فرہاد احمد فگار سے ڈاکٹر فرہاد احمد فگار
ڈاکٹر محمد اعظم
مورخہ 4 ستمبر2025ء بوقت صبح نو بجے پی ایچ ڈی اسکالرفرہاد احمد فگارکازبانی امتحان نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اسلام آباد میں منعقدہوا۔ مقالے کا موضوع "اردو املا اور تلفظ کے مباحث : لسانی محققین کی آرا کا تنقیدی وتقابلی مطالعہ”تھا۔ اسکالر نے بتایا کہاردو املا اور تلفظ کے مباحث اردو زبان و ادب کے ان اہم موضوعات میں سے ہیں جن پر صدیوں سے اہلِ علم و فن غور و خوض کرتے چلے آ رہے ہیں، کیونکہ زبان کی درست صورت اور ادائیگی ہی اس کے حسن اور اس کی علمی و ادبی افادیت کی ضامن ہے۔ لسانی محققین نے املا اور تلفظ کے حوالے سے نہ صرف اپنے اپنے علمی پس منظر اور تحقیقی رویوں کے مطابق آرا پیش کی ہیں بلکہ کئی مقامات پر یہ آرا ایک دوسرے سے متصادم بھی دکھائی دیتی ہیں۔ کچھ ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ املا کو صوتی بنیادوں پر استوار ہونا چاہیے تاکہ ہر لفظ کی تحریری شکل اس کے تلفظ کے قریب تر ہو، جب کہ دیگر محققین کا کہنا ہے کہ اردو کا املا صدیوں کی ادبی روایت اور تحریری تسلسل کا آئینہ دار ہے، اس لیے اسے کسی یکسر صوتیاتی اصول کے تابع کرنا درست نہیں۔ اسی طرح تلفظ کے باب میں بھی اختلاف پایا جاتا ہے، بعض محققین نے دہلی اور لکھنؤ کی بولیوں کو معیار قرار دیا، جب کہ بعض نے جدید شہری تلفظات کو زیادہ اہمیت دی۔ ان آرا کے تقابلی مطالعے سے یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ اردو زبان کی ترقی اور اس کے معیار کی حفاظت کے لیے ایک ایسے اصولی نظام کی ضرورت ہمیشہ رہی ہے جو روایت اور جدت کے بیچ ایک معتدل راہ اختیار کرے۔ تنقیدی جائزے سے واضح ہوتا ہے کہ بعض لسانی محققین نے زبان کی سادہ اور عام فہم صورت پر زور دیا تاکہ عوامی سطح پر زبان کو اپنانے میں آسانی ہو، جبکہ کچھ اہلِ علم نے ادبی و کلاسیکی معیار کو ترجیح دی تاکہ زبان کے تہذیبی ورثے کا تحفظ برقرار رہے۔ اس تنقیدی و تقابلی مطالعے سے یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ اردو کے املا اور تلفظ کے مباحث محض لسانی قضایا نہیں بلکہ ان کے پیچھے تاریخی، سماجی اور تہذیبی عوامل بھی کارفرما ہیں، جو زبان کو نہ صرف ایک لسانی نظام بلکہ ایک تہذیبی شناخت کے طور پر بھی متعین کرتے ہیں۔
مکمل مقالہ پڑھنے کے لیے نمل کی ویب سائٹ یا نمل لائبریری تشریف لائیں۔
زبانی دفاع کی کمیٹی میں درج ذیل عہدیداران نے شرکت کی:
اسسٹنٹ پروفیسر قاسم یعقوب، شعبہ اردو، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد، بیرونی ممتحن
اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ طاہر شعبہ اردو فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد ، بیرونی ممتحن
پروفیسرڈاکٹر فوزیہ اسلم، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اسلام آباد، اندرونی ممتحن
ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عنبرین تبسم صدر شعبہ اردو نمل اسلام آباد
ڈاکٹر شفیق انجم، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اسلام آباد، نگران مقالہ
ڈاکٹر محمد اعظم رابطہ کار پوسٹ گریجویٹ پروگرام
ڈاکٹر سجاد حیدرکیو ای سی
برگیڈیر شہزاد منیر، ڈائریکٹر جنرل نمل اسلام آباد نے بھی زبانی امتحان کی کارروائی میں شرکت کی۔
پروفیسر ڈاکٹر جمیل اصغر جامی، ڈین فیکلٹی آف لینگویجز، نمل اسلام آباد، چئیرمین دفاع کمیٹی
چئیرمین دفاع کمیٹی نے دفاع کامیاب قرار دیا اور پی ایچ ڈی کی ڈگری کی سفارش کی۔
تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |