوں کو مبارکباد دی، تقریب کے انعقاد کو سراہا، معرکہ حق کی مبارکباد کے ساتھ حالیہ ایران پر حملے میں شامل نہ ہونے پر برطانوی حکومت کے فیصلے کو سراہا-
خالد محمود سابق ایم پی نے معرکہ حق کی کامیابیوں کو سراہتے ہوۓ 1948 میں کشمیر کی آزادی کے لۓ پاکستان کی کوششوں کو یاد کرتے ہوۓ کہا کہ اس وقت اگر ایسا نہ کیا جاتا تو آج آزادکشمیر بھی نہ ہوتا- انہوں نے پاکستان کے کردار کا حالیہ ایران جنگ بندی میں کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے ذکر کرتے ہوۓ اسے پاکستان کی کامیابی قرار دیا اور برطانیہ کے جنگ میں شامل نہ ہونے کے فیصلے کو سراہا-
طاہر علی ایم پی نے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ اور امریکہ پاکستان کی صلاحیتوں کے معترف ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا کردار بڑھ گیا ہے اور پاکستان مزید مضبوط ہو گا۔
کونسلر شفیق شاہ سابق لارڈ میئر نے مبارکباد دیتے ہوۓ کہا کہ پاکستان کے لۓ ساری کمیونٹی اکٹھی ہے یہاں ہم ایک دوسرے کے خلاف مختلف پارٹیوں کی طرف سے الیکشن بھی لڑتے ہیں اور اپنا اپنا کرار ادا کرتے ہیں لیکن پاکستان کے لۓ سب کو اکٹھے ہونا چاہئے-
مسٹر شوکت علی کونسلر لبرل ڈیموکریٹ نے کہا کہ گزشتہ سال بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ ہوئی، 1947 سے کشمیر ایشو حل نہیں کیا گیا، مقبوضہ کشمیری انڈیا کی حکمرانی کو تسلیم نہہں کرتے ہم کشمیری ہیں اور پاکستان کو مضبوط فوج کی ضرورت ہے، پاکستان میں جو بھی حکومت ہو متحد رہیں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ عراق اور شام میں کیا ہوا۔
راجہ محمد اشتیاق چئیرمین قائداعظم ٹرسٹ نے پاکستانی حکومت بالخصوص وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا نام لے کر حالیہ ایران جنگ بندی میں انکے کردار کی تعریف کی اور معرکہ حق کی کامیابی میں پاکستانی افواج کی تعریف کی- انہوں نے کہا کہ اس وقت امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستانی کوششوں کے معترف ہیں اور میں جو چالیس سال سے کہہ رہا تھا کہ پاکستان کو کسی کی نہیں دنیا کو پاکستان کی ضرورت ہے وہ بات سچ ثابت ہو رہی ہے- اس موقع پر انہوں نے پاکستان زندہ باد اور افواجِ پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگواۓ-
پیر طیب الرحمان چئیرمین قادریہ ٹرسٹ اسلامک سنٹر آف بریٹن نے وطن عزیز پاکستان کے استحکام، ترقی، خوشحالی اور مضبوطی کے لۓ خصوصی دعا کروائی-
قائداعظم ٹرسٹ یوکے کے زیرِاہتمام والسل کی معروف کاروباری شخصیت صوفی گل نواز کی میزبانی میں مقامی ریستوران ”رائل پنجاب“ میں آپریشن “بنیان مرصوص” کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر ”یومِ معرکہ حق“ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک جاوید اعوان ایڈیشنل اٹارنی جنرل آف پاکستان، ممتاز روحانی شخصیات پیر خالد سلطان القادری مرکزی ناظمِ اعلیٰ جماعت اہلسنت پاکستان (اوستہ محمد) بلوچستان، پیر عثمان غنی آف بہاولپور اور راجہ محمد اشتیاق چئیرمین قائداعظم ٹرسٹ یوکے نے بطورِ مہمان خصوصی جبکہ چوہدری لیاقت علی، محمد یونس بھٹی، چوہدری صغیر حسین، ماسٹر محمد لطیف، خلیفہ آفتاب سرمد، عبدالوحید خان، رب نواز چغتائی ، ابرار مغل، محمد جنید امجد، راجہ حقنواز جانباز، چوہدری شیراز، چیف انجینئر اعجاز احمد، ابراہیم گل نواز اور ملک ممتاز سمیت دیگر مختلف شعبہ ہاۓ زندگی کی نمایاں شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی-
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جسکی سعادت ماسٹر محمد لطیف نے حاصل کی اور تلاوت کے بعد تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے علاوه ملی شاعری سے پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا- خلیفہ آفتاب سرمد نے پنجابی میں اپنے نعتیہ اشعار سناۓ اور آقاۓ دوجہاں خاتم الانبیإ حضرت محمدﷺ سے اپنی والہانہ محبت اور عشق کا اظہار کیا-
مہمانان خصوصی اور دیگر مقررین نے افواجِ پاکستان کی بے مثال قربانیوں، بہادری، دلیری اور ملکی دفاع میں کردار، بالخصوص آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار کارکردگی پر پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ پہلے بھی پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی تھی اور آئندہ بھی اگر کسی نے وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا اور کوئی ناپاک جسارت کی تو پوری قوم اپنی بہار افواج کیساتھ شانہ بشانہ ہوگی۔
اس موقع پر شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے اور حکومت کی خارجہ پالیسی اور ملکی وقار میں بین الاقوامی سطح پر اضافے پر حکومتی پالیسیوں کو سراہا گیا- تقریب کے اختتام پر پیر خالد سلطان القادری نے تمام شرکإ، اور وطنِ عزیز پاکستان اور افواجِ پاکستان کیلئے خصوصی دعا کروائی-
کشمیر رابطہ کمیٹی کے زیر اہتمام صدر فہیم کیانی کی صدارت میں یومِ معرکہ حق کے حوالے سے “بنیان مرصوص” کی کامیابی کی یاد میں ایک تقریب “کشمیر گلوبلائزیشن“ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں کمیونٹی کی مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر کشمیر رابطہ کمیٹی کے صدر فہیم کیانی، قائداعظم ٹرسٹ کے چئیرمین راجہ محمد اشتیاق، پیپلزپارٹی برطانیہ کے رہنما واجد علی برکی، نومنتخب کونسلر شہریار کیانی، مسلم لیگ نون برطانیہ کے رہنما فاروق القادری، تحریک کشمیر برطانیہ کے سینئر رہنما حاجی محمد غالب، راجہ اظہر کیانی اور دیگر مقررین نے “بنیان مرصوص” کی کامیابی پر افواج پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہا-
مقررین نے آزادی کشمیر کی جدوجہد اور تحریک کے حوالے سے خدمات سرانجام دینے والوں کو قومی محسن قرار دیتے ہوۓ کہا کہ قومیں اپنے محسنوں کو یاد رکھ کر ہی ترقی کی راہ پر گامزن رہتی ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ نئی نسل کو بزرگوں کی مثبت تعلیمات، اتحاد، یگانگت اور خدمتِ خلق کے جذبے سے روشناس کرایا جاۓ تاکہ معاشرے میں باہمی احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر “بنیان مرصوص” کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی- (ختم شد)

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔iattockmag@gmail.com |