محبت کی آخری سند
گاؤں کی صبح ہمیشہ دھیرے دھیرے جاگتی تھی۔ پہلے مسجد کے مینار سے مؤذن کی آواز خاموش فضا میں پھیلتی بعد ازاں مرغوں کی بانگ سنائی دیتی اور آخر میں سورج کی نرم سنہری کرنیں مٹی کی گلیوں اور کچے صحنوں پر بکھرنے لگتیں۔ ہوا میں مٹی کی ہلکی سی خوش بو گھلی ہوتی اور کہیں کہیں چولھوں سے اٹھتا دھواں آسمان کی طرف بلند ہوتا دکھائی دیتا۔
اسی گاؤں کے ایک نسبتاً کشادہ اور خوب صورت سے گھر میں طاہرہ رہتی تھی۔
گھر کے صحن میں ایک بوڑھا دریک کا درخت تھا جس کی ٹھنڈی چھاؤں میں اکثر اس کے والد چارپائی بچھا کر بیٹھتے اور اخبار پڑھتے تھے۔ طاہرہ اپنے ماں باپ کی اکلوتی اولاد تھی۔ایک بھائی تھا لیکن وہ کم عمری میں ہی ایک حادثے کی نذر ہو گیا۔ طاہرہ ماں باپ کی آنکھوں کا تارا تھی۔ اس کی ہر خواہش کا خیال رکھا جاتا تھا اور اس کے آرام کا ہر ممکن انتظام کیا جاتا تھا۔
مگر اس محبت کے ساتھ ساتھ کچھ پابندی بھی تھی۔
اس کے سونے جاگنے کے اوقات مقرر تھے۔ پڑھائی کے اوقات بھی طے تھے۔ کھیل کود اور محلے کے بچوں سے میل جول کی اجازت بہت محدود تھی۔ اس کی والدہ خاص طور پر اس معاملے میں بہت محتاط تھیں۔
وہ اکثر کہا کرتی تھیں:
“بیٹی! دنیا اچھی بھی ہے اور بری بھی ہمیں بس اپنے راستے پر چلنا چاہیے۔”
طاہرہ خاموشی سے سر ہلا دیتی۔
محلے کی لڑکیاں اکثر دروازے پر آتیں۔
“خالہ جان! طاہرہ کو کھیلنے بھیج دیں نا ہمارے ساتھ۔”
دروازے کے اندر سے طاہرہ کی والدہ کی آواز آتی۔
“بیٹا! اسے پڑھنا ہے تم لوگ کھیل لو۔”
لڑکیاں مایوس ہو کر واپس چلی جاتیں۔
طاہرہ کھڑکی کے پاس کھڑی انھیں جاتے ہوئے دیکھتی تو اس کے دل میں ایک لمحے کے لیے خواہش جاگتی کہ وہ بھی ان کے ساتھ دوڑے اور مٹی میں کھیلنے کی آزادی محسوس کرے۔
مگر اگلے ہی لمحے وہ اپنی کتاب کھول کر بیٹھ جاتی۔
شاید بچپن ہی سے اس کی سمجھ میں یہ بات آ گئی تھی کہ اس کی زندگی کا راستا دوسروں سے مختلف ہے۔
پڑھائی اس کی دنیا تھی وہ اکثر اکیلی بیٹھے کتابوں میں کھوئی رہتی۔کتاب کھولتے ہی وہ ٹی وی کا سوئچ بھی آن کر لیتی مگر آواز بند کر دیتی۔
وقت گزرتا گیا اور وہ ہر جماعت میں نمایاں کارکردگی دکھاتی رہی۔ اساتذہ اس کی ذہانت اور محنت سے متاثر تھے۔
ایک دن کلاس کے بعد اس کے استاذ نے اس کے سر پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا:
“طاہرہ بیٹی! تم بہت آگے جاؤ گی تمھاری یہ لگن اس بات کا ثبوت ہے۔”
طاہرہ نے ادب سے سر جھکا لیا۔علاقے بھر میں اس کی ذہانت کی باتیں ہونے لگیں۔
جب میٹرک کا نتیجہ آیا تو پورے اسکول میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ طاہرہ نے نمایاں نمبروں سے کامیابی حاصل کی تھی۔اس کے اساتذہ خوش تھے کہ طاہرہ نے اسکول کا نام روشن کیا اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند ہو گیا۔ اساتذہ اور طاہرہ کی سہیلیاں اسکول میں خوشی منا رہی تھیں۔
اسی دن اسکول کے دروازے پر ایک نوجوان ہاتھ میں مٹھائی کا ڈبا لیے کھڑا تھا۔
چوکی دار نے گیٹ کے اندر سے ہی پوچھا۔
“جی ! کس سے ملنا ہے؟”
نوجوان نے مسکرا کر جواب دیا،
“طاہرہ سے… آج اس کا نتیجہ آیا ہے نا تو یہ مٹھائی دینے آیا تھا۔” بیس سالہ وہ نوجوان طفیل تھا۔
طفیل طاہرہ کا خالہ زاد تھا۔ بچپن سے ہی دونوں کے گھروں کے درمیان آنا جانا تھا۔ طفیل کا اکثر وقت طاہرہ کے گھر پر ہی گزرتا تھا۔وہ اپنی خالہ کے ساتھ مختلف امور میں ہاتھ بٹاتا۔
طفیل زیادہ پڑھا لکھا نہیں تھا۔ انٹر تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد اس نے محلے میں ایک چھوٹی سی دکان کھول لی تھی۔ اس دکان پر روزمرہ کی چیزیں ملتی تھیں۔
مگر اس کی شخصیت میں ایک سادگی اور خلوص تھا جو اسے دوسروں سے مختلف بناتا تھا۔
جب طاہرہ اسکول سے باہر نکلی تو طفیل نے فوراً مٹھائی کا ڈبا اس کی طرف بڑھایا۔
“بہت بہت مبارک ہو ڈاکٹر صاحبہ!” یہ مٹھائی تمھارے اساتذہ کے لیے لایا تھا۔
طاہرہ ہنس پڑی۔
“ابھی تو ڈاکٹر بنی بھی نہیں۔”
طفیل نے سنجیدگی سے کہا۔
“بن جاؤ گی… مجھے یقین ہے۔”
طاہرہ نے شرارت سے کہا۔
“آپ کو مجھ سے زیادہ یقین کیوں ہے؟”
طفیل نے ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیا۔
“کیوں کہ تم محنت کرتی ہو ڈاکٹر بننا تمھارا خواب ہے اورتمھارا ارادہ پختہ ہے۔”
اس دن دونوں کے درمیان ہونے والی یہ مختصر سی گفتگو شاید طفیل کے دل میں ایک خاص یاد بن کر رہ گئی۔
وقت گزرتا گیا۔
طاہرہ نے ایف ایس سی میں بھی بہترین کارکردگی دکھائی۔ جب اس کا نتیجہ آیا تو اس بار بھی گاؤں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
اسی شام طفیل اس کے گھر آیا۔
اس کے ہاتھ میں ایک چھوٹا سا ڈبا تھا۔
“یہ کیا ہے؟” طاہرہ نے پوچھا۔
طفیل نے ڈبا اس کی طرف بڑھاتے ہوئے کہا،
“کھول کر دیکھ لو۔”
طاہرہ نے ڈبا کھولا تو اندر ایک خوب صورت فریم تھی۔ جس پر طاہرہ کا نام اور مبارک باد کے الفاظ درج تھے۔ یہ ایک ہاتھ سے تیار کی گئی دیودار کی لکڑی کی فریم تھی جس میں فن کار کی مہارت عیاں تھی۔
وہ حیران رہ گئی۔
“یہ کیوں؟”
طفیل نے مسکرا کر کہا۔
“یہ تمھاری اس کامیابی پر ایک تحفہ جو یادگار رہے گا…۔”
طاہرہ نے ہنستے ہوئے کہا۔
“بہت بہت شکریہ لیکن آپ واقعی عجیب ہیں طفیل بھائی۔”
“کیوں؟”
“کیوں کہ آپ کو میری کامیابی مجھ سے زیادہ عزیز لگتی ہے۔”
طفیل نے نظریں جھکا لیں۔
“کچھ رشتے ایسے ہی ہوتے ہیں۔”
وقت کا پہیہ مسلسل گھومتا رہا۔
آخر وہ دن بھی آ گیا جب طاہرہ کا داخلہ ملک کے ایک معروف میڈیکل کالج میں ہو گیا۔
گھر میں خوشی کا ماحول تھا۔ اس کے والد مہمانوں کو بار بار یہ خوش خبری سنا رہے تھے جب کہ اس کی والدہ مہمانوں کی خاطر داری میں مصروف تھیں۔
مگر سب سے زیادہ خوشی طفیل کے چہرے پر تھی۔
وہ اس شام بازار گیا اور طاہرہ کے لیے بیگ، نوٹ بکس، فائلیں اور کئی ضروری چیزیں خرید لایا۔
جب وہ سامان لے کر اس کے گھر پہنچا تو طاہرہ حیران رہ گئی۔
“یہ سب کیا ہے؟”
طفیل نے سادہ انداز میں کہا۔
“کالج جا رہی ہو نا… سامان چاہیے ہوتا ہے۔”
“مگر آپ کیوں لا رہے ہیں؟”
طفیل نے مسکرا کر کہا۔
“کیوں کہ مجھے خوشی ہے۔”
طاہرہ نے ایک لمحے کے لیے اسے غور سے دیکھا۔
اسے محسوس ہوا جیسے طفیل کی آنکھوں میں کوئی ایسی بات ہے جو وہ کبھی لفظوں میں بیان نہیں کرتا۔
مگر اس نے اس خیال کو فوراً جھٹک دیا۔
چند ہفتے بعد ایک صبح ابھی اندھیرا پوری طرح ختم بھی نہ ہوا تھا کہ طفیل کے دروازے پر زور سے دستک ہوئی۔
وہ ہڑبڑا کر اٹھا اور دروازہ کھولا۔
سامنے طاہرہ کھڑی تھی۔
“اتنی صبح؟ سب خیریت ہے؟”
طاہرہ نے جلدی جلدی کہا،
“آج کالج ٹرپ جا رہا ہے… اور مجھے کیمرا چاہیے۔ ابھی یاد آیا۔”
طفیل نے ایک لمحہ بھی ضائع نہ کیا۔
وہ اندر گیا اور الماری سے اپنا کیمرا نکال لایا۔
“یہ لے لو… فلم بھی ساتھ ہے۔”
طاہرہ کے چہرے پر خوشی پھیل گئی۔
“آپ واقعی بہت اچھے ہیں طفیل بھائی۔”
وہ کیمرہ لے کر چلی گئی۔
طفیل دروازے پر کھڑا اسے جاتے ہوئے دیکھتا رہا۔
صبح کی ہلکی روشنی میں اس کا وجود آہستہ آہستہ گلی کے موڑ کے پیچھے غائب ہو گیا۔
اس لمحے شاید طفیل کو پہلی بار شدت سے احساس ہوا کہ وہ طاہرہ کو صرف ایک خالہ زاد یا بچپن کی ساتھی کے طور پر نہیں دیکھتا۔
وہ اس سے محبت کرنے لگا تھا۔
خاموش، بے آواز مگر گہری محبت۔
اس رات وہ دیر تک جاگتا رہا۔
آخر کار اس نے فیصلہ کر لیا۔
وہ اپنے دل کی بات اپنے والدین کو بتائے گا۔
اگلی شام وہ صحن میں بیٹھا تھا جب اس کی والدہ چائے لے کر آئیں۔
طفیل نے تمام ہمت یک جا کی۔
“امی…! مجھے آپ سے ایک بات کرنی ہے۔”
والدہ نے حیرت سے پوچھا،
“کیا بات ہے؟”
طفیل نے دھیمی آواز میں کہا.
“میں طاہرہ سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔”
یہ سنتے ہی گھر میں ایک عجیب سی خاموشی چھا گئی۔
کہانی کا اصل موڑ اب شروع ہونے والا تھا۔
صحن میں شام آہستہ آہستہ اتر رہی تھی۔ صحن میں اگے درخت کے پتے ہلکی ہوا میں سرسراتے تھے اور دور کہیں بھینس کے گلے میں بندھی گھنٹیوں کی مدھم آواز سنائی دے رہی تھی۔ طفیل کے دل کی دھڑکنیں اس خاموشی میں غیر معمولی طور پر تیز محسوس ہو رہی تھیں۔
اس کی والدہ چند لمحے تک اسے حیرت سے دیکھتی رہیں۔
“کیا کہا تم نے؟”
طفیل نے نظریں جھکا لیں۔
“امی…! میں طاہرہ سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔”
والدہ نے گہری سانس لی۔
“بیٹا، وہ ہے تو تمھاری خالہ کی بیٹی … مگر…”
وہ بات ادھوری چھوڑ گئیں۔
اسی وقت اس کے والد بھی صحن میں آ گئے۔
“کیا بات ہو رہی ہے؟”
والدہ نے آہستہ سے کہا،
“آپ کے بیٹے کو محبت ہو گئی ہے۔”
والد نے حیرت سے طفیل کی طرف دیکھا۔
“کس سے؟”
طفیل کی آواز میں ہلکی سی لرزش تھی مگر ارادہ مضبوط تھا۔
“طاہرہ سے۔”
چند لمحوں کے لیے فضا میں خاموشی چھا گئی۔
والد نے آہستہ آہستہ چارپائی پر بیٹھتے ہوئے کہا،
“بیٹا!طاہرہ بہت اچھی لڑکی ہے… ہمیں بھی پسند ہے۔ مگر تم جانتے ہو وہ ڈاکٹر بننے جا رہی ہے۔”
طفیل نے فوراً کہا،
“تو کیا ہوا ابو؟”
والد نے اس کی طرف گہری نظر سے دیکھا۔
“تم صرف انٹر پاس ہو… اور ایک چھوٹی سی دکان چلاتے ہو۔”
طفیل خاموش ہو گیا۔
یہ وہی سچ تھا جسے وہ جانتا بھی تھا اور محسوس بھی کرتا تھا۔
مگر اس کے دل میں ایک عجیب سا یقین تھا۔
“ابو…! محبت میں ڈگریاں نہیں دیکھی جاتیں۔”
والد نے ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ کہا،
“محبت میں شاید نہ دیکھی جائیں… مگر شادی میں اکثر دیکھ لی جاتی ہیں۔”
یہ جملہ سن کر طفیل کے دل میں ایک ان جانا سا خدشہ پیدا ہوا۔
مگر اس نے ہمت نہیں ہاری۔
کچھ دن بعد اس کے والدین طاہرہ کے گھر رشتہ لے کر گئے۔
اس دن طاہرہ کے گھر کا ماحول معمول کے مطابق تھا۔ صحن میں اس کی والدہ چارپائی پر بیٹھی سبزی کاٹ رہی تھیں جب دروازے پر دستک ہوئی۔
دروازہ کھولا گیا تو سامنے ان کی بہن اور بہنوئی کھڑے تھے۔
“آئیے، آئیے۔”
مہمانوں کا خیر مقدم کیا گیا۔
چائے آئی، رسمی باتیں ہوئیں۔
پھر آخرکار وہ لمحہ بھی آ گیا جب طفیل کے والد نے ہچکچاتے ہوئے بات چھیڑی۔
“ہم دراصل ایک خاص بات کے لیے آئے ہیں۔”
طاہرہ کی والدہ نے مسکرا کر پوچھا،
“کیسی بات؟”
انھوں نے آہستہ سے کہا،
“ہم چاہتے ہیں کہ طفیل اور طاہرہ کا رشتہ ہو جائے۔”
یہ الفاظ سن کر طاہرہ کی والدہ کا چہرہ یک دم بدل گیا۔
ان کی آنکھوں میں حیرت اور غصہ ایک ساتھ ابھر آئے۔
“کیا کہا آپ نے؟”
انھوں نے قدرے بلند آواز میں کہا۔
“میری بیٹی ڈاکٹر بننے جا رہی ہے… اور آپ لوگ ایک دکان دار کے لیے رشتہ مانگنے آ گئے ہیں؟”
کچھ لمحے کی خاموشی چھا گئی۔
طفیل کی والدہ کا چہرہ شرمندگی سے جھک گیا۔
“بہن… ہم نے سوچا اپنے ہی گھر میں بات ہو جائے تو بہتر ہے۔”
مگر طاہرہ کی والدہ کے لہجے میں سختی آ چکی تھی۔
“نہیں… یہ ممکن نہیں۔”
اس دن کے بعد دونوں بہنوں کے تعلقات میں ایک عجیب سی سرد مہری آ گئی۔
یہ بات پورے خاندان میں پھیل گئی۔
کچھ دن بعد طفیل نے طاہرہ سے بات کرنے کا فیصلہ کیا۔
وہ حسبِ معمول شام کے وقت اس کے گھر چلا گیا۔ طاہرہ گھر پر اکیلی تھی اس کی والدہ کسی محلے میں کسی کی عیادت کرنے گئی ہوئی تھیں۔
“طاہرہ…”
طفیل نے اپنے مخصوص لہجے میں آواز دی۔ طاہرہ جو کمرے میں بیٹھی کتابوں کی دنیا میں غرق تھی۔ نہایت میٹھے اس انداز میں بولی۔
“جی؟”
علیک سلیک کے بعد طفیل کچھ لمحے خاموش رہا۔
“میں نے امی ابو کو تمھارے گھر بھیجا تھا۔یقینی طور پر تمھیں معلوم ہے ”
طاہرہ کے چہرے پر حیرت کی جھلک ابھری۔
“جی مجھے معلوم ہے…”
وہ آہستہ سے بولی۔
“پھر؟”
طفیل نے امید بھری نگاہوں سے پوچھا۔
“اگر تم چاہو تو…”
اس کی آواز مدھم ہو گئی۔
طاہرہ نے نظریں جھکا لیں۔
کچھ لمحے بعد وہ آہستہ سے بولی۔
“جو فیصلہ امی کریں گی… مجھے منظور ہو گا۔”
یہ الفاظ سن کر طفیل کے دل میں جیسے کچھ ٹوٹ گیا۔
وہ خاموش کھڑا رہا۔
طاہرہ نے ایک لمحے کے لیے اس کی طرف دیکھا اور ایک مرتبہ پھر اپنی کتابوں میں کھو گئی۔
طفیل جان چکا تھا کہ یہ کام آسان نہیں ۔ وہ اس بات کا بخوبی ادراک رکھتا تھا کہ دونوں کے بیچ ایک بڑی خلیج حائل ہے جو ڈگری ہے۔اس دن کے بعد طفیل نے ایک بڑا فیصلہ کیا۔
اس نے اپنی دکان بند کر دی۔
دوستوں نے حیرت سے پوچھا،
“کیا ہوا؟ کاروبار کیوں بند کر دیا؟”
طفیل نے مختصر جواب دیا۔
“اب پڑھنا ہے۔”
دوست ہنس پڑے۔
“اس عمر میں؟”
طفیل نے سنجیدگی سے کہا،
“اگر ایک لفظ ڈاکٹر میری محبت کے راستے میں دیوار بن گیا ہے… تو میں بھی ڈاکٹر بنوں گا۔”
یہ سن کر سب خاموش ہو گئے۔
وہ دن تھا اور پھر آنے والے کئی سال۔
طفیل نے اپنی زندگی کا رخ بدل دیا۔
دن رات پڑھائی شروع کر دی۔
پہلے بی اے کیا۔
پھر ایک بڑی یونی ورسٹی میں داخلہ لے لیا۔
وقت گزرتا گیا۔
مگر زندگی نے ابھی اس کے لیے ایک اور امتحان سنبھال رکھا تھا۔
ایک دن شام کے وقت جب وہ ہوسٹل میں دوستوں کے ساتھ بیٹھا لڈو کھیل رہا تھا کہ اس کا موبائل بجا۔
اسکرین پر اس کے دوست جاوید کا نام تھا۔
“ہاں جاوید؟”
جاوید کی آواز میں ہچکچاہٹ تھی۔
“یار… ایک بات بتانی ہے۔”
“کیا؟”
چند لمحے خاموشی رہی۔
پھر جاوید نے آہستہ سے کہا،
“طاہرہ کی منگنی ہو گئی ہے۔”
طفیل کا دل زور سے دھڑکا۔
“کس سے؟”
“خاندان سے باہر… ایک لڑکے سے۔”
یہ سن کر طفیل کے ہاتھ سے فون گر گیا۔
کمرے میں ایک عجیب سی خاموشی چھا گئی۔اچانک سے وہ بے ہوش ہو گیا۔ ہوش آنے پر اس نے خود کو اسپتال کے بستر پر پایا۔ اس کا ایک ہم جماعت اس کے اوپر جھکا تھا ایک اس کے پاؤں کے تلوے مل رہا تھا۔ طفیل کو ہوش میں آتا دیکھ کر وہ بھی متوجہ ہوا۔ یار! کیا ہو گیا تھا؟ کس کی کال تھی اور یہ حال۔۔۔۔۔
طفیل نے بات گھمائی یار بس کچھ چکر آ گئے تھے۔ دوست بھی مذاق کے انداز میں بولے گیم ہارنے کی وجہ سے۔ اک قہقہ بلند ہوا۔ ہوش میں آنے کے بعد ڈاکٹر نے کہا آپ ڈرپ ختم ہونے پر انھیں لے جا سکتے ہیں۔ کچھ ہی دیر میں وہ واپس ہوسٹل آ گئے۔
اس رات وہ دیر تک چھت کو دیکھتا رہا۔
زندگی کا سب سے مشکل لمحہ شاید وہی تھا۔
مگر قسمت کے آگے کس کا زورچلتا ہے۔
کچھ دن وہ شدید ذہنی کوفت میں مبتلا رہا۔
مگر پھر ایک صبح اس نے آئینے میں خود کو دیکھا اور آہستہ سے کہا۔
“زندگی رک نہیں سکتی۔”
اسی دن اس نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھے گا۔
اور شاید یہی فیصلہ اس کی تقدیر بدلنے والا تھا۔یہ رات طفیل کی زندگی کی طویل ترین راتوں میں سے ایک تھی۔ کمرے کی چھت پر لگے پنکھے کی مدھم آواز خاموشی کو مزید گہرا کر رہی تھی۔ باہر کہیں دور کتے بھونک رہے تھے اور کبھی کبھار ہوا کے جھونکے کھڑکی کے پردے کو ہلا دیتے تھے۔
طفیل بستر پر لیٹا چھت کو دیکھتا رہا۔
جاوید کی آواز بار بار اس کے کانوں میں گونج رہی تھی۔
“طاہرہ کی منگنی ہو گئی ہے… خاندان سے باہر”
یہ جملہ جیسے اس کے دل میں کیل کی طرح پیوست ہو گیا تھا۔
وہ اٹھ کر کھڑکی کے پاس جا کھڑا ہوا۔ باہر رات کا اندھیرا پھیلا ہوا تھا ۔ شہر میں زندگی رواں دواں تھی۔
اسے اچانک وہ صبح یاد آ گئی جب طاہرہ اس کے دروازے پر کیمرا مانگنے آئی تھی۔ اس کے چہرے پر وہی معصوم سی مسکراہٹ تھی۔
طفیل کے لبوں پر ایک مدھم سی مسکراہٹ آئی اور پھر فوراً غائب ہو گئی۔
“شاید یہی تقدیر ہے…”
اس نے آہستہ سے خود سے کہا۔
مگر دل کا درد اتنی آسانی سے کہاں جاتا ہے۔
اگلے چند دن اس کے لیے بہت مشکل تھے۔ وہ اکثر خاموش رہتا، کسی سے زیادہ بات نہ کرتا۔ اس کے والدین بھی اس کی کیفیت کو سمجھ رہے تھے مگر وہ کچھ کِہ نہیں سکتے تھے۔
ایک شام جب وہ اپنی اسائنمنٹ بنانے میں محو تھا کہ اس کے والد کی کال آئی۔
انھوں نے خیریت دریافت کی اور کہا یہ ماں سے بات کرو والدہ نے طفیل سے کہا۔“بیٹا! زندگی میں سب کچھ انسان کے اختیار میں نہیں ہوتا۔”
طفیل نے ان کی بات کو تسلیم کیا اور کہا۔
“امی… میں ٹھیک ہوں۔”
مگر وہ ٹھیک نہیں تھا۔
کچھ ہی ہفتوں بعد طاہرہ کی شادی کی خبر پورے گاؤں میں پھیل گئی۔
گلیوں میں اسی کی باتیں ہونے لگیں۔
“لڑکا بھی خاندان سے باہر کا ہے…” کچھ لوگ اس بات کو بہت بیان کر رہے تھے۔وہ جانتے تھے کہ اپنا اپنا ہوتا ہے ۔ وہ لوگ اس بات پر تنقید کر رہے تھے کہ طفیل جیسا بھی تھا اپنا تھا۔
طفیل نے طاہرہ کی شادی میں شرکت نہیں کی۔ وہ شہر میں اپنے ہوسٹل میں ہی رہا۔وہ ذہن سے سب جھٹک دینا چاہ رہا تھا لیکن یہ آسان نہ تھا۔
اس دن وہ اپنے کمرے میں بیٹھا کتاب کھولے رہا مگر ایک لفظ بھی پڑھ نہ سکا۔
طاہرہ کی ڈولی اٹھ گئی اوراسی کے ساتھ اس کی زندگی کا ایک باب بھی خاموشی سے بند ہو گیا۔
مگر شاید زندگی کا اصل امتحان ابھی باقی تھا۔
چند دن بعد اس نے خود کو سنبھال لیا۔
ایک شام اس نے اپنے والد سے کہا،
“ابا!میں اپنی تعلیم جاری رکھنا چاہتا ہوں۔”
والد نے حیرت سے پوچھا،
“کتنی تعلیم کرو گے بیٹا؟”
طفیل نے سنجیدگی سے جواب دیا،
“جب تک دل مطمئن نہ ہو جائے۔”
اس کے بعد اس کی زندگی کا ایک نیا دور شروع ہوا۔
وہ پہلے ہی بی اے مکمل کر کے یونی ورسٹی میں داخلہ لے چکا تھا۔
یونی ورسٹی کی زندگی اس کے لیے بالکل نئی تھی۔ بڑے بڑے لیکچر ہال، لائبریریوں کی خاموشی اور علم کی دنیا میں کھوئے ہوئے طلبہ۔
شروع میں اسے بہت مشکل محسوس ہوئی۔
مگر اس کے اندر ایک عجیب سا عزم پیدا ہو چکا تھا۔
وہ صبح سب سے پہلے لائبریری پہنچ جاتا اور رات گئے تک کتابوں میں ڈوبا رہتا۔
اس کے دوست اکثر حیران ہوتے۔
“یار طفیل! تم اتنی محنت کیوں کرتے ہو؟”
وہ مسکرا کر جواب دیتا،
“بس دل چاہتا ہے۔”
مگر اصل وجہ وہ کبھی کسی کو نہ بتاتا۔
کئی سال اسی طرح گزر گئے۔
اس نے ماسٹرز بہترین نمبروں سے مکمل کیا۔
پھر ایم فل میں داخلہ لے لیا۔
اب اس کی محنت کا رنگ نظر آنے لگا تھا۔
اساتذہ اس کی ذہانت اور سنجیدگی سے متاثر تھے۔
ایک دن اس کے سپروائزر نے اسے اپنے کمرے میں بلایا۔
“طفیل! تم نے اپنی تحقیق بہت اچھے انداز میں مکمل کی ہے۔”
طفیل نے ادب سے سر جھکا لیا۔
“سر، یہ آپ کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔”
سپروائزر مسکرائے۔
“نہیں… یہ تمھاری محنت شاقہ کا نتیجہ ہے۔”
اسی دوران میں ایک اور اہم واقعہ پیش آیا۔
پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کا اعلان ہوا۔
دوستوں نے اسے بھی درخواست دینے کا مشورہ دیا۔
“یار طفیل، تم ضرور کامیاب ہو جاؤ گے۔”
طفیل نے درخواست دے دی۔
امتحان دیا۔
اور چند ماہ بعد نتیجہ آیا۔
وہ کامیاب ہو چکا تھا۔
اس کی ایک اچھے عہدے پر تعیناتی ہو گئی۔ساتھ ہی تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
اس دن اس کے والد کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔
“بیٹا، ہمیں تم پر فخر ہے۔”
طفیل نے خاموشی سے ان کے ہاتھ چوم لیے۔
مگر اس کے دل میں ابھی بھی ایک ادھورا سا احساس باقی تھا۔
ایک رات وہ اپنے کمرے میں بیٹھا تھا جب اس کے ذہن میں اچانک ایک خیال آیا۔
“اگر ایک لفظ ڈاکٹر میری زندگی میں اتنی بڑی تبدیلی لا سکتا ہے… تو کیوں نہ میں بھی ڈاکٹر بن جاؤں؟”
یہ خیال آہستہ آہستہ اس کے ارادے میں بدل گیا۔
چند ہی ماہ بعد اس نے پی ایچ ڈی میں داخلہ لے لیا۔
یہ سفر آسان نہیں تھا۔
تحقیق کے طویل سال، مسلسل محنت اور بے شمار مشکلات۔
مگر طفیل نے ہمت نہیں ہاری۔
وقت گزرتا گیا۔
بالآخر وہ دن بھی آ گیا جب اس کی پی ایچ ڈی مکمل ہو گئی۔
اب لوگ اسے ڈاکٹر طفیل کہنے لگے تھے۔
مگر اس کے دل میں ایک عجیب سا سکون بھی تھا اور ایک خاموش سی اداسی بھی۔
کبھی کبھار اسے ماضی کی یادیں ستانے لگتیں۔
وہی گاؤں کی گلیاں…
وہی صبحیں…
اور وہی کیمرا مانگتی ہوئی طاہرہ۔
مگر اب دونوں کی زندگیاں بالکل مختلف راستوں پر جا چکی تھیں۔
وقت نے ان کے درمیان ایک ایسا فاصلہ پیدا کر دیا تھا جسے کوئی پل عبور نہیں کر سکتا تھا۔
مگر ایک بات ضرور تھی۔
طفیل نے اپنی محبت کو کبھی نفرت میں نہیں بدلا۔
اس کے دل میں آج بھی طاہرہ کے لیے وہی خاموش احترام تھا۔
اور شاید یہی محبت کی اصل خوب صورتی تھی۔
شادی کے بعد طاہرہ کی زندگی بظاہر ایک نئی سمت میں چل پڑی تھی۔ وہ اب ایک بڑے شہر کے کشادہ گھر میں رہتی تھی۔ گھر میں ہر سہولت موجود تھی۔نرم قالین، چمکتے برتن، ایئر کنڈیشنر کی ٹھنڈی ہوااور باہر کھڑی قیمتی گاڑی۔
لیکن دل کے اندر کہیں ایک خاموش خلا رہتا تھا۔
ایک شام وہ گھر کی بالکونی میں کھڑی سورج کو ڈوبتے دیکھ رہی تھی۔ آسمان سرخی مائل ہو رہا تھا۔ اچانک اسے گاؤں کی شامیں یاد آ گئیں۔وہی مٹی کی خوشبو، وہی کھیتوں کی ہوا اور وہی راستہ جس پر کبھی طفیل سائیکل چلاتا ہوا گزرتا تھا۔
اس نے آہستہ سے خود سے کہا:
“کاش…! زندگی بھی اتنی آسان ہوتی جتنی دور سے دکھائی دیتی ہے۔”
اسی وقت اس کا شوہر، سلمان، کمرے سے باہر آیا۔
“طاہرہ، تم یہاں ہو؟ میں کب سے تمھیں ڈھونڈ رہا ہوں۔”
طاہرہ نے فوراً مسکرا کر کہا:
“جی، بس ایسے ہی… ہوا لینے آ گئی تھی۔”۔
ادھر طفیل پینڈولم بنا ہوا تھا۔ ملازمت کے ساتھ ساتھ تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھا
اس کے ذہن کے پردے پر یہ سین ہمیشہ رہتاجب طاہرہ کی والدہ نے رشتے سے انکار کر دیا تھا اور اس کے والدین خالی ہاتھ واپس آئے تھے۔
لیکن اب وہ خالی ہاتھ نہیں تھا۔اس کی زندگی ایک مقصد کے تحت گزر رہی تھی۔ اس کی محنت کارگر ثابت ہوئی اور وہ اپنی ڈاکٹریٹ مکمل کر نے میں کامیاب ہو گیا۔اس نے ایک نام کمایا وہ اپنے گاؤں میں پہلا پی ایچ ڈی ڈاکٹر تھا اور خاندان کا پہلا جس نے کمیشن کا امتحان پاس کیا تھا۔
طاہرہ کبھی کبھی اپنے میکے آتی۔
ایک دن وہ اپنی امی کے ساتھ صحن میں بیٹھی تھی۔
گاؤں کی عورتیں باتیں کر رہی تھیں۔
اچانک کسی نے کہا:
“سنا ہے طفیل اب ڈاکٹر بن گیا ہے۔”
یہ سن کر طاہرہ کا دل ایک لمحے کو رک سا گیا۔
“واقعی؟” اس کی امی نے حیرت سے کہا۔
“ہاں ہر طرف اس کا نام ہو رہا ہے۔”
طاہرہ نے خاموشی سے سر جھکا لیا۔
اس کے دل میں عجیب سی کیفیت تھی۔خوشی بھی اور ایک ہلکا سا درد بھی۔
اس نے آہستہ سے خود سے کہا:
“تم واقعی کامیاب ہو گئے، طفیل…”
لیکن زندگی کی کہانی ابھی ختم نہیں ہوئی تھی۔
تقدیر نے ان دونوں کے لیے ایک اور ملاقات لکھ رکھی تھی۔
ایک ایسی ملاقات…
جو شاید ان کی زندگی کا سب سے خاموش اور سب سے گہرا لمحہ بننے والی تھی۔کئی سال گزر چکے تھے۔
وقت کا دریا خاموشی سے بہتا رہا اور اپنے ساتھ بہت سی یادیں، بہت سے خواب اور بہت سی خواہشیں بہا لے گیا۔
وہی طفیل… جو کبھی گاؤں کے کچے راستوں پر سائیکل چلاتا تھا۔
وہی طفیل… جو کبھی ایک دروازے سے خالی ہاتھ واپس لوٹا تھا۔آج وہ زندگی میں کامیاب تھا۔
اس کے اساتذہ اور دیگر لوگ اس کی تعریف کرتے نہ تھکتے۔
کوئی کہتا:
“ڈاکٹر صاحب! ہمیں آپ پر فخر ہے۔”
کوئی کہتا:
“آپ نے ہمارے گاؤں کا نام روشن کر دیا۔”
طفیل سب سے مسکرا کر ملتا رہا۔
لیکن اس کے دل میں ایک عجیب سا احساس تھا۔
شام کا وقت تھا۔
سورج آہستہ آہستہ پہاڑوں کی اوٹ میں ڈوب رہا تھا۔
طفیل مغرب کی نماز کے لیے مسجد کی طرف جا رہا تھا۔اچانک اس کی نظر ایک عورت پر پڑی وہ دھندلکے میں بھی فورآ پہچان گیا۔
یہ طاہرہ تھی۔

مضمون نگار فرہاد احمد فگار کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع مظفرآباد سے ہے۔اردو زبان و ادب میں پی ایچ ڈی ہیں۔کئی کتب کے مصنف ہیں۔ آپ بہ طور کالم نگار، محقق اور شاعر ادبی حلقوں میں پہچانے جاتے ہیں۔ لسانیات آپ کا خاص میدان ہے۔ آزاد کشمیر کے شعبہ تعلیم میں بہ طور اردو لیکچرر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ کالج میگزین بساط کے ایڈیٹر ہیں اور ایک نجی اسکول کے مجلے کاوش کے اعزازی مدیر بھی ہیں۔ اپنی ادبی سرگرمیوں کے اعتراف میں کئی اعزازات اور ایوارڈز حاصل کر چکے ہیں۔آپ کی تحریر سادہ بامعنی ہوتی ہے۔
اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔