خرابیِ حالات اور بدانتظامی پر چشم پوشی کا گناہ
سٹیل اور لوہے کے تیز دھار اور نوکیلے کانٹوں کا لباس پہن کر اگر کوئی شخص بھوکے شیروں کے درمیان چلا جائے تو شاید کسی شیر کو بھی اس پر حملہ کرنے کی جرأت نہ ہو۔ اس تمثیل کا بنیادی سبق یہ ہے کہ دنیا میں صرف زندہ رہنا کافی نہیں، اپنی حفاظت، حقوق اور عزتِ نفس کا انتظام کرنا بھی ضروری ہے۔ جو انسان اپنی حفاظت کا مناسب بندوبست نہیں کرتا، وہ دوسروں کے مفادات کی بھینٹ چڑھ جاتا ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو ہر کمزور انسان کو ایک آسان شکار سمجھتے ہیں۔ یہاں انسان کو انسان سمجھنے کے بجائے اکثر لوگ اسے اپنے فائدے کے لیے استعمال ہونے والا بکرا تصور کرتے ہیں۔
ہم اخلاقی اور انسانی زوال کی ایسی گہرائیوں میں اتر چکے ہیں جہاں معاشرتی اصلاح کی بات کرنا بھی ایک جرم بن گیا ہے۔ احساسِ ذمہ داری، فرض شناسی اور دیانت داری جیسی خوبیاں بعض حلقوں میں کمزوری تصور کی جاتی ہیں۔ جو شخص کسی خرابی کی نشاندہی کرتا ہے یا بہتری کے لیے قدم اٹھاتا ہے، اسے سراہنے کے بجائے مخالفت، طنز اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یوں معاشرے میں برائی کے خلاف آواز اٹھانے والے کو ہی "مجرم” بنا دیا جاتا ہے۔
فرض کریں کہ سو افراد کے کسی گروہ میں صرف ایک شخص ایماندار ہے اور باقی ننانوے افراد بددیانتی کے کسی مشترکہ نظام کا حصہ ہیں۔ ایسے ماحول میں ایماندار شخص ان سب کے لیے خطرہ بن جاتا ہے، کیونکہ اس کی موجودگی ان کے مفادات، چوری اور غیرقانونی سرگرمیوں کو بے نقاب کر سکتی ہے۔ اب اس کے سامنے دو راستے ہوتے ہیں کہ یا تو وہ بھی اسی بددیانت نظام کا حصہ بن جائے یا اپنے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے مخالفت اور تنہائی برداشت کرے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں انسان کے کردار، ضمیر اور تربیت کا اصل امتحان شروع ہوتا ہے۔
ہمارا معاشرہ رفتہ رفتہ بھوکے بھیڑیوں کے ایک ایسے جتھے کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے جہاں رشتوں، محبت اور انسانی احترام کی اہمیت کم ہوتی جا رہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بھیڑیوں کی فطری زندگی میں بھی ایک نظم اور اجتماعی ذمہ داری پائی جاتی ہے۔ وہ اپنے کمزور اور بوڑھے ساتھیوں کا خیال رکھتے ہیں، مگر انسان، جسے عقل و شعور اور اخلاقی ذمہ داری عطا کی گئی ہے، بعض اوقات اپنے ہی والدین، بہن بھائیوں اور عزیزوں کے حقوق پامال کر دیتا ہے۔ جائیداد کی خاطر بھائی کا بھائی کو قتل کرنا، باپ کا بیٹے کے ہاتھوں اور بوڑھی ماں کا اپنے ہی گھر میں اولاد کے ہاتھوں قتل ہونا ہماری اخلاقی تباہی کی دردناک مثالیں ہیں۔
تقریباً دو دہائیاں قبل ہمارے علاقے کی ایک سیاسی شخصیت سید علی رضا شاہ کا واقعہ بھی اسی معاشرتی المیے کی عکاسی کرتا ہے۔ وہ جونیجو دور میں وفاقی اسٹیٹ منسٹر رہے اور پنجاب اسمبلی میں بھی مختلف ادوار میں صوبائی مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔ ان کے پاس ساٹھ مربع اراضی تھی، مگر آخری صوبائی انتخاب وہ اپنے علاقے کے ایک نسبتاً کم وسائل رکھنے والے امیدوار، راؤ اقبال، سے ہار گئے، جن کے پاس صرف دو مربع زمین تھی۔ مقامی سطح پر اس انتخاب کو شرافت اور عوامی قدرومنزلت کی کامیابی قرار دیا گیا۔ تاہم ایک افسوس ناک واقعہ یہ ہوا تھا کہ جائیداد کی تقسیم کے تنازعے سید علی رضا کے مقابلے میں جیتنے والے راو’ اقبال اور ان کے ایک بیٹے کو دوسرے بیٹے نے قتل کر دیا تھا۔ یہ واقعہ ہمیں بتاتا ہے کہ دولت، سیاسی مرتبہ اور سماجی حیثیت بھی اس وقت بے معنی ہو جاتے ہیں جب انسان کے اندر سے اخلاقی اقدار ختم ہو جائے۔ پنجابی کا ایک محاورہ ہے: ’’لچا سب توں اچا‘‘۔ یہ محاورہ دراصل اس تلخ معاشرتی رویے کی نشاندہی کرتا ہے جہاں بعض اوقات بدزبان، بددیانت اور ضمیر فروش افراد اپنی چالاکیوں کے باعث کامیاب دکھائی دیتے ہیں، جبکہ شریف اور اصول پسند لوگ مشکلات میں گھر جاتے ہیں۔ لیکن کسی برائی کا عام ہو جانا اسے درست نہیں بنا دیتا۔ شرافت کمزوری نہیں بلکہ کردار کی مضبوطی ہے۔ یہ مسئلہ صرف گھروں اور معاشرتی تعلقات تک محدود نہیں، بلکہ ہمارے صنعتی اداروں، فیکٹریوں اور کاروباری نظام میں بھی نمایاں ہے۔ بہت سے اداروں میں باقاعدہ انتظامی ڈھانچہ، حاضری کا نظام، ذمہ داریوں کی تقسیم اور احتساب کا مؤثر طریقہ موجود نہیں ہوتا۔ بدانتظامی رفتہ رفتہ معمول بن جاتی ہے اور جب کوئی صاحبِ ضمیر ملازم اس کی نشاندہی کرتا ہے تو اسے مسئلہ پیدا کرنے والا قرار دے دیا جاتا ہے۔ بعض مالکان یہ کہہ کر اپنی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں کہ دوسرے اداروں میں بھی یہی کچھ ہو رہا ہے۔ حالانکہ دوسروں کی خرابی کسی غلط عمل کا جواز نہیں بن سکتی۔
سب سے زیادہ قابلِ غور پہلو یہ ہے کہ انسان کسی ادارے میں کام کرتے ہوئے صرف غلط کام کرنے سے ہی گناہ گار نہیں ہوتا بلکہ بعض اوقات اپنی ذمہ داری کے باوجود برائی کو خاموشی سے برداشت کرنا بھی اجتماعی نقصان کا سبب بنتا ہے۔ اگر کسی ملازم کو کرپشن، چوری، نااہلی یا بدانتظامی کا علم ہو اور وہ اپنے مفاد، خوف یا خاموشی کی وجہ سے اسے نظرانداز کرتا رہے تو وہ بالواسطہ طور پر اس نظام کو مضبوط کرنے میں کردار ادا کرتا ہے۔ البتہ اصلاح کے لیے آواز اٹھانا حکمت، ثبوت اور مناسب طریقۂ کار کے ساتھ ہونا چاہیے۔ حقیقت یہ ہے کہ کسی بھی معاشرے یا ادارے کی تباہی صرف بددیانت افراد کی وجہ سے نہیں ہوتی، بلکہ ان لوگوں کی خاموشی بھی اس تباہی میں حصہ ڈالتی ہے جو خرابی کو دیکھتے ہیں مگر اپنی سہولت کی خاطر آنکھیں بند کر لیتے ہیں۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ بدانتظامی پر چشم پوشی محض ایک انتظامی کوتاہی نہیں، بلکہ ایک اخلاقی ذمہ داری سے فرار بھی ہے۔
ہمارے معاشرے کی اصلاح اسی دن شروع ہو گی جب ہم برائی کرنے والوں کے ساتھ ساتھ برائی کو برداشت اور تحفظ دینے والوں کا بھی محاسبہ کریں گے۔

میں نے اردو زبان میں ایف سی کالج سے ماسٹر کیا، پاکستان میں 90 کی دہائی تک روزنامہ "خبریں: اور "نوائے وقت” میں فری لانس کالم لکھتا رہا۔ 1998 میں جب انگلینڈ گیا تو روزنامہ "اوصاف” میں سب ایڈیٹر تھا۔
روزنامہ "جنگ”، لندن ایڈیشن میں بھی لکھتا رہا، میری انگریزی زبان میں لندن سے موٹیویشنل اور فلاسفیکل مضامین کی ایک کتاب شائع ہوئی جس کی ہاؤس آف پارلیمنٹ، لندن میں 2001 میں افتتاحی تقریب ہوئی جس کی صدارت ایم پی چوہدری محمد سرور نے کی اور مہمان خصوصی پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی تھی۔
اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔