ریاضتِ قلم کا اعتراف (1993–2026) باغی رائٹرز ایوارڈ
تحریر:اکٹر شجاع اختر اعوان
بعض لمحے زندگی کے طویل سفر میں ایسے سنگِ میل بن جاتے ہیں جو برسوں کی محنت، خلوص، جدوجہد اور خوابوں کو ایک خوبصورت پہچان عطا کر دیتے ہیں۔ یہ وہ لمحات ہوتے ہیں جب انسان ماضی کی محنت کو یاد کرتا ہے تو دل شکرگزاری کے جذبات سے بھر جاتا ہے اور مستقبل کے لیے حوصلے مزید بلند ہو جاتے ہیں۔ میرے لیے باغی رائٹرز ایوارڈ 2026 کی پروقار تقریب بھی ایسا ہی ایک یادگار لمحہ تھی، جہاں 1993 سے جاری میرے قلمی سفر کی کاوشوں کو پذیرائی ملی اور میری ادبی جدوجہد کے اعتراف میں مجھے باغی ایوارڈ اور تعریفی سند سے نوازا گیا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، عزیز و اقارب اور احباب کی دعاؤں کے طفیل میری تحریری کاوشوں کو ملک کے معروف ڈیجیٹل میڈیا نیٹ ورک باغی ٹی وی اور باغی رائٹرز فورم کے پلیٹ فارم پر سراہا گیا۔ لاہور میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں معروف اینکر پرسن، سینئر صحافی اور باغی رائٹرز فورم کے سرپرستِ اعلیٰ محترم مبشر لقمان صاحب نے مجھے باغی ایوارڈ اور تعریفی سند پیش کی۔ یہ اعزاز میرے لیے نہ صرف باعثِ مسرت تھا بلکہ میری طویل قلمی جدوجہد اور ادبی خدمات کے اعتراف کی ایک خوبصورت علامت بھی تھا۔
باغی ٹی وی کی عالمی مقبولیت اور وسیع ڈیجیٹل رسائی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس کی ویب سائٹ کو روزانہ دنیا بھر سے دو لاکھ سے زائد افراد وزٹ کرتے ہیں، جبکہ سالانہ بنیادوں پر یہ تعداد کروڑوں میں پہنچ جاتی ہے۔ اتنی بڑی عالمی قارئین کی برادری اور وسیع ابلاغی رسائی رکھنے والے ادارے سے وابستہ باغی رائٹرز فورم کا حصہ ہونا اور اس پلیٹ فارم پر اپنی تحریری کاوشوں کی پذیرائی حاصل کرنا میرے لیے یقیناً باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔
اپنی ادبی اور صحافتی کاوشوں کے اعتراف پر میں محترم مبشر لقمان صاحب اور باغی رائٹرز فورم کے منیجنگ ایڈیٹر محترم ممتاز حیدر اعوان صاحب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، جنہوں نے میری تحریری محنت کو سراہا، مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا اور مزید بہتر لکھنے کا حوصلہ دیا۔
اس تقریب میں محبتوں اور کتابوں کے تبادلے نے بھی یادگار رنگ بکھیرے۔ محترم مبشر لقمان صاحب کے صاحبزادے مصطفیٰ لقمان کے ہاتھوں معروف کتاب ’’کھرا سچ‘‘ کا تحفہ ملا، جبکہ محترمہ مریم خان کی جانب سے افسانوں کا مجموعہ ’’راکھ سے اٹھی عورت‘‘ اور دیگر اہلِ قلم کی طرف سے بھی قیمتی کتابیں بطور تحفہ پیش کی گئیں۔ یہ تحائف میرے لیے محض کتابیں نہیں بلکہ علم، ادب، محبت اور باہمی احترام کے خوبصورت رشتوں کی علامت ہیں۔
اسی موقع پر مجھے بھی اپنی کالموں پر مشتمل کتاب معروف ادیب، تبصرہ نگار اور تجزیہ کار محترم ظفر اقبال ظفر صاحب اور آل پاکستان رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر محترم ایم ایم ملک صاحب کو پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اہلِ قلم کے درمیان کتابوں کا یہ تبادلہ اس تقریب کی حسین یادوں میں ہمیشہ شامل رہے گا۔
باغی رائٹرز فورم کے زیرِ اہتمام یہ شاندار تقریب لاہور کے ایک بڑے ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس کی سرپرستی محترم مبشر لقمان صاحب، صدر لاہور پریس کلب محترم ارشد انصاری صاحب، گوہر بٹ صاحب، نعیم حنیف صاحب، ممتاز حیدر اعوان صاحب، طٰہٰ منیب، مریم ڈار اور باغی ٹی وی کی پوری ٹیم نے کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس پروقار ادبی و صحافتی اجتماع میں ارشد انصاری، گوہر بٹ (اینکر پرسن)، سائرہ افتخار، مصطفیٰ لقمان اور فجر لقمان سمیت ملک کی متعدد معروف شخصیات، صحافیوں اور اہلِ قلم نے شرکت کی۔
اس تقریب کی ایک نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ پاکستان کے مختلف شہروں کے علاوہ بیلجیم اور جرمنی سے بھی اہلِ قلم اس ادبی محفل کا حصہ بنے۔ بتایا گیا کہ باغی رائٹرز فورم کے اراکین کی تعداد دنیا بھر میں 660 سے تجاوز کر چکی ہے۔ یہ تعداد اس بات کا اظہار ہے کہ ادب اور صحافت سے وابستہ افراد کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی یہ کاوش سرحدوں سے آگے بڑھ کر عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا رہی ہے۔ اس موقع پر منتخب اراکین کو ان کی ادبی اور صحافتی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا، جبکہ مشترکہ تصنیف ’’باغی کے قلمکار‘‘ کی رونمائی بھی تقریب کا اہم حصہ تھی۔
محترم ممتاز حیدر اعوان صاحب اور ان کی ٹیم نے پھولوں کے گلدستے پیش کرکے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ملک بھر سے آئے ہوئے لکھاری دوستوں سے تعارف، تبادلۂ خیال اور خوش گوار گپ شپ کا موقع بھی ملا۔ مختلف شہروں اور ممالک سے تعلق رکھنے والے اہلِ قلم کو ایک جگہ دیکھنا، ان کے خیالات سننا اور تجربات سے استفادہ کرنا بذاتِ خود ایک خوبصورت تجربہ تھا۔
تقریب کا ایک نہایت دل نشین اور قابلِ ذکر پہلو محترم مبشر لقمان صاحب کا اپنی باغی ٹیم اور فورم کے اراکین کے ساتھ دوستانہ اور بے تکلف انداز تھا۔ انہوں نے ہر ممبر سے الگ الگ ملاقات کی، تعارف حاصل کیا، گفتگو کی اور سب کو بھرپور وقت دیا۔ ان کا یہ رویہ اس حقیقت کا عملی اظہار تھا کہ باغی رائٹرز فورم محض ایک تنظیم یا ادارہ نہیں بلکہ ایک ایسا ادبی خاندان ہے، جہاں ہر قلمکار کو اہمیت، محبت اور عزت دی جاتی ہے۔ بڑے عہدوں پر فائز شخصیات کا اس قدر خلوص اور اپنائیت کے ساتھ اپنے لوگوں سے ملنا یقیناً قابلِ تحسین ہے۔
1993 سے جاری قلمی سفر:
میرا قلمی سفر 1993 سے جاری ہے۔ اس طویل سفر میں بے شمار نشیب و فراز، تجربات، مشاہدات اور حالات کی کئی کروٹیں دیکھنے کو ملیں۔ وقت کے ساتھ موضوعات بدلے، حالات تبدیل ہوئے اور معاشرتی مسائل کی نوعیت بھی بدلتی رہی، مگر قلم کے ساتھ میرا رشتہ برقرار رہا۔ اس دوران میں نے اپنی بساط کے مطابق معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے، عام انسان کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کرنے، حق و سچ کی آواز بلند کرنے اور مثبت سوچ کو فروغ دینے کی کوشش کی۔ میرے لیے لکھنا محض ایک مشغلہ نہیں بلکہ احساس، مشاہدے اور سماجی ذمہ داری کا نام ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ قلمکار کا فرض صرف واقعات بیان کرنا نہیں بلکہ ان کے پس منظر میں چھپی حقیقتوں کو سامنے لانا اور معاشرے کو سوچنے پر مجبور کرنا بھی ہے۔
اس طویل ادبی سفر میں ملنے والی ہر پذیرائی، ہر حوصلہ افزائی اور ہر مخلصانہ مشورے نے مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔ باغی رائٹرز ایوارڈ 2026 بھی اسی سفر میں ملنے والی ایک خوبصورت پذیرائی ہے، جس نے میرے اعتماد اور جذبے کو مزید تقویت دی ہے۔ ایسی تقریبات صرف اعزازات کی تقسیم تک محدود نہیں رہتیں بلکہ انسان کو نئے لوگوں سے ملنے، مختلف تجربات سے سیکھنے، اپنی سوچ کو وسعت دینے اور اپنے ادبی سفر کو مزید بہتر بنانے کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔ میرے لیے یہ تقریب کئی خوبصورت یادوں، قیمتی تجربات اور نئے حوصلوں کا سرمایہ بن گئی۔
میرے نزدیک یہ ایوارڈ محض ایک اعزاز نہیں بلکہ اس احساس کا نام ہے کہ خلوصِ نیت سے کی جانے والی قلمی محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ جب برسوں کی محنت، مشاہدات، احساسات اور خیالات کو الفاظ کی صورت میں لوگوں تک پہنچانے والے قلمکار کی کاوشوں کو سراہا جاتا ہے تو اس کی خوشی ناقابلِ بیان ہوتی ہے۔ ایسی پذیرائی انسان کے اندر مزید بہتر لکھنے اور اپنی ذمہ داری کو پہلے سے زیادہ سنجیدگی سے نبھانے کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔
تاہم میرا ہمیشہ سے یہ یقین رہا ہے کہ ایک قلمکار کی اصل کامیابی صرف ایوارڈ، سند یا کسی اعزاز کا حصول نہیں بلکہ اس کی تحریر کا معاشرے پر مثبت اثر مرتب کرنا ہے۔ قلم کی حقیقی طاقت یہ ہے کہ وہ شعور بیدار کرے، حق و سچ کی آواز بلند کرے، مظلوم کی ترجمانی کرے، معاشرتی ناانصافیوں کی نشاندہی کرے اور عام انسان کی زندگی میں بہتری لانے کا ذریعہ بنے۔ اگر کسی تحریر سے کسی ایک انسان کی سوچ بدل جائے، کسی محروم کی آواز متعلقہ حلقوں تک پہنچ جائے یا کسی معاشرتی مسئلے پر مثبت مکالمے کا آغاز ہو جائے تو یہی ایک لکھاری کے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے۔
اس کامیابی کے سفر میں اپنے تمام عزیز و اقارب اور احباب کی محبتوں، دعاؤں اور حوصلہ افزائی کو بھی نظرانداز نہیں کر سکتا۔ میں ان سب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، جنہوں نے ہمیشہ میری تحریروں کو سراہا، میری رہنمائی کی اور مجھے قلم کے ساتھ اپنا تعلق برقرار رکھنے کا حوصلہ دیا۔ یقیناً اپنوں کی دعائیں اور مخلص دوستوں کی حوصلہ افزائی کسی بھی سفر کو آسان اور خوبصورت بنا دیتی ہیں۔
باغی رائٹرز فورم کی پوری ٹیم، بالخصوص منیجنگ ایڈیٹر محترم ممتاز حیدر اعوان صاحب کا خصوصی شکریہ، جنہوں نے پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم سینکڑوں اہلِ قلم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے ادب و صحافت کے فروغ کے لیے قابلِ تحسین کردار ادا کیا۔ مختلف شہروں اور ممالک میں موجود لکھاریوں کو ایک دوسرے سے متعارف کروانا، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، ان کی تخلیقات کو قارئین تک پہنچانا اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنا یقیناً ایک قابلِ قدر ادبی خدمت ہے۔
آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ محترم مبشر لقمان صاحب، ممتاز حیدر اعوان صاحب اور باغی ٹی وی کی پوری ٹیم کو صحت، سلامتی، عزت اور مزید کامیابیوں سے نوازے۔ باغی رائٹرز فورم کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے اور اس پلیٹ فارم سے وابستہ تمام اہلِ قلم کو اپنے قلم کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کی توفیق دے۔ اللہ پاک ہم سب کو حق و سچ لکھنے، سچائی کا ساتھ دینے، مثبت سوچ کو فروغ دینے اور اپنے قلم کو انسانیت کی بھلائی کے لیے استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!
1993 میں شروع ہونے والا یہ قلمی سفر آج بھی جاری ہے۔ باغی رائٹرز ایوارڈ 2026 میرے لیے اس سفر کی منزل نہیں بلکہ ایک خوبصورت سنگِ میل اور نئی ذمہ داری کا آغاز ہے۔ میری خواہش ہے کہ جب تک ہاتھ میں قلم اور دل میں احساس باقی ہے، میرے لفظ سچائی کی گواہی دیتے رہیں، مظلوم کی آواز بنتے رہیں اور معاشرے میں روشنی پھیلانے کا وسیلہ بنیں۔ کیونکہ اصل کامیابی ایوارڈ حاصل کرنے میں نہیں بلکہ اپنے لفظوں کی حرمت برقرار رکھنے اور انہیں انسانیت کی بھلائی کے لیے وقف کرنے میں ہے۔ یہی میرے قلم کا عزم، یہی میری پہچان اور یہی میرے ادبی سفر کی اصل منزل ہے…

صحافی، کالم نگار، مصنف
اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔