محمد اسلام اعوان (ماسٹر ریٹائرڈ)
ایک شفیق استاد، درویش صفت انسان اور کتاب دوست شخصیت
تحریر: ڈاکٹر شجاع اختر اعوان
محمد اسلام اعوان ولد پیر خان، اعوان خاندان کے معروف موضع بولیانوال سے تعلق رکھتے ہیں۔ آپ یکم فروری 1951ء کو پیدا ہوئے۔ آپ میرے والد محترم ملک بہارم خان مرحوم کے چچازاد بھائی اور عمر میں ان سے بڑے ہیں۔ اس طرح آپ کا ہمارے خاندان سے قریبی اور دیرینہ تعلق ہے۔ میں بچپن اور لڑکپن سے آپ کو دیکھتا آ رہا ہوں۔ آپ کی سادہ طبیعت، عاجزی، خوش مزاجی، مہمان نوازی اور دینی وابستگی ہمیشہ سے آپ کی شخصیت کے نمایاں اوصاف رہے ہیں۔
آپ نے ابتدائی تعلیم اپنے گاؤں بولیانوال اور گردونواح میں حاصل کی۔ آپ کے اساتذہ میں ماسٹر دلاور صاحب (سقہ آباد)، ملک لال خان صاحب (بولیانوال)، ماسٹر شیر الرحمان صاحب اور ملک منصب دار صاحب (سابق ماہرِ تعلیم و نمبردار بولیانوال) شامل تھے۔ ان اساتذہ کی تربیت نے آپ کی شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا۔ 1969ء میں گورنمنٹ سکول جبی، تحصیل فتح جنگ سے مڈل کا امتحان پاس کیا۔ حصولِ تعلیم کے لیے روزانہ کئی کلومیٹر پیدل سفر کرنا پڑتا تھا، مگر تعلیم سے لگن نے کبھی حوصلہ پست نہ ہونے دیا۔ بعد ازاں لاہور بورڈ سے پرائیویٹ حیثیت میں میٹرک کیا اور 1970ء میں گورنمنٹ نارمل سکول لالہ موسیٰ، ضلع گجرات سے پرائمری ٹیچنگ کورس (PTC) مکمل کیا۔ دورانِ تعلیم آپ ایک متحرک طالب علم رہنما کے طور پر بھی پہچانے جاتے تھے۔
24 نومبر 1970ء کو آپ نے بطور استاد عملی زندگی کا آغاز کیا۔ مختلف سرکاری تعلیمی اداروں میں خدمات انجام دینے کے بعد 1980ء میں پرائمری سکول پیراکوٹ میں تعینات ہوئے۔ آپ نے تدریس کو محض ملازمت نہیں بلکہ ایک مقدس ذمہ داری سمجھا اور بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت اور کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی۔ آپ کا شاگردوں کے ساتھ رویہ ہمیشہ شفقت اور محبت پر مبنی رہا۔ یہی وجہ ہے کہ آج آپ کے متعدد شاگرد مختلف سرکاری و نجی اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اپنے استاد کو عزت و احترام سے یاد کرتے ہیں۔ تقریباً پچیس سالہ تدریسی خدمات کے بعد 1995ء میں ریٹائر ہوئے، تاہم علم و ادب اور سماجی تعلقات سے وابستگی برقرار رہی۔
1976ء میں آپ کی شادی شیر علی خان آف پیراکوٹ کے خاندان میں ہوئی۔ آپ نے اپنی گھریلو زندگی سادگی، محبت، رواداری اور خاندانی اقدار کے احترام کے ساتھ گزاری۔ رشتوں کو نبھانا اور عزیز و اقارب سے تعلق قائم رکھنا آپ کی طبیعت کا خاص وصف ہے۔
مطالعے سے آپ کی محبت بھی قابلِ ذکر ہے۔ ڈائجسٹ، تاریخی کتب اور ادبی تحریریں آپ کے پسندیدہ موضوعات رہے ہیں، جبکہ معروف ناول نگار نسیم حجازی کے تاریخی ناولوں سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ اخبارات کا مطالعہ، حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا اور ریڈیو و ٹیلی ویژن پر خبریں اور کھیلوں کے پروگرام سننا بھی آپ کے معمولات میں شامل رہا ہے۔ عمر کے اس حصے میں بھی کتاب اور اخبار سے آپ کی وابستگی قائم ہے۔
آپ خوش مزاج، زندہ دل اور محفل پسند انسان ہیں۔ دوستوں کے ساتھ خوش گپیاں، قہقہے اور روایتی کھیل آپ کے پسندیدہ مشاغل رہے ہیں۔ کرکٹ، ہاکی، والی بال، تاش اور لڈو سے دلچسپی کے علاوہ شکار کا شوق بھی رکھتے تھے اور بارہ بور رائفل کے ساتھ شکار پر جایا کرتے تھے۔ آپ کے قریبی دوستوں میں سید پرویز شاہ (فارسٹ آفیسر ریٹائرڈ)، ماسٹر احمد خان اور دیگر مخلص احباب شامل رہے ہیں۔ ملازمت کے دوران گرمیوں کی تعطیلات میں اکثر کراچی جاتے اور اپنے بھائی، معروف کاروباری شخصیت حاجی محمود صاحب، کے ہاں قیام کرتے تھے۔
دینی وابستگی آپ کی زندگی کا اہم حصہ رہی ہے۔ گاؤں میں آنے والی ابتدائی تبلیغی جماعتوں کی رہنمائی، ان کے ساتھ گاؤں اور گردونواح میں گشت اور مہمان نوازی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے ہیں۔ نماز، روزے اور تسبیحات کی پابندی آپ کا معمول ہے۔ ہاتھ میں تسبیح، سر پر جالی دار ٹوپی اور چہرے پر متانت لیے آپ کی سادہ اور درویشانہ وضع قطع آپ کی دینی طبیعت کی عکاسی کرتی ہے۔
خدمتِ خلق اور بچوں سے محبت بھی آپ کی شخصیت کا نمایاں پہلو ہے۔ محلے اور گاؤں کے بچوں سے شفقت، ان کی حوصلہ افزائی اور انہیں چھوٹے چھوٹے تحائف دینا آپ کا معمول رہا ہے۔ مہمانوں کی عزت، دوستوں سے خلوص اور ہر شخص سے خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آنا آپ کی فطرت میں شامل ہے۔ آپ نے زندگی بھر نمود و نمائش سے دور رہ کر محبت، عاجزی اور اپنائیت کو اپنا شعار بنائے رکھا۔
محمد اسلام اعوان صاحب کی زندگی محنت، علم دوستی، سادگی اور خدمت کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ محدود وسائل میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے طویل پیدل سفر کرنا، تدریسی شعبے سے وابستہ ہو کر نئی نسل کی تربیت کرنا اور پھر بھی زندگی بھر اپنے اخلاق و کردار کو مقدم رکھنا آپ کی شخصیت کی اصل پہچان ہے۔ آپ نے شاگردوں کو علم، دوستوں کو محبت، مہمانوں کو عزت اور بچوں کو شفقت دی۔ بلاشبہ آپ ایک شفیق استاد، مخلص دوست، کتاب دوست انسان اور درویش صفت شخصیت کے مالک ہیں۔ ایسے لوگ معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں جن کی زندگی آنے والی نسلوں کے لیے قابلِ تقلید مثال بن سکتی ہے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ محمد اسلام اعوان صاحب کو صحت و تندرستی، عزت، خوشیوں اور عافیت والی زندگی عطا فرمائے، ان کے اہلِ خانہ کو خوش و خرم رکھے اور ان کی تدریسی، دینی اور سماجی خدمات کو ان کے لیے صدقۂ جاریہ بنائے۔ آمین یا رب العالمین۔

صحافی، کالم نگار، مصنف
اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔