کانگو وائرس: لائیو اسٹاک پنجاب کا آن لائن ہنگامی اجلاس
اٹک ( ملک امان شجاع ) محکمہ لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب میں راولپنڈی اور اٹک میں کانگو وائرس (CCHF) کے حالیہ تصدیق شدہ کیسز کے پیش نظر ایک ہنگامی آن لائن اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک، سید عاشق حسین کرمانی نے کی۔ اجلا س میں سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑ نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) اسلام آباد کی 15 اپریل 2025 کی ایڈوائزری کی روشنی میں کانگو وائرس کے مؤثر تدارک اور ٹِک (چیچڑ) کنٹرول کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا گیا۔
تمام مویشی منڈیوں میں چیچڑ مار اسپرے اور Ivermectin انجیکشنز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، اور محکمہ لائیو اسٹاک جانوروں کے لیے انٹر پروونشل چیک پوسٹس قائم کرے گا تاکہ جانوروں و گاڑیوں پر اسپرے کا مناسب بندوبست کیا جا سکے۔ مویشی بردار گاڑیوں پر لوڈنگ سے پہلے اور بعد میں اسپرے لازمی قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی ڈویژن میں کانگو وائرس کے دو مثبت کیسز کی روشنی میں پنجاب اور جنوبی پنجاب کے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز کو فوری ہدایات دی گئی ہیں کہ تمام صوبائی چیک پوسٹس کو LSD کنٹرول کی طرز پر کل سے فعال کیا جائے۔ ہر چیک پوسٹ پر اینٹی اکریسائیڈل اسپرے کا وافر ذخیرہ، آئیورمیکٹن انجیکشن کی دستیابی، اور 24/7 ڈیوٹی شیڈول ترتیب دے کر فوری رپورٹ دی جائے۔
ڈپٹی کمشنرز، بلدیاتی اداروں، اور مویشی منڈیوں کی انتظامیہ کے ساتھ فوری اجلاس منعقد کیے جائیں تاکہ صورتحال کی سنگینی سے آگاہی ہو اور انسانی و مالی وسائل کی فراہمی ممکن ہو۔ راولپنڈی ڈویژن کو بین الاضلاعی اور بین الصوبائی چیک پوسٹس قائم کرنے کی خصوصی ہدایت دی گئی ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی، بہاولپور اور ڈی جی خان جیسے بڑے شہروں میں مویشیوں کی آمد و رفت پر سخت نگرانی اور اسپرے کے انتظامات کیے جائیں گے۔
وزیرِ لائیو اسٹاک، سید عاشق حسین کرمانی نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ ان ہدایات پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ پنجاب میں کانگو وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو مؤثر طور پر روکا جا سکے۔
ان لائن اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل، ڈائریکٹر جنرل، ڈویژنل ڈائریکٹرز سمیت ڈائریکٹر کمیونیکیشن اور ڈائریکٹر پلاننگ کی بھی شرکت۔
Title Image by JackieLou DL from Pixabay

تمام تحریریں لکھاریوں کی ذاتی آراء ہیں۔ ادارے کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
کیا آپ بھی لکھاری ہیں؟اپنی تحریریں ہمیں بھیجیں، ہم نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ |