ولیم سسٹرز: باپ کے جاگتے کا سچا خواب
ولیم سسٹرز: باپ کے جاگتے کا سچا خواب
ایک امریکی رچرڈ نامی سیاہ فام نے اپنے ایک طاقتور خواب کے بل بوتے پر ٹینس کی دو "ورلڈ چیمپئن” بیٹیوں کو جنم دیا۔ اس نے یہ خواب سنہ 1980 عیسوی میں تب دیکھا تھا جب وہ غربت میں پس رہا تھا اور بے روزگار تھا۔ ایک دن مایوسی کے عالم میں وہ ٹیلی ویژن کے سامنے بیٹھا تھا جب اس نے کیا دیکھا کہ رومانیہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کھلاڑی ٹینس ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد 40 ہزار ڈالر کا چیک وصول کر رہی تھی۔ یہی وہ منظر تھا جب رچرڈ میں ایسی ذہنی کیفیت پیدا ہوئی کہ وہ اگلے پانچ سال تک اس ذہنی کیفیت سے باہر نہ آ سکا اور وہ مشہور امریکی ٹینس کورٹس کے چکر لگاتا رہا۔ تب تک اس کی یہ دونوں ورلڈ چیمپئن بیٹیاں پیدا بھی نہیں ہوئی تھیں۔
یہ چند ایک سالوں کا جاگتے کا خواب دیکھنے والا رچرڈ مسلسل اسی زہنی گرفت میں تھا کہ وقفے وقفے سے اس کے ہاں دو بیٹیاں پیدا ہوئیں اور اس نے فیصلہ کیا کہ وہ ان دونوں کو ٹینس کھیلنا سکھائے گا۔ وہ خود ٹینس کا کھلاڑی نہیں تھا۔ ایک دن اس نے دوبارہ ٹیلی ویژن آن کیا تو ایک اور ٹینس میچ لگا ہوا تھا۔ اس نے ٹیلی ویژن بند کیا اور کم و بیش سو صفحات پر مشتمل ایک دستاویز لکھ ڈالی۔ اس میں رچرڈ نے اپنی دو جوان بیٹیوں کے اپنے آبائی شہر کیلیفورنیا، کمپٹن سے فرار ہونے کے منصوبے کا خاکہ پیش کیا تھا۔ اس کا رہائشی علاقہ بدنام زمانہ سیاہ فام گینگسٹرز کے تشدد کے لئے مشہور تھا، اور اس علاقے سے کسی خاندان کا ہجرت کرنا یا فرار ہونے کی کوشش کرنا انتہائی دشوار اور خطرناک کام تھا۔ اب اس کے لیئے ایک مسئلہ یہ بھی تھا کہ رچرڈ ٹینس کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتا تھا، اس کے پاس اپنی بیٹیوں کو اس مہنگے کھیل کی ٹریننگ کی ادائیگی کرنے کے لئے پیسے نہیں تھے۔ لیکن رچڑڈ نے ہمت نہیں ہاری اور وہ آنے والے کئی سالوں تک ٹینس کے متعلق میگزین اور ویڈیوز وغیرہ جمع کرتا رہا۔ اس خواب کی تکمیل کے لیئے اس نے خود بھی گزارے لائق ٹینس کھیلنا سیکھ لی.
جونہی رچرڈ کی دونوں بیٹیاں تھوڑی بڑی ہوئیں اس نے اپنے پلان کے مطابق، اپنی دونوں بیٹیوں کے ہاتھ میں ٹینس کا ریکٹ، وہی رسالے، وڈیوز اور ان سے جو کچھ اس نے سیکھا تھا اپنی دونوں بیٹیوں کو تھما دیا۔ اب وہ ان کم سن بچیوں کا باپ بھی تھا اور کوچ بھی، اس نے انہیں ٹینس کا کھیل سکھانا شروع کر دیا۔رچرڈ غریب تھا اس کے پاس اتنی رقم نہیں تھی کہ وہ کھیلنے کی بنیادی اشیا کو خرید سکے۔ رچرڈ مقامی کنٹری کلبوں میں جاتا اور وہاں سے وہ استعمال شدہ ٹینس گیندوں کو ڈبوں اور شاپروں میں بھر کر اپنے گھر لے آتا، تاکہ اس کی بیٹیاں ان استعمال شدہ گیندوں کے ساتھ پریکٹس کر سکیں۔
چونکہ رچرڈ کی بیٹیوں کو ٹینس کھیلنے کے لیئے پھٹے پرانے گیند ملتے تھے اور وہ ان گیندوں کو بڑی احتیاط سے کھیلتی تھیں کہ گیند کہیں پھٹ نہ جائیں۔ یہیں سے ان دونوں نے اپنے باپ کے سوا بغیر کسی استاد کے "ڈراپ شارٹس” کھیلنا سیکھے۔ وہ کہتے ہیں نہ کہ "ضرورت ایجاد کی ماں ہے” یہ دونوں بہنیں ٹینس کھیلتے کھیلتے ماہر کھلاڑی بن گئیں۔
ایک محاورہ یہ بھی ہے کہ، ” خواب سچے ہوں تو ضرور پورے ہوتے ہیں۔”
رچرڈ اپنی بیٹیوں کی حفاظت کرنے والا ایک مضبوط جسم کا مالک باپ تھا۔ مقامی غنڈے اس کی بیٹیوں کو ہراساں کرتے تھے۔ ٹینس کی تربیت کے دوران اسے کئی بار گینگ کے اوباشوں نے مارا پیٹا مگر وہ ان کے خلاف چٹان بن کر ڈٹا رہا۔ ایک موقع پر جب اس نے بیٹیوں سمیت پریکٹس کورٹ چھوڑنے سے انکار کر دیا تو انہوں نے اس کی ناک، جبڑے اور انگلیاں توڑ دیں اور اس کے کچھ دانتوں کو بھی مکے مار کر نکال دیا۔ ایک دن رچرڈ نے اپنی ڈائری میں لکھا کہ، "آج کے بعد تاریخ دانتوں کے بغیر ایک شخص کی ہمت کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔”
چونکہ اس وقت ٹینس بنیادی طور پر سفید فام کھیل تھا، اس لئے لوگ اس وقت اس سیاہ فام خاندان کو سرعام گھورتے اور آوازیں کستے تھے۔ جب رچرڈ اور اس کی بیٹیاں جونیئر ٹورنامنٹس مقابلوں کے لئے مختلف ٹینس کورٹس کا سفر کرتیں تو انہیں بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔ ایک دن بیٹیوں نے باپ سے پوچھا، "ڈیڈی، لوگ ہمیں اس بری طرح کیوں گھورتے ہیں؟” اس پر رچرڈ نے جواب دیا، "کیونکہ اس سے قبل وہ اتنے خوبصورت لوگوں کو دیکھنے کے عادی نہیں تھے۔”
وقت کا پہیہ تیزی سے گھومتا رہا اور سنہ 2000ء آن پہنچا، جب ایک دبلی پتلی مگر دراز قد سیاہ فام لڑکی "ومبلڈن ٹورنامنٹ” کا فائنل کھیلنے کے سفر پر رواں دواں تھی۔ تب وہ لمحہ بھی آیا جب رچرڈ اپنی آبائی بستی سے ہزاروں میل دور، اپنی بڑی بیٹی کو لندن کی اشرافیہ، مشہور شخصیات اور شاہی خاندان کے سامنے گھاس کے میدان میں، اسی پرانے ٹیلی ویژن پر بجلی کی سی سرعت سے کھیلتے دیکھ رہا تھا۔
یہ وہ وقت تھا جب کسی نے بھی ٹینس کے کسی کھلاڑی کو اس قدر طاقتور سروس اور تیز فٹ ورک کے ساتھ نہیں دیکھا تھا، اور نہ ہی انہوں نے کبھی شاٹس کی اتنی اونچی آوازیں سنی تھیں، جیسے ہر گیند کو پیٹا جا رہا ہو اور ہر ضرب پر گیند درد سے کراہ رہی ہو، اور نہ ہی کسی تماشائی نے اتنی خوبصورت اور ماہرانہ ڈراپ شارٹس دیکھی تھیں، جو اس نے اپنے باپ کی غربت میں سیکھی تھیں۔
اسی دوران جب وہ لڑکی ایسے مرحلے پر پہنچی جہاں ڈر کے آگے جیت تھی، تو اس نے اسٹینڈ میں کھڑے اپنے باپ کی طرف دیکھا جو فائنل جیتنے کے لیئے چلا چلا کر اس کی حوصلہ افزائی کر رہا تھا۔ رچرڈ ہمیشہ اپنی بیٹیوں کو کہتا آ رہا تھا کہ، "ایک دن ہم ومبلڈن جیتنے والے ہیں۔” اب رچرڈ کا یہ 20 سال طویل خواب تاریخ کے نازک موڑ پر پہنچ چکا تھا۔ اس دوران جیسے ہی حریف کی گیند نیٹ سے ٹکرائی، کیمروں نے آنسوؤں سے تر چہرے والے رچرڈ کو دیوانہ وار رقص کرتے دیکھا، جب اس نے اپنی مشہور زمانہ بیٹی "وینس ولیمز” کو اپنے سات گرینڈ سلام ٹائٹلز میں سے پہلا ٹائٹل جیتتے دیکھا۔ یہ عظیم الشان جیت ان تھک قدموں کی کامیابی کے پہلے زینے کا پہلا بوسہ تھا۔ اس کے بعد اگلے کئی برسوں میں، رچرڈ نے اپنی سب سے چھوٹی بیٹی سرینا کو بھی 23 بڑے ٹورنامنٹ جیتتے اور ٹینس میں اب تک کی سب سے عظیم ترین کھلاڑی قرار بنتے ہوئے دیکھا۔
یہ ایک تاریخ ہے کہ ٹینس کورٹ پر اپنی تمام تر کامیابیوں کے باوجود وینس اور سرینا نے کورٹ کے باہر جو کچھ برداشت کیا وہ ان کے سفر کی کہانی کا سب سے متاثر کن باب ہے۔ تماشائیوں کی طرف سے، جنہیں ان کی جسمانی ساخت کی وجہ سے "ولیمز برادرز” کا لقب دیا گیا تھا، سے لے کر سرینا کی مخلوط نسل کی بیٹی کو "چاکلیٹی دودھ” کہنے والے میڈیا میں حالیہ تبصروں تک، دونوں بہنوں کی لچکدار اور مہربان شخصیت نے نسل پرستی اور متعصب رویوں کے خلاف کھڑے ہونے میں بھرپور مدد کی۔ ان کے باپ کا کہنا تھا کہ ٹینس کورٹ کے باہر جو ہتک ہم برداشت کرتے رہے ہیں اس سے بدلہ لینے کا بہترین طریقہ ٹینس کورٹ کے اندر اپنے ریکٹ سے بھرپور جواب دینا ہے، ان دو بہنوں کی اس متاثر کن جدوجہد نے دنیا بھر کے سیاہ فام لوگوں اور کھلاڑیوں کو متاثر کیا.
یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ ایک تنہا شخص جس کا دنیا میں خدا کے سوا کوئی نہ ہو، وہ شخص جب تن تنہا کسی مقصد کو پانے کے لئے جاگتے کا خواب دیکھے اور پھر مصمم ارادے کے ساتھ اسے حاصل کرنے کے لیئے ڈٹ جائے تو پوری کائنات یہ خواب پورا کرنے کے لیئے اس کے ساتھ کھڑی ہو جاتی ہے، جس میں پھر خدا کی مشیت بھی شامل ہو جاتی ہے، اور جو ناممکن کو بھی ممکن بنا دیتی ہے۔ آپ کو بس اپنے مقصد اور اسے حاصل کرنے کے لیئے اپنے راستے کا انتخاب کرنا ہوتا ہے، پھر اپنے عزم کو مضبوط رکھا جائے، جدوجہد جاری رکھی جائے اور خدا پر بھروسہ بھی رکھا جائے تو ایک دن کامیابی آپ کے قدم چومتی ہے۔
کامیابی ایک مخفی راز ہے جو اسی کو ملتی ہے جس کی نیت صاف ہو، جدوجہد اور حوصلہ کامل ہو، پھر انسان ہر کٹھن گھاٹی کو عبور کر لیتا ہے چاہے وہ کتنی ہی گہری اور مشکل کیوں نہ ہو۔

میں نے اردو زبان میں ایف سی کالج سے ماسٹر کیا، پاکستان میں 90 کی دہائی تک روزنامہ "خبریں: اور "نوائے وقت” میں فری لانس کالم لکھتا رہا۔ 1998 میں جب انگلینڈ گیا تو روزنامہ "اوصاف” میں سب ایڈیٹر تھا۔
روزنامہ "جنگ”، لندن ایڈیشن میں بھی لکھتا رہا، میری انگریزی زبان میں لندن سے موٹیویشنل اور فلاسفیکل مضامین کی ایک کتاب شائع ہوئی جس کی ہاؤس آف پارلیمنٹ، لندن میں 2001 میں افتتاحی تقریب ہوئی جس کی صدارت ایم پی چوہدری محمد سرور نے کی اور مہمان خصوصی پاکستان کی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی تھی۔
اس ویب سائٹ پر شائع ہونے والی تحریروں میں بیان کردہ خیالات متعلقہ لکھاریوں کے اپنے ہیں۔ ضروری نہیں کہ iAttock.com کے مدیر یا انتظامیہ ان سے اتفاق کرتے ہوں۔