فن تراش کا پہلا شمارہ
عتیق الرحمان اعوان، مظفرآباد
"فن تراش” کا پہلا شمارہ برادرِ عزیز ڈاکٹر فرہاد احمد فگار کے توسط سے ہاتھوں میں آیا تو گھر پہنچنے تک میں نے چیدہ چیدہ مضامین اور شاعری کا اجمالی جائزہ لے لیا۔ قبل اس کے کہ میں مجلے کی جانب آؤں میں اس کے مدیر اعلا کا ذکر خیر کرنا مناسب سمجھوں گا۔ بہت سے مضامین میں میں نے ان سے تعارف و ملاقات کا ذکر کر چکا۔ ڈاکٹر فرہاد ہمہ جہت شخصیت ہیں جن کی ذات بے شمار خوبیوں کا مرقع ہے۔ وہ اپنی ذات میں انجمن ہیں اپنی ملازمت کے سفر میں وہ جہاں گئے اپنی گوناگوں خوبیوں کی بدولت دلوں میں گھر کر کے آئے۔ میرے ممدوح کا خاص وصف اردو سے محبت بل کہ عشق ہے۔ وہ اردو کی خدمت دل و جان سے کرتے ہیں اور اس کی ترویج کے لیے ہمہ وقت دست یاب رہتے ہیں۔ بہ حیثیت انسان ڈاکٹر صاحب بہت شفیق اور محبت کرنے والے انسان ہیں ان سے میرے تعارف و ملاقات کے بعد ایسا محسوس ہوا جیسے ہم کبھی اجنبی تھے ہی نہیں، انھوں نے ہمیشہ اتنی محبت اور شفقت سے نوازا کہ ہم سات جنم لے کر بھی ان کے قرض اتارنے سے رہے۔ خدا ان کی توفیقات میں اضافہ فرمائے اور ان کے حروف میں برکت دے کیوں کہ وہ ایک سچے اردو دان ہیں جن کی صحبت ہم جیسوں کو بھی نکھرنے سنورنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ دراصل وہ خود فن تراش ہیں، مجلے کا نام خود انھی پر صادق آتا ہے۔ وہ فن شناس لوگوں کو تلاشنے اور تراشنے کا ہنر بہ خوبی جانتے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب اس سے قبل بھی تین اداروں سے بہ طور مدیر اعلا ادبی مجلے شائع کروا چکے ہیں، گورنمنٹ انٹر کالج میرپورہ نیلم سے "بساط”، گرین ایرا ہائی سکول مظفرآباد سے "کاوش” اور اب انٹر کالج ٹھیریاں سے "فن تراش” کی اشاعت انھی کی رہینِ منت ہے۔ یہ تمام کاوشیں ان کی اردو سے محبت کا بین ثبوت ہیں۔
"فن تراش” گورنمنٹ انٹر کالج ٹھیریاں ضلع مظفرآباد کا پہلا ادبی مجلہ ہے جو ادبی مراکز سے کوسوں دور ہونے کے باوجود ادارتی ارکان کی محنت کی بدولت ایک شان دار رسالے کے روپ میں سامنے آیا ہے۔ عموماً تعلیمی اداروں سے چھپنے والے مجلے اس اتنے علمی نہیں ہوتے جس قدر فن تراش ہے، اس شمارے کے مطالعے کے بعد آپ میری اس بات سے ضرور اتفاق کریں گے۔ مجلے کا ٹائٹل، جلد بندی، کاغذ اور ترتیب مثالی ہے۔ وزیر ہائیر ایجوکیشن، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، ناظم اعلا ہائیر ایجوکیشن، پرنسپل انٹر کالج ٹھیریاں اور مدیر اعلا کے تاثرات پڑھ کر قاری بہ خوبی اندازہ لگا سکتا ہے کہ یہ شمارہ کوئی خاصے کی شے ہے۔ مضامین میں ادارے کے اساتذہ اور طلبہ کے علاوہ دیگر لوگوں کے مضامین بھی شامل کیے گئے ہیں۔ جن میں سیرت نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم،تاریخ، حالات حاضرہ، سائنس اور تعلیم کو موضوع بنایا گیا ہے۔ جو جہاں طلبہ کے لیے گراں قدر خزانہ ہے وہیں عام قاری کی دلچسپی سے بھی خالی نہیں۔ مضامین کے آخر میں مختلف شعراء کے اشعار درج کرنے کا ایک نیا اور انوکھا تجربہ کیا گیا ہے جو میرے نزدیک بہت منفرد کام ہے جس سے رسالے کی زیب و زینت کے علاوہ قاری کی دل چسپی بڑھنے کی قوی امید ہے۔ حصہ شاعری میں بیش تر شاعری ریاست جموں و کشمیر کے شعراکی ہے جو اس لحاظ سے اہم ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے ایسے شعرا جو ابھی منظر عام پر نہیں ہیں لوگ ان سے اور ان کی شاعری سے بھی واقف ہو جائیں گے۔ مجلے کے اراکین کا شاعری کے انتخاب کے حوالے سے کام بہت شان دار ہے، جو ان کی علم دوستی کا ثبوت ہے۔ الغرض یہ مجلہ یقیناً ادبی دنیا میں اپنا نام پیدا کرنے کی صلاحیتوں سے بھرپور ہے جس کا سہرا سربراہ ادارہ پروفیسر راجا تنویر احمد خان، مدیر اعلا ڈاکٹر فرہاد احمد فگار، مدیر ڈاکٹر محمد جواد اعوان اور پوری ٹیم کے سر ہے جنھوں نے اس گئے گزرے دور میں طلبہ کی ادبی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے گراں قدر کاوشیں کیں۔ میں مجلے کی ادارتی ٹیم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ یہ کام یہاں رکے گا نہیں بل کہ برق رفتاری سے جاری و ساری رہے گا۔ اللّٰہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو

اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔